Live
Bangladesh

بنگلادیشی حکومت نے ’ڈونلڈ ٹرمپ‘ نامی نایاب بھینسے کی قربانی رکوا دی

700 کلوگرام وزنی اس بھینسے کو عیدالاضحیٰ پر قربانی کے لیے فروخت کیا جا چکا تھا۔
شائع 28 مئ 2026 04:42pm

بنگلادیشی حکومت نے عیدالاضحیٰ پر امریکی صدر ’ڈونلڈ ٹرمپ‘ نامی نایاب بھینسے کی قربانی رکوا دی ہے جب کہ حکام نے غیرمعمولی عوامی دلچسپی اور سیکیورٹی خدشات کے باعث آخری وقت میں مداخلت کرتے ہوئے بھینسے کو تحویل میں لے کر ڈھاکا کے چڑیا گھر منتقل کردیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بنگلادیش میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام سے مشہور ایک نایاب سفید بھینسا عیدالاضحیٰ پر قربانی سے بچ گیا، جب حکومت نے آخری لمحے میں مداخلت کرتے ہوئے اس کی قربانی رکوا دی۔

اس سفید بھینسے کے سنہری بالوں کی وجہ سے لوگوں نے اسے ’ڈونلڈ ٹرمپ‘ کا نام دے رکھا تھا۔ سوشل میڈیا پر اس جانور کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد پورے ملک میں اس کی غیر معمولی شہرت ہوگئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق تقریباً 700 کلوگرام وزنی اس بھینسے کو عیدالاضحیٰ پر قربانی کے لیے فروخت کیا جا چکا تھا تاہم عید سے قبل عوام کی بڑی تعداد اس جانور کو دیکھنے کے لیے آنے لگی جس کے باعث سیکیورٹی خدشات پیدا ہوگئے۔

بنگلادیشی وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے خصوصی ہدایت جاری کرتے ہوئے بھینسے کی قربانی روکنے کا حکم دیا۔ حکومت نے خریدار کو رقم واپس کردی جب کہ بھینسے کو دارالحکومت ڈھاکا کے قومی چڑیا گھر منتقل کیا جا رہا ہے۔

فارم کے مالک ضیا الدین مردھا نے بتایا کہ بھینسے کو ’ڈونلڈ ٹرمپ‘ کا نام ان کے چھوٹے بھائی نے دیا کیوں کہ اس کے ماتھے پر موجود سنہری بال سابق امریکی صدر سے مشابہت رکھتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بھینسا نہایت نرم مزاج ہے اور اس کی دیکھ بھال خصوصی توجہ سے کی جاتی ہے، جس میں باقاعدہ غسل اور وقفے وقفے سے خوراک دینا شامل ہے۔

رپورٹ کے مطابق ابتدا میں یہ ایک عام قربانی کا جانور تھا لیکن اس کے منفرد سفید رنگ، سنہرے بالوں اور پرسکون طبیعت نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی، بنگلہ دیش میں البینو بھینسے انتہائی نایاب سمجھے جاتے ہیں کیوں کہ وہاں زیادہ تر مویشی گہرے رنگ کے ہوتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر مقبولیت بڑھنے کے بعد لوگ دور دراز علاقوں سے صرف اس بھینسے کو دیکھنے اور اس کے ساتھ تصاویر بنانے کے لیے آنے لگے۔

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق حکومت کا کہنا ہے کہ جانور کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور عوامی دلچسپی کے باعث اسے محفوظ مقام پر منتقل کرنا ضروری ہوگیا تھا۔

شان مسعود کی کپتانی میں پاکستان ٹیم کو 16 میں سے 12 ٹیسٹ میچز میں شکست

شان مسعود کی کپتانی میں ہی قومی ٹیم کو بنگلہ دیش سے دوسری مرتبہ وائٹ واش شکست کا سامنا کرنا پڑا
شائع 20 مئ 2026 06:24pm

پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کی قیادت میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی ناکامیاں طویل ہوگئیں، ان کی قیادت میں قومی ٹیم 16 میں سے 12 ٹیسٹ میچز ہار گئی۔

واضح رہے کہ سلہٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری دن بنگلا دیش نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کردیا ہے۔

بنگلہ دیش کے 437 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 358 رنز بنا سکی اور یوں دوسرے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم کو 78 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بنگلہ دیش سے شکست کے بعد شان مسعود کی قیادت میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی ناکامیاں طویل ہوگئیں، قومی ٹیم کو اب تک ان کی قیادت میں کھیلے گئے 16 ٹیسٹ میچز میں سے 12 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ کامیابیوں کی تعداد انتہائی محدود رہی۔

