پرتگال کے فٹبال ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد ٹکٹ کی قیمتوں میں بڑی کمی

فٹبال کے مایہ ناز کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو میچ کی سب سے بڑی اٹریکشن تھے؟
شائع 08 جولائ 2026 01:15pm

ورلڈ کپ میں کرسٹیانو رونالڈو کے سفر کے اختتام نے نہ صرف شائقین کو مایوس کیا بلکہ ٹکٹوں کی مارکیٹ کو بھی ہلا کر رکھ دیا۔ پیر کو اسپین کے ہاتھوں پرتگال کی شکست اور رونالڈو کی ورلڈ کپ سے رخصتی کے چند گھنٹوں بعد امریکا بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا، جس کے بعد لاس اینجلس میں ہونے والے کوارٹر فائنل کے ٹکٹس ایک ہی دن میں تقریباً 60 فیصد تک سستے ہو گئے۔

فوربز کے مطابق ٹکٹوں کی خرید و فروخت کرنے والے پلیٹ فارم ”ٹک پک“ کے مطابق جمعہ کو ہونے والے کوارٹر فائنل میچ کے لیے داخلے کا سب سے سستا ٹکٹ، جسے ”گیٹ اِن پرائس“ کہا جاتا ہے، 2 ہزار 950 ڈالر سے کم ہو کر تقریباً ایک ہزار 200 ڈالر رہ گیا۔ یہ کمی منگل کی دوپہر تک ثانوی مارکیٹ میں ریکارڈ کی گئی۔

ٹکٹوں کی قیمتوں میں اس بڑی کمی کا آغاز پیر کو اس وقت ہوا جب اسپین نے پرتگال کو 0-1 سے شکست دے دی۔ اس شکست کے ساتھ ہی پرتگال کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ کیریئر بھی اختتام پذیر ہوگیا۔

رونالڈو کی موجودگی نہ صرف پرتگال بلکہ پورے ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی کشش سمجھی جا رہی تھی، اس لیے ان کی رخصتی کے بعد لاس اینجلس میں ہونے والے کوارٹر فائنل میچ کی کشش بھی نمایاں طور پر کم ہوگئی۔ اگر پرتگال اس مرحلے تک رسائی حاصل کر لیتا تو اس میچ کے ٹکٹوں کی مانگ کہیں زیادہ رہنے کا امکان تھا۔

اسی روز بعد میں سیئٹل میں کھیلے گئے میچ میں بیلجیئم نے امریکا کو 1-4 سے شکست دے کر میزبان ٹیم کو بھی کوارٹر فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔ اس شکست کے بعد امریکا اور اسپین کے درمیان متوقع مقابلہ بھی ممکن نہ رہا۔

دوسری جانب ’ٹک پک‘ کے مطابق جمعرات کو فرانس اور مراکش کے درمیان کھیلا جانے والا کوارٹر فائنل اس وقت ثانوی مارکیٹ میں سب سے کم قیمت والا کوارٹر فائنل میچ ہے۔ میساچوسٹس کے شہر فاکسبرو میں ہونے والے اس مقابلے کے لیے داخلے کے ٹکٹ 989 ڈالر سے شروع ہو رہے ہیں۔

اگرچہ کوارٹر فائنل میچوں کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے، تاہم ورلڈ کپ فائنل کے ٹکٹ اب بھی انتہائی مہنگے ہیں۔ منگل کی دوپہر تک فائنل کے لیے داخلے کے سب سے سستے ٹکٹ کی قیمت 9 ہزار 346 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ تاہم فائنل میں کون سی ٹیمیں پہنچتی ہیں، اس کے مطابق ٹکٹوں کی قیمتوں میں مزید کمی یا اضافہ ہو سکتا ہے۔ ورلڈ کپ کا فائنل 19 جولائی کو نیو جرسی میں کھیلا جائے گا۔

اس دوران اسپورٹس بکس اور بیٹنگ مارکیٹس کے مطابق فرانس کو ورلڈ کپ جیتنے کے لیے سب سے مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے بعد اسپین، ارجنٹینا اور انگلینڈ کو ٹائٹل کے اہم دعوے داروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

ٹکٹوں کی مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو اعداد و شمار مزید دلچسپ تصویر پیش کرتے ہیں۔ سیٹ پک کے مطابق ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنلز کے ٹکٹوں کی اوسط ابتدائی قیمت گزشتہ ایک دن میں 31.5 فیصد جبکہ گزشتہ تین دنوں کے دوران مجموعی طور پر 50.4 فیصد کم ہوئی ہے۔

دوسری جانب ری سیل مارکیٹ میں فروخت کے لیے دستیاب ٹکٹوں کی تعداد بھی نمایاں طور پر بڑھ گئی ہے۔ ٹورنامنٹ کے آغاز پر جہاں 28 ہزار 285 ٹکٹ دستیاب تھے، وہیں اب یہ تعداد بڑھ کر 49 ہزار 415 تک پہنچ گئی ہے۔

رواں سال کا ورلڈ کپ پہلے ہی تاریخ کا مہنگا ترین ٹورنامنٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں ٹکٹوں کی قیمتیں گزشتہ ورلڈ کپ ایڈیشنز کے مقابلے میں سات گنا تک زیادہ ریکارڈ کی گئی تھیں، تاہم اب بڑے ناموں کی رخصتی، بڑھتی ہوئی دستیابی اور بدلتی ہوئی طلب کے باعث قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔


Read Comments