30 سیکنڈ میں سب سے زیادہ بوسے، برازیلی جوڑے نے عالمی ریکارڈ توڑ دیا
برازیل کے ایک منچلے جوڑے نے محبت کا ایسا اظہار کیا کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے اور ان کا نام سیدھا گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہو گیا۔ 32 سالہ ریناٹو اور 33 سالہ نائرا نے صرف 30 سیکنڈ میں ایک دو نہیں، بلکہ پورے 195 بار بوسے دے کر دنیا کو حیران کر دیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ دونوں پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہیں اور کورونا وائرس کی وبا کے دوران ہسپتالوں میں لوگوں کی جانیں بچاتے رہے ہیں۔ جوڑے کا ماننا ہے کہ وہ ”دنیا کا سب سے بہترین جوڑا“ ہیں، اسی لیے انہوں نے انٹرنیشنل کسنگ ڈے کے موقع پر اس انوکھے چیلنج کو چنا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریناٹو نے اپنی پسندیدہ فٹ بال ٹیم کی جرسی پہن رکھی ہے اور وہ نائرا کے گال پر کسی مشین گن کی رفتار سے پیار نچھاور کر رہے ہیں، جبکہ نائرا پورے چیلنج کے دوران سکون سے مسکراتی رہیں اور پورا چیلنج خوشگوار ماحول میں مکمل ہوا۔
ریناٹو کو ریکارڈ بنانے کا پرانا خبط ہے، وہ اس سے پہلے سب سے تیز رفتاری سے کتابیں گرانے اور اپنے پیر کو سب سے زیادہ گھمانے کا ریکارڈ بھی بنا چکے ہیں۔
اپنی تازہ کامیابی پر ریناٹو نے کہا، ”میرا خیال ہے کہ اب میں برازیل کا وہ شخص بن گیا ہوں جس کے پاس سب سے زیادہ عالمی ریکارڈز ہیں۔ میں چاہتا تھا کہ نایارا کا نام بھی میری اس کامیابی کا حصہ بنے۔“
انہوں نے جذباتی انداز میں کہا: “”میں بون میرو ڈونر ہوں اور مجھے ’اے ڈی ایچ ڈی‘ (توجہ کی کمی کا عارضہ) ہے، میں دنیا کو یہ دکھانا چاہتا ہوں کہ اس بیماری کے باوجود انسان جو چاہے حاصل کر سکتا ہے۔“
یناٹو تائیکوانڈو میں بلیک بیلٹ بھی رکھتے ہیں انہوں نے کہا، ”مجھے جیتنے کا شوق ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ میرے ریکارڈ دوسرے لوگوں کو بھی اپنے خواب پورے کرنے کی ترغیب دیں گے۔“
انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ ان کی کامیابی کے بعد برازیل کے مزید لوگ بھی گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مختلف چیلنجز میں حصہ لیں۔
محبت کے اس تیز رفتار سفر میں یہ جوڑا یہیں رکنے والا نہیں ہے۔ اب ان کی نظریں جاپان کے ایک جوڑے کا ریکارڈ توڑنے پر ہیں، جنہوں نے ایک منٹ میں 277 بوسے دیے تھے۔
ریناٹو اور نائرا کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایک ریکارڈ نہیں، بلکہ ان کی محبت کا ایک ایسا یادگار لمحہ ہے جو ہمیشہ ان کے دلوں میں رہے گا۔