سرکاری نرخ ہوا میں اُڑا دیے گئے، ملک بھر میں ایل پی جی کی مہنگی فروخت

پیٹرولیم مصنوعات کے بعد اب ایل پی جی (مائع پیٹرولیم گیس) کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے بھی عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا...
شائع 03 اگست 2026 12:50pm

پیٹرولیم مصنوعات کے بعد اب ایل پی جی (مائع پیٹرولیم گیس) کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے بھی عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 254 روپے فی کلو مقرر کیے جانے کے باوجود ملک کے مختلف شہروں میں گیس مقررہ نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ شہریوں نے سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی میں اوگرا کے مقرر کردہ نرخوں پر ایل پی جی دستیاب نہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں فی کلو ایل پی جی 340 سے 370 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے، جس کے باعث گھریلو صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

لاہور میں بھی صورتحال مختلف نہیں۔ شہر میں ایل پی جی کی کوئی یکساں قیمت نظر نہیں آتی اور مختلف علاقوں میں دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں۔ اوگرا کی مقررہ قیمت 254 روپے فی کلو کے مقابلے میں کئی مقامات پر ایل پی جی 450 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جس سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔

اُدھر کوئٹہ میں بھی ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے فی کلو قیمت تقریباً 252 روپے مقرر ہونے کے باوجود ہول سیل مارکیٹ میں ایل پی جی 380 سے 420 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف گھریلو صارفین بلکہ کمرشل صارفین بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 120 روپے سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث کھانا پکانے اور کاروباری سرگرمیوں کے اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے قیمتیں مقرر کرنے کے باوجود اگر ان پر عمل درآمد نہیں ہو رہا تو متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

Read Comments