سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، نئی قیمت نے خریداروں کے ہوش اُڑا دیے
مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فی تولہ سونا 3 ہزار 600 روپے مہنگا ہونے کے بعد 4 لاکھ 33 ہزار 836 روپے کی نئی بلند سطح پر پہنچ گیا۔
ملک میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد زیورات خریدنے کے خواہشمند افراد کو مزید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 600 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 33 ہزار 836 روپے کا ہوگیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 86 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 71 ہزار 944 روپے مقرر ہوگئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں تیزی کا رجحان برقرار رہا، جہاں فی اونس سونا 36 ڈالر مہنگا ہو کر 4 ہزار 113 ڈالر تک پہنچ گیا۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہو رہے ہیں، جس کے باعث ملک میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
