حکومت کا عید پر عوام کو تحفہ: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی

عوام کو ریلیف دینا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے، پچھلے ہفتے بھی عوام کو ریلیف دیا گیا: وزیراعظم
شائع 29 مئ 2026 07:46pm

وفاقی حکومت نے عید کے تیسرے دن عوام کو تحفہ دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22، 22 روپے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔

جمعے کے روز وفاقی حکومت نے عید الاضحیٰ کے تیسرے دن عوام کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے کیے گئے فیصلے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 22 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں بھی 22 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

اس کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 381 روپے 78 پیسے فی لیٹر جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہو جائے گی، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں میں کمی کا اطلاق رات 12 بجے سے آئندہ ایک ہفتے کے لیے ہو گا۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی گنجائش پیدا ہو گی، عوام کو ریلیف دیا جائے گا اور انہوں نے قومی سے کیا وعدہ پورا کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے، پچھلے ہفتے بھی عوام کو ریلیف دیا گیا اور پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت نے سخت ترین حالات میں بھی عوام کے لیے ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا اور پبلک، گڈز ٹرانسپورٹ اور موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کے لیے فیول پر سبسڈی دی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق جب خطے کے دوسرے ممالک میں پیٹرول حاصل کرنے کے لیے قطاریں لگی ہوئی تھیں، پاکستان میں وزیراعظم کے بروقت اقدامات کی بدولت عوام کو پیٹرول اور ڈیزل دستیاب تھا۔

وزیراعظم آفس کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ جب دنیا میں تیل کا بدترین بحران تھا، اس دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود وزیراعظم کی جانب سے 130 روپے سے زائد کی سبسڈی دے کر تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکا گیا اور سبسڈی کی مد میں بھی عوام کو ریلیف مہیا کیا گیا۔

امریکا ایران جنگ: پیٹرول کی قیمت کتنی بار بڑھیں اور کم ہوئیں؟

ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، جس کے اثرات پاکستان میں بھی سامنے آئے جہاں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متعدد بار نمایاں اضافہ اور کمی ریکارڈ کی گئی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پہلا بڑا اضافہ 6 مارچ 2026 کو کیا گیا، جب حکومت نے عالمی تیل قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا۔ اس اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت بڑھ کر تقریباً 321 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی، جو حالیہ برسوں کی بلند ترین سطح تھی۔ اسی طرح ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی 55 روپے کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 335 روپے ہوگئی تھی۔

اس کے بعد دوسری بار 3 اپریل کو پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 23 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے فی لیٹر ہو گئی تھی جب کہ ڈیزل کی قیمت 184 روپے بڑھا کر 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی تھی۔

بعد ازاں عوامی ردعمل اور عالمی قیمتوں میں جزوی کمی کے تناظر میں حکومت نے ایک بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا، جس کے بعد قیمت کم ہو کر تقریباً 378 روپے فی لیٹر پر آ گئی تھی۔

10 اپریل کو وزیراعظم نے ایک بار پھر پیٹرول کی قیمت میں صرف 10 اور جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دی تھی۔ اس کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 366 روپے جب کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 385 روپے ہوگئی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 17 اپریل کو ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 12 پیسے فی لیٹر کمی کی منظوری دی تھی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 385 روپے 54 پیسے سے کم ہو کر 353 روپے 43 پیسے ہو گئی تھی جب کہ پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

18 اپریل کو لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 70 روپے 04 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 369 روپے 72 پیسے سے کم ہو کر 299 روپے 32 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔ اسی طرح جیٹ فیول کی قیمت بھی 23 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 494 روپے 71 پیسے سے کم ہو کر 471 روپے 01 پیسہ فی لیٹر مقرر کی گئی۔

24 اپریل کو حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر تک بڑھادی تھی۔

اس کے بعد 30 اپریل کو بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 51 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

9 مئی کو حکومت نے ایک بار پھر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھادی تھیں، ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 414 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی۔ اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 92 پیسےفی لیٹر کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 414 روپے 78 پیسے فی لیٹر  ہوگئی تھی۔

16 مئی کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی تھی۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 5 روپے کمی کے بعد 409 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت بھی 5 روپے کمی 409 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔

حکومت نے 22 مئی کو بھی پیٹرول فی لیٹر کی قیمت میں 6 روپے کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 403 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی جب کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت بھی 6 روپے 80 پیسے کمی کے بعد 402 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی تھی۔

Read Comments