سڑک پر منچلے کو عبرتناک سبق، بہادر لڑکی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

مختلف ریاستوں میں خواتین کے تحفظ کے حوالے سے شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
شائع 22 مئ 2026 09:48am

شملہ میں ایک نوجوان لڑکی نے دن دیہاڑے پیچھا کرنے اور چھیڑ چھاڑ کرنے والے موٹر سائیکل سوار نوجوان کی تمام حرکتوں کو نہ صرف ناکام بنا دیا بلکہ اس کی بہادری کی ویڈیو بھی اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں لوگ لڑکی کی حاضر دماغی اور جرات کی تعریف کر رہے ہیں۔

طالبہ پیدل اپنے گھر جا رہی تھی۔ جب وہ اپنے گھر سے کچھ ہی دوری پر تھی تو موٹر سائیکل پر سوار ایک نوجوان اس کے پیچھے لگ گیا۔ یہ نوجوان بار بار موٹر سائیکل گھما کر لڑکی کے قریب آ رہا تھا اور اسے زبردستی اپنی بائیک پر بیٹھنے کے لیے کہہ رہا تھا۔

بیچ سڑک میں مسلسل پیچھا کیے جانے کی وجہ سے پہلے تو لڑکی ایک لمحے کے لیے گھبرا گئی، لیکن اس نے ہمت نہیں ہاری۔

لڑکی نے فوری طور پر عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا موبائل فون نکالا اور کیمرہ آن کر کے اس نوجوان کی ویڈیو بنانا شروع کر دی۔

ویڈیو بنتی دیکھ کر ملزم کے ہوش اڑ گئے اور اس کے تیوربالکل بدل گئے۔ وہ کیمرے سے اپنا چہرہ چھپانے کی کوشش کرنے لگا اور لڑکی کو دیدی کہہ کر وہاں سے جلدی نکلنے کا بہانہ بنانے لگا۔

اسی دوران سڑک سے گزرنے والے دیگر گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے بھی اپنی گاڑیاں روک دی۔ جب ملزم نے دیکھا کہ لوگوں کی نظریں اس پر ٹک گئی ہیں تو وہ شدید خوفزدہ ہو گیا۔

ویڈیو میں لڑکی کو منچلے کو تھپڑ مارتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر لڑکی نے بروقت موبائل کیمرہ آن نہ کیا ہوتا تو ملزم اپنے برے ارادوں میں کامیاب ہو سکتا تھا، اسی لیے لڑکی کی سمجھداری اور ہمت کی مثالیں دی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتےے ہوئے ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواتین کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور کیس کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خواتین کے تحفظ کے حوالے سے بھارت کی مختلف ریاستوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

Read Comments