سلہٹ ٹیسٹ: قومی ٹیم کو عبرتناک شکست، بنگلہ دیش نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا

محمد رضوان 94رنز بناکر آؤٹ، پاکستانی ٹیم 358 رنز پر ڈھیر
اپ ڈیٹ 20 مئ 2026 11:15am

بنگلہ دیشی سرزمین پر پاکستانی ٹیم کی بدترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا، جہاں بنگلہ دیش نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں بھی شاہینوں کو 78 رنز سے شکست دے کر پہلی بار دو صفر سے ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا۔ 437 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم آخری روز 358 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جبکہ محمد رضوان کی شاندار 94 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

سلہٹ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے آخری روز پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی، تاہم وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

سلہٹ ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان کو جیت کے لیے مزید 121 رنز درکار تھے جبکہ ہاتھ میں چند وکٹیں باقی تھیں۔ ایک موقع پر ایسا محسوس ہوا کہ محمد رضوان اور ساجد خان مزاحمت کرکے میچ کو دلچسپ بنا دیں گے، لیکن جیسے ہی ایک وکٹ گری، پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 94 رنز بنائے اور آخری دم تک ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی، تاہم وہ سنچری مکمل کیے بغیر آؤٹ ہوگئے۔

ساجد خان نے بھی 28 رنز کی اننگز کھیل کر کچھ مزاحمت دکھائی، لیکن باقی بیٹرز بنگلادیشی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئے۔

بنگلہ دیش کے اسپنر تائیجل اسلام نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 6 پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ کا پانسہ مکمل طور پر میزبان ٹیم کے حق میں کردیا۔

پاکستانی بالنگ بھی سیریز بھر میں متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکی جبکہ بیٹنگ لائن دباؤ میں مسلسل ناکام رہی۔ بنگلہ دیش نے دونوں شعبوں میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کردیا۔

میچ جیتنے کے بعد بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے تاریخی کامیابی کا بھرپور جشن منایا۔ ڈاس میچ کے بہترین کھلاڑی جبکہ مشفق سیریز کے بہترین پلیئر قرار پائے، جبکہ کپتان نجم الحسین نے فاتح ٹرافی اٹھائی۔

یہ شان مسعود کی قیادت میں پاکستان ٹیم کی 12ویں شکست ہے، جبکہ بنگلہ دیش نے اپنی سرزمین پر پاکستان کے خلاف ایک اور تاریخی کامیابی سمیٹ لی۔

Read Comments