بنگلادیش کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں بھی پاکستان ٹیم خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی اور شان مسعود کی کپتانی میں ہی دوسری مرتبہ وائٹ واش شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس نے ٹیم کی پرفارمنس پر مزید سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

اس سے قبل سال 2024 میں بھی بنگلادیش نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں مہمان ٹیم نے قومی ٹیم کو دو صفر سے شکست دے کر تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔

حالیہ نتائج کے بعد قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی، ٹیم کمبی نیشن اور قیادت کے حوالے سے سوالات ایک بار پھر زیر بحث آگئے ہیں۔

تبدیلی سے زیادہ بہتری کے لیے سوچنا ہوگا: شان مسعود

بنگلادیش کے خلاف سیریز میں شکست کے بعد سلہٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  شان مسعود نے کہا کہ میری نیت صاف ہے اور کپتانی کی ذمہ داری ٹیسٹ کرکٹ میں بہتری کیلئے لی تھی، کچھ چیزیں ہیں جنہیں بہتر کرنے کیلئے کرکٹ بورڈ سے بیٹھ کر بات کرنی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ کپتانی کے حوالے سے فیصلہ ہمیشہ کرکٹ بورڈ کا ہوتا ہے، ان کی سوچ ہمیشہ کرکٹ کی بہتری کیلئے رہی ہے، بہتری لانے کیلئے ضروری نہیں کہ کرسی پر بیٹھ کر ہی سوچا جائے یا فیصلے کیے جائیں۔

شان مسعود کے مطابق تبدیلی سے زیادہ ٹیسٹ کرکٹ کو بہتر بنانے کیلئے سوچنا ہوگا، شکست کا ذمہ دار بیٹنگ، بولنگ یا فیلڈنگ کو قرار نہیں دوں گا ، جب جیت ہوتی ہے تو 10رنز ہوں یا 100رنز سب کی اہمیت ہوتی ہے، شکست پر وہ بھی دلبرداشتہ ہیں لیکن نا تو جذبات میں آکر سوچنا ہوگا اور نا ہی جذباتی فیصلے کرنے ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ جو کمی یا خامی ہے اس کو  کس طرح پورا کیا جائے، 40 سال کا کرکٹر ہو یا 18 سال کا کمی یا خامی کو دور کرنا ہوتا ہے۔

سلہٹ ٹیسٹ: محمد رضوان کی بنگلہ دیشی کھلاڑیوں سے تلخ کلامی، ایکٹنگ کا طعنہ مل گیا

محمد رضوان کے آؤٹ نہ ہونے پر بنگلادیشی کھلاڑیوں کا رونا دھونا، لٹن داس اور کپتان نجم الحسین ایکٹنگ کا طعنہ دیتے رہے۔
شائع 19 مئ 2026 05:37pm

پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور بنگلادیش کے کھلاڑیوں کے درمیان سلہٹ ٹیسٹ میچ کے دوران تلخ جملوں کا تبادلہ دیکھنے میں آیا، جہاں محمد رضوان کے آؤٹ نہ ہونے پر بنگلادیشی کھلاڑیوں نے رونا دھونا شروع کردیا، لٹن داس اور کپتان نجم الحسین شانتو نے رضوان کو ’ایکٹنگ‘ کا طعنہ بھی دیا جب کہ صورت حال کو سنبھالنے کے لیے امپائرز کو مداخلت کرنا پڑی۔

سلہٹ میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ کے دوران اس وقت ماحول کشیدہ ہوگیا، جب محمد رضوان سائیڈ اسکرین سے متعلق شکایت کر رہے تھے جس پر بنگلادیشی وکٹ کیپر لٹن داس نے بیچ میں مداخلت کی اور دونوں کے درمیان بحث چھڑ گئی۔

لٹن داس نے محمد رضوان سے کہا کہ ’’یہ کیا کر رہے ہو؟‘‘ جس پر رضوان نے جواب دیا کہ ’’وہ دیکھ، وہ دیکھ، وہ وہاں کھڑا ہے‘‘۔

اس دوران لٹن داس نے رضوان سے کہا کہ ’’ادھر کیا دیکھ رہے ہو؟ ادھر بیٹنگ کرو‘‘ جب کہ محمد رضوان نے پھر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ تیرا کام ہے، میرا کام ہے یا امپائر کا‘‘؟

واقعے کے دوران بنگلادیشی کھلاڑیوں کی جانب سے محمد رضوان کو ’ایکٹنگ‘ کا طعنہ بھی دیا گیا۔ لٹن داس نے مبینہ طور پر کہا کہ ’’50 ہو گیا، اب ایکٹنگ شروع ہو جائے گی‘‘۔

