امریکا اور ایران امن معاہدے کے قریب: خام تیل کی قیمتیں 2 ہفتوں کی کم ترین سطح پر
امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کی پیش رفت کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں دو ہفتوں کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں۔ سرمایہ کاروں کو امید ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا تو آبنائے ہرمز دوبارہ کھل سکتی ہے، جس سے مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی ترسیل بحال ہونے اور عالمی توانائی بحران میں کمی آنے کا امکان ہے۔
عالمی منڈی میں پیر کے روز خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ برینٹ کروڈ کی قیمت 4 اعشاریہ 55 فیصد کمی کے بعد 98 ڈالر 83 سینٹ فی بیرل تک آگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 4 اعشاریہ 73 فیصد سستا ہو کر 92 ڈالر 3 سینٹ فی بیرل پر پہنچ گیا۔
دونوں اہم آئل بینچ مارکس سیشن کے دوران 7 مئی کے بعد اپنی کم ترین سطح پر بھی پہنچے۔
مارکیٹ میں یہ کمی امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے سے متعلق بڑھتی ہوئی امیدوں کے باعث سامنے آئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان امن معاہدے پر ’’بڑی حد تک مذاکرات مکمل‘‘ ہوچکے ہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق ممکنہ معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز دوبارہ کھول دی جائے گی۔ جنگ سے قبل دنیا بھر میں تیل اور ایل این جی کی تقریباً 20 فیصد ترسیل اسی اہم بحری راستے سے ہوتی تھی۔
تاہم دونوں ممالک کے درمیان اب بھی کئی اہم معاملات پر اختلافات برقرار ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اتوار کو کہا کہ انہوں نے اپنے نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے میں جلد بازی نہ کی جائے۔
مارکیٹ تجزیہ کار ساؤل کاوونک کا کہنا ہے کہ اگرچہ امن معاہدے اور آبنائے ہرمز کی بحالی سے متعلق اب بھی کئی خطرات اور خدشات موجود ہیں، لیکن صورتحال میں بہتری کی امید نے قلیل مدت کے لیے تیل کی قیمتوں پر دباؤ کم کردیا ہے۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر معاہدہ ہوجاتا ہے تب بھی آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل مکمل طور پر بحال ہونے اور متاثرہ تنصیبات کی مرمت میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔
اُدھر عالمی مالیاتی منڈیوں میں بھی ردعمل دیکھا گیا۔ یورو کی قدر میں اضافہ ہوا جبکہ محفوظ سرمایہ کاری سمجھے جانے والے امریکی ڈالر کی حالیہ مضبوطی میں کمی آئی۔ جاپانی ین بھی ڈالر کے مقابلے میں مستحکم ہوا۔
امریکی اسٹاک مارکیٹ کے فیوچر انڈیکسز میں بھی بہتری دیکھی گئی۔ نیسڈیک فیوچر 0 اعشاریہ 89 فیصد جبکہ ایس اینڈ پی فیوچر 0 اعشاریہ 6 فیصد اضافے کے ساتھ ٹریڈ کرتے رہے۔