آج سورج عین خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا، حیران کن نظارہ کیسا ہوگا؟
سعودی عرب میں آج ایک منفرد اور نادر فلکیاتی مظہر دیکھنے میں آئے گا، جب سورج عین خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا، جس کے باعث چند لمحوں کے لیے خانہ کعبہ کا سایہ مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔
جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے مطابق یہ منفرد فلکیاتی واقعہ مکہ مکرمہ کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ پر پیش آئے گا۔ اس لمحے سورج 90 ڈگری کے زاویے پر براہِ راست خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا، جس کے نتیجے میں عمودی اشیا کا سایہ تقریباً ختم ہو جاتا ہے۔
پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر کے 2 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ پر سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر آئےگا۔
ماہرینِ فلکیات کا کہنا ہے کہ یہ موقع دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ جن علاقوں میں اس وقت دن ہوگا، وہاں موجود افراد سورج کی سمت کو دیکھ کر اپنے قبلے کی درست سمت کی تصدیق کر سکتے ہیں، کیونکہ اس لمحے سورج کی سمت ہی عین قبلے کی سمت ہوتی ہے۔
جدہ کی فلکیاتی انجمن کے سربراہ ماجد ابو زاہرہ کے مطابق خانہ کعبہ کے اوپر سورج کے عمودی طور پر آنے کا پہلا منظر رواں سال 27 مئی کو مکہ مکرمہ کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 18 منٹ پر دیکھا گیا تھا۔ اس موقع پر سورج تقریباً 89.56 درجے کے زاویے پر موجود تھا، جبکہ اس کے اگلے روز بھی معمولی فرق کے ساتھ یہی فلکیاتی منظر دوبارہ مشاہدے میں آیا۔
ماہرین کے مطابق سورج کا خانہ کعبہ کے عین اوپر آنا ہر سال دو مرتبہ وقوع پذیر ہوتا ہے، ایک بار مئی کے اختتام پر اور دوسری بار جولائی کے وسط میں۔ یہ قدرتی فلکیاتی مظہر زمین کے محور کے تقریباً 23.5 درجے جھکاؤ اور سورج کی ظاہری شمالی و جنوبی حرکت کے باعث پیش آتا ہے، جب سورج مکہ مکرمہ کے عرضِ بلد کے عین مقابل آ جاتا ہے۔
یہ نہ صرف ایک منفرد فلکیاتی منظر پیش کرتا ہے بلکہ سائنسی مشاہدے کے لحاظ سے بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