ایران میں پاکستانیوں جیسا جذبہ، عوام نے گولیوں سے ہیلی کاپٹر تباہ کردیا
ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ میں ایک ایسا انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے جس نے ماہرین اور عام عوام دونوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
امریکی نیوز چینل ’این بی سی‘ نے ایک ایسی ویڈیو کی تصدیق کی ہے جس میں عام لباس میں ملبوس مسلح ایرانی شہریوں کو امریکا کے جدید ترین ہیلی کاپٹروں پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ ہیلی کاپٹر اس وقت ایران کے جنوب مغربی علاقے میں گرنے والے ایف-15 جنگی طیارے کے پائلٹوں کو تلاش کرنے کے لیے امدادی کارروائی میں مصروف تھے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سفید شرٹ اور سیاہ پینٹ پہنے تین افراد ایک گاڑی سے نکلتے ہیں اور کھیتوں کے قریب سے گزرنے والے ہیلی کاپٹروں پر خودکار رائفلوں سے اندھا دھند گولیاں چلا دیتے ہیں۔
ویڈیو بنانے والا شخص جو کہ اس منظر کو کیمرے میں محفوظ کر رہا تھا، مسلسل جوش و خروش سے آوازیں بلند کرتا رہا۔
اس نے ویڈیو کے دوران پکار کر کہا: ”یہ امریکی ہیلی کاپٹر ہیں، مارو مارو، شاباش مارو“۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی پہلا ہیلی کاپٹر گزرتا ہے، یہ افراد دوسرے ہیلی کاپٹر کا رخ کرتے ہیں اور اس پر بھی گولیاں برسانا شروع کر دیتے ہیں۔
اس کے علاوہ بھی متعدد ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں امریکی ہیلی کاپٹروں پر گولیاں برساتے ایرانی شہریوں کو دیکھا گیا ہے۔
یہ مناظر انتہائی حیرت انگیز ہیں کیونکہ جدید جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کو عام طور پر صرف بھاری دفاعی نظام سے ہی نشانہ بنایا جاتا ہے، لیکن یہاں عام شہریوں نے نجی ہتھیاروں سے ان کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس طرح کے جذبات اور مناظر گزشتہ سال مئی 2025 میں پاک بھارت جنگ کے دوران بھی دیکھنے میں آئے تھے۔
اس وقت بھی سوشل میڈیا پر ایسی کئی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جن میں عام پاکستانی شہریوں کو اپنی فوج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر نجی ہتھیاروں کے ذریعے بھارتی ڈرونز کا شکار کرتے دیکھا گیا تھا۔
اگر بھارتی ڈرون بھی پاکستانی عوام نے ہی گرانے ہیں تو سوال پوچھنا بنتا ھے کہ ہم نے فوج نام کا سفید ہاتھی کیوں پالا ہوا ھے؟
— Parizad 🇧🇻🇵🇰🇳🇴 (@Parizad__Oslo) May 9, 2025
سالانہ ساڑھے چار ہزار ارب روپے دفاع کے نام پر کدھر خرچ کیئے جاتے ہیں؟ مشرقی پاکستان، کشمیر، کارگل اب تک کس خطے کا دفاع کر پائے ہو؟ pic.twitter.com/m6gcQqAT22
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جب کسی ملک کے عوام میں اس طرح کا جذبہ پیدا ہو جائے تو وہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس دشمن کے لیے بھی بڑا خطرہ بن سکتے ہیں۔
ایران میں پیش آنے والا یہ حالیہ واقعہ بھی اسی عوامی مزاحمت کی ایک نئی کڑی ثابت ہوا ہے جہاں شہریوں نے بغیر کسی خوف کے سپر پاور کے ہیلی کاپٹروں کا سامنا کیا۔