دو دن کے دوران سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

عالمی مارکیٹ میں 6 ڈالرکی کمی سے فی اونس سونا 4539 ڈالر پر آگیا
شائع 16 مئ 2026 03:17pm

ملک بھر میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں نرخ نیچے آنے کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونا مزید 600 روپے سستا ہوگیا، جبکہ چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 600 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 76 ہزار 262 روپے ہوگئی۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 515 روپے کم ہوکر 4 لاکھ 8 ہزار 317 روپے پر آگئی ہے۔

دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 6 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 539 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

عالمی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس چاندی 1 ڈالر 59 سینٹ سستی ہوکر 75 ڈالر 89 سینٹ پر آگئی۔

مقامی صرافہ بازاروں میں اس کے اثرات کے بعد فی تولہ چاندی کی قیمت 159 روپے کمی سے 8 ہزار 73 روپے ہوگئی، جبکہ 10 گرام چاندی 136 روپے سستی ہوکر 6 ہزار 921 روپے پر آگئی۔

ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی، خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی بڑھنے کے خدشات اور شرح سود بلند سطح پر برقرار رہنے کے امکانات نے عالمی مالیاتی منڈیوں کو متاثر کیا ہے، جس کے باعث سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔

رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری غیر یقینی صورتحال اور عالمی مہنگائی کے خدشات کے باعث سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں، جس سے قیمتی دھاتوں کی مارکیٹ دباؤ کا شکار ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں بڑی کمی دیکھی گئی تھی، جب فی تولہ سونا 15 ہزار 500 روپے سستا ہوگیا تھا۔

Read Comments