ہم ساتھ ساتھ نہیں ہیں، ہنی مون کو فیملی ٹرپ بنانے پر دلہن نے طلاق مانگ لی

ہنی مون کا یہ غیر متوقع "فیملی ایڈونچر" اب ان کے رشتے کے لیے سب سے بڑا امتحان بن گیا ہے۔
شائع 09 جون 2026 01:02pm

شادی کے بعد اپنے جیون ساتھی کے ساتھ اکیلے وقت گزارنے کا خواب اس وقت ایک ڈراؤنا خواب بن گیا جب ایک نئی نویلی دلہن کو پتہ چلا کہ اس کے ہنی مون پر شوہر کے والدین اور بہن بھائی بھی ساتھ جا رہے ہیں۔

بھارتی ریاست اتر پردیش میں پیش آنے والا یہ انوکھا معاملہ اب فیملی کونسلنگ سینٹر پہنچ گیا ہے اور بات طلاق تک جا پہنچی ہے۔

بولی ووڈ کی مشہور فلم ”ہم ساتھ ساتھ ہیں“ میں دکھایا گیا تھا کہ ہنی مون پر پوری فیملی ساتھ جاتی ہے اور سب خوش ہوتے ہیں، لیکن اصل زندگی میں ایسا نہیں ہوا۔

میرٹھ کے علاقے رام راج کی رہنے والی پڑھی لکھی لڑکی کی شادی دہلی کے پٹیل نگر کے ایک لڑکے سے ہوئی تھی جس نے سنگاپور سے ہاسپیٹلٹی مینجمنٹ کی تعلیم حاصل کی ہے۔

دوسری طرف شوہر کا اس پورے معاملے پر اپنا ایک الگ مؤقف ہے۔ کونسلنگ کرنے والے ماہرین کے مطابق دولہے نے اپنی صفائی میں کہا ہے کہ وہ اپنی فیملی کو اس سفر پر صرف اس لیے ساتھ لے گیا تھا کیونکہ وہ سب کو خوش دیکھنا چاہتا تھا۔

شوہر کا کہنا تھا کہ اپنے والدین اور بہن بھائیوں کو سفر میں شامل کرنے میں کوئی برائی یا غلط بات نہیں ہے اور وہ نہیں سمجھتے کہ انہوں نے کوئی غلطی کی ہے۔ شوہر کے مطابق ان کی نیت صاف تھی اور وہ سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے تھے۔

دونوں کے خیالات میں اس بڑے فرق کی وجہ سے رشتہ بچانا مشکل ہو رہا ہے۔ اب تک کونسلنگ کے تین دور ہو چکے ہیں لیکن دونوں میں سے کوئی بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہے۔

کونسلنگ سینٹر کے ماہرین نے حال ہی میں ان کی ایک اور بیٹھک کروائی اور دونوں کو اپنے مستقبل کے بارے میں ٹھنڈے دماغ سے سوچنے کے لیے مزید وقت دیا ہے، تاہم صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اگلی چند ملاقاتوں میں بھی کوئی حل نہ نکلا تو یہ معاملہ باقاعدہ طلاق کی کارروائی کی طرف بڑھ جائے گا۔ جو ہنی مون اس نئے جوڑے کو قریب لانے کے لیے تھا، وہی اب ان کے رشتے کے خاتمے کی وجہ بنتا جا رہا ہے۔

Read Comments