مشین گن ٹیسٹ کے دوران بے قابو، روسی فوجی اہلکار کو ہیلی کاپٹر بنا دیا
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں مبینہ طور پر روسی فوجی ایک ایسی طاقتور مشین گن چلاتے ہوئے دکھائی دیتا ہے جو اصل میں ہیلی کاپٹر پر نصب کرنے کے لیے بنائی گئی تھی، تاہم فائرنگ شروع ہوتے ہی گن بے قابو ہو جاتی ہے اور وہاں موجود فوجی اپنی جان بچانے کے لیے ادھر اُدھر بھاگنے لگتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس ویڈیو کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی، اس لیے یہ واضح نہیں کہ ویڈیو کب اور کہاں ریکارڈ کی گئی اور آیا اس واقعے میں کوئی زخمی بھی ہوا یا نہیں۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک روسی فوجی چار بیرل والی طاقتور وائی اے کے بی- 12.7 مشین گن چلانے کی تیاری کر رہا ہے۔
یہ ہتھیار عام طور پر سوویت دور کے ایم آئی-24 جنگی ہیلی کاپٹر کے اگلے حصے پر نصب کیا جاتا ہے، لیکن ویڈیو میں اسے زمین پر ایک ایک مستقل (فکسڈ) پلیٹ فارم کے ساتھ نصب کیا گیا۔
جیسے ہی فوجی ٹریگر دباتا ہے، مشین گن شدید جھٹکے کے باعث اپنے اسٹینڈ پر قابو کھو دیتی ہے اور تیزی سے مختلف سمتوں میں گھومنے لگتی ہے۔
اس دوران قریب کھڑے فوجی خوفزدہ ہو کر بھاگتے نظر آتے ہیں، جبکہ ایک فوجی عین فائرنگ کی سمت میں موجود ہوتا ہے، مگر آخری لمحے میں خود کو بچانے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔
ابھی تک روسی حکام کی جانب سے اس واقعے کے مقام، وقت یا ممکنہ زخمیوں کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر بعض صارفین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ممکنہ طور پر ایک تربیتی مشق کے دوران پیش آیا، جہاں روس کا ایک موبائل فائر گروپ ڈرونز کا مقابلہ کرنے کی مشق کر رہا تھا، تاہم اس دعوے کی بھی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
ماہرین کے مطابق وائی اے کے بی- 12.7 ایک فضائی ہتھیار ہے جسے خاص طور پر ہیلی کاپٹر سے فائر کرنے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔
اس کے شدید ری کوائل یعنی جھٹکے کو برداشت کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر میں مضبوط نظام موجود ہوتا ہے، لیکن زمین پر اسی ہتھیار کو دستی انداز میں استعمال کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
یہ مشین گن ایک منٹ میں تقریباً 4 ہزار سے 5 ہزار گولیاں فائر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اسے سرد جنگ کے آخری دور میں تیار کیا گیا تھا اور یہ 12.7×108 ملی میٹر گولیاں استعمال کرتی ہے، جو سوویت ساختہ بھاری مشین گنز میں بھی استعمال ہوتی ہیں۔ اس میں تقریباً 1500 گولیوں پر مشتمل بیلٹ لگائی جا سکتی ہے۔
روسی فوج نے ہیلی کاپٹر کے لیے مخصوص 12.7-Yak مشین گن کو ایک مستقل (فکسڈ) پلیٹ فارم پر نصب کیا، لیکن ایک تکنیکی خرابی کے باعث گن بے قابو ہو گئی، جس کے نتیجے میں گن چلانے والا فوجی دور جا گرا اور یہ واقعہ تقریباً دوسرے فوجی کی ہلاکت کا سبب بننے والا تھا۔