بنگلادیش کے کپتان نجم الحسین شانتو بھی اس موقع پر گفتگو میں شامل ہوئے جب کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

صورت حال کشیدہ ہونے پر امپائرز نے فوری مداخلت کرتے ہوئے معاملہ رفع دفع کروایا۔ محمد رضوان نے بنگلادیشی کھلاڑیوں سے کہا کہ ’’ہم آپ کی عزت کرتے ہیں، آپ بھی کریں‘‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سہلٹ ٹیسٹ کے تیسرے روز بھی پاکستانی کپتان شان مسعود اور بنگلہ دیشی کھلاڑی مشفیق الرحیم کے درمیان نوک جھوک دیکھنے میں آئی تھی، یہ واقعہ بنگلہ دیش کی دوسری اننگز کے دوران پیش آیا تھا، جب مشفیق الرحیم محتاط انداز میں بیٹنگ کر رہے تھے۔

شان مسعود نے سست رفتار بیٹنگ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے بنگلہ دیشی بیٹر سے بات کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے گرما گرم بحث میں تبدیل ہوگئی تھی۔ جس کے بعد واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی، ویڈیو میں پاکستانی کپتان شان مسعود کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ مشفق الرحیم ہر جگہ لڑائیاں کرتا ہے۔

صورت حال یہاں تک پہنچ گئی تھی کہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان امپائرز کو فوری مداخلت کرنا پڑی، جس کے باعث کچھ دیر کے لیے کھیل بھی روک دیا گیا تھا جب کہ امپائرز نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو پُرسکون کرنے کے بعد صورت حال کو قابو میں کیا تھا۔

پاکستانی، افغانی اور بنگلہ دیشی شہریوں کے لیے بھارتی شہریت کا قانون تبدیل

شہریت کے رولز کے شیڈول ون سی میں ایک نئی شرط شامل کی گئی ہے۔
شائع 19 مئ 2026 12:40pm

بھارت کی وزارتِ داخلہ نے ملک کے شہریت کے قوانین میں ایک اہم ترمیم کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اب پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے درخواست گزاروں کے لیے بھارتی شہریت حاصل کرنے کے عمل میں اپنے پرانے یا موجودہ پاسپورٹ کی تفصیلات ظاہر کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق اس نئی تبدیلی کا بنیادی مقصد کاغذی کارروائی کو زیادہ آسان بنانا اور شہریت کی درخواستوں کے طریقہ کار میں شفافیت اور وضاحت لانا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کے بنیادی شہریت کے قوانین پہلی بار 25 فروری 2009 کو جاری کیے گئے تھے اور ان میں سب سے آخری ترمیم 11 مارچ 2024 کو کی گئی تھی، جس کے بعد اب یہ نیا قاعدہ لاگو کیا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، قوانین میں کی جانے والی اس حالیہ تبدیلی کے تحت شہریت کے رولز کے شیڈول ون سی میں ایک نئی شرط شامل کی گئی ہے۔

اس نئی شرط کے مطابق اب ہر درخواست گزار کے لیے یہ بتانا لازمی ہوگا کہ آیا ان کے پاس پاکستان، افغانستان یا بنگلہ دیش کی حکومتوں کی طرف سے جاری کردہ کوئی بھی درست یا زائد المیعاد یعنی ایکسپائرڈ پاسپورٹ موجود ہے یا نہیں۔

ترمیم شدہ قانون کے تحت اب درخواست گزاروں کو یا تو یہ حلفیہ تصدیق کرنی ہوگی کہ ان کے پاس ایسا کوئی پاسپورٹ نہیں ہے، یا پھر پاسپورٹ ہونے کی صورت میں اس کی مکمل اور تفصیلی معلومات فراہم کرنی ہوں گی۔

ان معلومات میں پاسپورٹ کا نمبر، اس کے جاری ہونے کی تاریخ، جاری ہونے والے شہر یا جگہ کا نام اور اس کے ختم ہونے کی تاریخ شامل ہیں۔

نئے قانون میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ جن درخواست گزاروں کے پاس یہ پاسپورٹ موجود ہوں گے، انہیں بھارتی شہریت کی درخواست منظور ہونے کے پندرہ دنوں کے اندر اندر اپنے پاسپورٹ متعلقہ پوسٹل حکام یعنی ڈاکخانے کے محکمے کے پاس جمع کروانے ہوں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس ترمیم کا مقصد ان تینوں ممالک سے آنے والے افراد کی دستاویزات کی جانچ پڑتال کو بہتر بنانا اور شہریت دینے کے پورے عمل کو مزید واضح اور منظم کرنا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے ابہام سے بچا جا سکے۔

