پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی، ڈیزل مہنگا ہوگیا
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے ہائی اسپیڈ ڈیزل مہنگا جب کہ پیٹرول معمولی سستا کر دیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق حکومت نے عوام کو پیٹرول کی قیمت میں معمولی ریلیف دیتے ہوئے 35 پیسے فی لیٹر کمی کردی ہے، اس کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 315 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 360 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا تعین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے کیا گیا ہے جب کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے (21 جولائی) سے کل رات 12 بجے تک ہوگا۔
یاد رہے کہ 3 روز قبل 17 جولائی کو حکومت نے پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اگلے 3 روز کے لیے اضافہ کیا تھا۔ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔
اس سے قبل 10 جولائی کو بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق پیٹرول 13 روپے 18 پیسے اور ڈیزل 13 روپے 80 پسے فی لیٹر مہنگا ہوا تھا۔ اس اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 310 روپے 71 پیسے اور ڈیزل کی نئی قیمت 323 روپے 30 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔
