’مستقبل میں آبنائے ہرمز بند نہ کرنے کا وعدہ نہیں کیا‘: ایران نے ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کر دیا
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کیا کہ ایران نے مستقبل میں آبنائے ہرمز کو کبھی بند نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے ٹرمپ کے بیانات کو ’بے بنیاد‘ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے جنگ بندی کے عرصے میں آبنائے ہرمز کھولنے کے بیان کے بعد صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیانات جاری کیے تھے۔
ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے اس بات پر اتفاق کیا ہے وہ مستقبل میں آبنائے ہرمز کبھی بند نہیں کرے گا۔
اس بیان کے کچھ ہی دیر بعد ایرانی صدر کے ترجمان سید محمد مہدی طباطبائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بیان جاری کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کے ایک حصے کو مشروط اور محدود پیمانے پر کھولنا خالصتاً ’ایرانی اقدام‘ ہے، جس کا مقصد مخالف فریق کے وعدوں کو آزمانا ہے۔
مہدی طباطبائی نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ اعلانات کا مقصد ایرانی قوم سے ان عظیم کامیابیوں کا فخر چھیننا ہے جو انہوں نے اپنے ملک کے غیر متزلزل اور مضبوط دفاع کے ذریعے حاصل کی ہیں۔
ایرانی صدر کے ترجمان نے سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا نے اپنے وعدوں سے روگردانی کی تو انہیں اس کے انتہائی سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