کفایت شعاری مہم کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں اضافہ
ملک میں کفایت شعاری مہم کے دعوؤں کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس نے حکومتی پالیسیوں اور زمینی حقائق کے درمیان واضح تضاد کو اجاگر کر دیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کی فروخت گزشتہ ماہ مارچ میں 13 فیصد تک بڑھ گئی، جس کے بعد مجموعی فروخت 1.44 ملین ٹن تک جا پہنچی۔
اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ سالانہ بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران او ایم سیز کی مجموعی فروخت 12.40 ملین ٹن رہی۔
رپورٹ کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی سیلز میں سالانہ بنیاد پر 5 فیصد اضافہ بھی سامنے آیا ہے۔ پیٹرول کی فروخت 0.67 ملین ٹن رہی، جو 16 فیصد سالانہ اضافے کو ظاہر کرتی ہے، جبکہ ڈیزل کی فروخت 0.62 ملین ٹن تک پہنچ گئی، جس میں 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مزید برآں فرنس آئل کی فروخت میں ماہانہ بنیاد پر غیر معمولی طور پر 98 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ کمپنیوں کے لحاظ سے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی سیلز 0.63 ملین ٹن جبکہ اٹک پیٹرولیم کی فروخت 0.11 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی۔
