صحافیوں کو کوکین کوئین پنکی کی کوریج سے روک دیا گیا
کراچی میں ملزمہ انمول عرف پنکی کی مختلف مقدمات میں ریمانڈ کے حصول کے لیے پیشی کے معاملے پر جوڈیشل کمپلیکس میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے اور میڈیا کو کوریج سے روک دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تفتیشی افسران نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت سے اجازت طلب کی کہ ملزمہ انمول عرف پنکی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کیا جائے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کو چار مختلف مقدمات میں ریمانڈ کے حصول کے لیے عدالت میں پیش کرنا تھا، تاہم سٹی کورٹ میں پیشی کے دوران ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے باعث استدعا کی گئی کہ کارروائی جوڈیشل کمپلیکس میں ہی مکمل کی جائے۔
عدالتی سطح پر اجازت کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ کو کمپلیکس میں طلب کیا گیا، جبکہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے سخت انتظامات کیے گئے اور داخلی و خارجی راستوں پر کنٹرول سخت کر دیا گیا۔
دوسری جانب جوڈیشل کمپلیکس میں صحافیوں کا داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔
سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے واضح ہدایت جاری کی گئی کہ کوئی بھی صحافی کمپلیکس کے اندر داخل نہ ہو سکے۔ اس موقع پر میڈیا نمائندوں کو کوریج سے روکنے کی کوششیں بھی کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بھی صحافیوں کو جوڈیشل کمپلیکس سے باہر نکال دیا گیا تھا۔ اس سے قبل ملزمہ پنکی کی پیشی کے دوران مبینہ طور پر دی جانے والی سہولیات اور مراعات کی کوریج کے بعد بعض مقتدر حلقوں نے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔
