بھارت: فریج میں بننے والی برف کو 'شیولنگ' کا نام دے کر پوجا شروع

آگرہ میں ریفریجریٹر کے اندر ’شیولنگ‘ کا روپ، باورچی خانے سے مندر تک کا سفر
اپ ڈیٹ 15 جولائ 2026 03:26pm

بھارتی ریاست اتر پردیش کے تاریخی آگرہ میں ایک انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک گھر کے کچن میں رکھا عام سا فریج اچانک لوگوں کی توجہ اور عقیدت کا مرکز بن گیا ہے۔ ریفریجریٹر کے فریزر میں جمنے والی برف کی ایک مخصوص ساخت نے پورے علاقے میں ہلچل مچا دی ہے، جسے لوگ عقیدت کے زیرِ اثر مقدس ’شیولنگ‘ کا روپ قرار دے رہے ہیں۔

وائرل ہونے والی ویڈیو کے مطابق ایک رہائشی مکان میں جب فریج کا فریزر کھولا گیا تو اس میں جمی برف نے ایک ڈھیری کی شکل اختیار کر رکھی تھی، جسے گھر والوں نے شیولنگ کا روپ قرار دے دیا۔ انہوں نے اسے امرناتھ غار میں بننے والے قدرتی برفیلی شیولنگ کا معجزہ قرار دیا۔

دیکھتے ہی دیکھتے یہ عام سا گھر ایک مقدس عبادت گاہ کی شکل اختیار کر گیا۔ روایتی لباس میں ملبوس خواتین اور مرد کھلے ہوئے فریج کے سامنے ہاتھ جوڑے، شلوک پڑھتے پوجا پاٹ میں مصروف ہو گئے۔

اب صورتحال یہ ہے کہ اس برف کی بنی ساخت کی زیارت کے لیے دور دور سے عقیدت مندوں کا تانتا بندھ گیا ہے، وہاں باقاعدہ نذرانے چڑھائے جا رہے ہیں اور گھر کے مالکان اس جگہ کو مستقل طور پر ایک ’مندر‘ قرار دینے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

ہندو برادری کی عقیدت اور سوشل میڈیا کی گونج

اس واقعے نے جہاں مقامی سطح پر عقیدت کا ایک سیلاب پیدا کیا ہے، وہیں صحافی پیوش رائے کی جانب سے اس واقعے کی تفصیلات سامنے لائے جانے کے بعد یہ معاملہ انٹرنیٹ پر بھی جنگل کی آگ کی طرح پھیل گیا۔

روایتی عقائد اور جدید دور کے سوشل میڈیا کے ملاپ نے اس گھریلو واقعے کو ایک بڑی سماجی بحث میں تبدیل کر دیا ہے۔ جہاں عقیدت مند اسے غیبی طاقت کا کرشمہ مان کر سر جھکائے کھڑے ہیں، وہیں منطقی سوچ رکھنے والے اس پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

ایک طرف جہاں فریج کے سامنے گھی کے چراغ جلائے جا رہے ہیں، وہیں دوسری طرف عقل اور سائنس پر یقین رکھنے والے طبقے نے اس پر کڑی تنقید شروع کر دی ہے۔

ناقدین اور سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ یہ فریج کے خراب ہونے پر ’ڈی فروسٹ‘ نہ ہونے کے باعث برف جمنے کا ایک عام مائیکرو کلائمیٹک عمل ہے، جس کے پیچھے کوئی معجزہ کارفرما نہیں ہے۔

ماہرینِ نفسیات اس رویے کو ’پیریڈولیا‘ کا نام دیتے ہیں۔ یہ انسانی دماغ کا ایک ایسا نفسیاتی رجحان ہے جس میں وہ کسی بھی غیر واضح یا بے ترتیب ساخت جیسے بادلوں، چٹانوں، دیواروں یا یہاں تک کہ فریج کی برف میں بھی اپنی جانی پہچانی شکلیں، خاص طور پر انسانی چہرے یا مذہبی علامات تلاش کر لیتا ہے۔

سوشل میڈیا پر جہاں کچھ لوگ عقیدت میں مگن ہیں، وہیں کئی صارفین اس بات کا مذاق بھی اڑا رہے ہیں کہ ”اب بھگوان کو بھی شدید گرمی سے بچنے کے لیے فریج کا سہارا لینا پڑ رہا ہے“۔

Read Comments