ہوشیار! مچھر مارنے والاریکٹ آپ کے قیمتی اسمارٹ ٹی وی کا دشمن

اسمارٹ ٹی وی مہنگے ہوتے ہیں، ان کی صحیح دیکھ بھال اور حفاظت انتہائی ضروری ہے.
اپ ڈیٹ 14 مئ 2026 10:21am

اگر آپ کے گھر میں اسمارٹ ٹی وی موجود ہے تو آپ مچھروں سے بچنے کے لیے الیکٹرک ریکٹ کے استعمال میں محتاط رہیں۔

ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی ایل جی نے اپنے صارفین کو باقاعدہ خبردار کیا ہے کہ ٹی وی کے قریب مچھر مارنے والے بیٹ کا استعمال اسمارٹ ٹی وی کو ہمیشہ کے لیے ناکارہ بنا سکتا ہے۔ یہ معمولی سی نظر آنے والی غلطی آپ کے ہزاروں روپے کا نقصان کر سکتی ہے۔

ہندوستان ڈاٹ کام کے مطابق ایل جی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اسمارٹ ٹی وی خاص طور پر ایل ای ڈی اور او ایل ای ڈی ماڈلز کے قریب ہائی وولٹیج مچھر مار ریکٹ یا بگ زیپر کا استعمال ٹی وی کے اندرونی حصوں کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ جب یہ ریکٹ مچھر کو مارتا ہے تو اس سے نکلنے والا ہائی وولٹیج اسپارک اور برقی مقناطیسی لہریں ٹی وی کے مدر بورڈ، ڈسپلے پینل اور دیگر نازک برقی پرزوں کو متاثر کرتی ہیں۔ جس سے ٹی وی مکمل طور پر خراب ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

کمپنی نے اپنے مینوئل میں واضح طور پر لکھا ہے کہ ٹی وی کے گرد ہائی وولٹیج مچھر مار ریکٹ یا بگ زیپر کا استعمال مصنوعات میں خرابی پیدا کر سکتا ہے جس سے پورا ٹی وی کام کرنا چھوڑ سکتا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس ریکٹ سے پیدا ہونے والے اسپارک سے سب سے زیادہ خطرہ ڈسپلے پینل اور مدر بورڈ کو ہوتا ہے۔ اگر ٹی وی کا پینل خراب ہو جائے تو اسکرین پر لکیریں نمودار ہونا، اسکرین کا کالا ہو جانا یا تصویر کا جم جانا جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ ٹی کان بورڈ اور چپ آن فلم سرکٹ جیسے اہم حصے بھی متاثر ہوتے ہیں جن کا کام اسکرین پر تصویر دکھانا ہوتا ہے۔ بعض اوقات ٹی وی اچانک بند ہو جاتا ہے یا بار بار خود بخود ری اسٹارٹ ہونے لگتا ہے۔ ان حصوں کی مرمت یا تبدیلی پر آنے والا خرچ اتنا زیادہ ہوتا ہے کہ بعض اوقات نیا ٹی وی خریدنا ہی واحد حل رہ جاتا ہے۔

ٹی وی کو محفوظ رکھنے کے لیے صرف مچھر مار بیٹ سے بچنا ہی کافی نہیں ہے۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ ٹی وی کے قریب ہیئر ڈرائر، انڈکشن چولہے، بھاری اسپیکرز یا زیادہ حرارت پیدا کرنے والے الیکٹرانک آلات بھی نہیں رکھنے چاہئیں۔

اس کے علاوہ اسکرین کی صفائی کے لیے گیلے کپڑے یا کیمیکل کلینرز کا استعمال اسکرین کو مستقل نقصان پہنچا سکتا ہے۔

ایل جی کے مطابق صارفین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے اسمارٹ ٹی وی کی حفاظت کے لیے اسے ایسی جگہ رکھیں جہاں ہوا کا گزر بہتر ہو تاکہ زیادہ گرمی نہ بنے۔ بجلی کے اتار چڑھاؤ سے بچنے کے لیے سرج پروٹیکٹر کا استعمال کریں اور اسکرین صاف کرنے کے لیے صرف مائیکرو فائبر کپڑا استعمال کریں۔

اگر ٹی وی طویل عرصے تک استعمال نہ کرنا ہو تو اسے مکمل طور پر بند کر دینا بہتر ہے۔ مچھروں کو بھگانے کے لیے اسکرین کے قریب ریکٹ چلانا ایک عام عادت بن چکی ہے لیکن یہ جدید ٹیکنالوجی کے لیے زہر ثابت ہو سکتی ہے۔

اسمارٹ ٹی وی مہنگے ہوتے ہیں، اس لیے ان کی صحیح دیکھ بھال اور حفاظت انتہائی ضروری ہے تاکہ لمبے عرصے تک بہترین کارکردگی برقرار رہے۔

Read Comments