سلہٹ ٹیسٹ: بنگلہ دیش 390 رنز پر آؤٹ، پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز کا بڑا ہدف

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے 2 اوورز ہی کھیلے تھے کہ خراب روشنی کے باعث تیسرے دن کا کھیل قبل از وقت ختم کردیا گیا۔
اپ ڈیٹ 18 مئ 2026 08:02pm

سلہٹ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں بنگلا دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں 390 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز کا ہدف دے دیا۔ قومی ٹیم نے 2 اوورز ہی کھیلے تھے کہ خراب روشنی کے باعث تیسرے دن کا کھیل قبل از وقت ختم کردیا گیا، پاکستان کل چوتھے روز ہدف کے تعاقب کے لیے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرے گا۔

میچ کے تیسرے روز بنگلا دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں 390 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جب کہ میزبان ٹیم کو پاکستان خلاف 436 رنز کی سبقت حاصل ہے اور یوں پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز درکار ہیں۔

بنگلادیش نے اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستان ٹیم 232 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور پاکستان کو پہلی اننگز میں 46 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بنگلا دیش کی طرف سے کپتان نجم الحسن شانتو اور مشفق الرحیم نے 110 رنز تین وکٹوں کے ساتھ تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔ 115 کے مجموعی اسکور پر بنگلادیش کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا جب نجم الحسن شانتو 15 رنز بناکر خرم شہزاد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

مشفق الرحیم نے 137 اور لٹن داس نے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، دونوں کے درمیان 123 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔ مہدی حسن میراز 19، تیج الاسلام 22، تسکین احمد 6، شریف الاسلام 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ ناہید رانا کوئی رن نہ بناسکے۔

پاکستان کی طرف سے خرم شہزاد نے 4، ساجد خان نے 3، حسن علی نے 2 اور محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرا روز

دوسرے روز کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے تھے۔ محمود حسن جوئے 52، مومن الحق 30 اور تنزید حسن 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، نجم الحسن شنتو 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ خرم شہزاد نے 2 اور محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں بنگلادیش کے خلاف 232 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان نے 21 رنز بغیر کسی نقصان کے ساتھ دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا مگر دونوں اوپنرز جلد ہی اپنے وکٹیں گنوا بیٹھے، اذان اویس 13 اور عبداللہ فضل 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کپتان شان مسعود 21 رنز بناکر پویلین لوٹے، بابر اعظم 68 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، سعود شکیل 8، سلمان آغا 21 اور محمد رضوان 13 رنز بناسکے جب کہ حسن علی 18، ساجد خان 38 اور خرم شہزاد 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد عباس کوئی رن نہ بناسکے۔

بنگلادیش کی طرف سے ناہید رانا اور تیج الاسلام نے 3، 3 اور تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے 2۔ 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پہلا روز

میچ کے پہلے روز بنگلادیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی، لٹن داس نے 126 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

پاکستان کی طرف سے خرم شہزاد نے 4، محمد عباس نے 3، حسن علی نے 2 اور ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی طرف سے اذان اویس اور عبداللہ فضل نے اننگز کا آغاز کیا، پہلے روز کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنالیے۔

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئیں، امام الحق، شاہین آفریدی اور نعمان علی کی جگہ بابر اعظم، خرم شہزاد اور ساجد خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بنگلا دیش کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے، بنگلادیش نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 104 رنز سے شکست دی تھی۔

عیدالاضحیٰ پر 'ڈونلڈ ٹرمپ' کو قربان کرنے کی تیاری

امریکی صدر کی شکل والے نایاب بھینسے نے بنگلہ دیش میں دھوم مچا دی۔
شائع 18 مئ 2026 04:13pm

بنگلہ دیش میں عید الاضحیٰ کے موقع پر دو ایسے بھینسے سوشل میڈیا اور عوامی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں جن کے نام دنیا کے معروف لیڈروں پر رکھے گئے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ شہرت ایک ایسے نایاب بھینسے کو ملی ہے جس کی رنگت اور سر کے بال سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مشابہت رکھتے ہیں۔

بنگلہ دیش کے شہر نارائن گنج کے علاقے پائیک پارا میں موجود اس بھینسے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں اور لوگ خاص طور پر اس کے سنہری رنگ کے بالوں اور چہرے کی ساخت کو ڈونلڈ ٹرمپ سے ملتا جلتا بتا رہے ہیں۔

ایک فارم ہاؤس میں موجود تقریباً سات سو کلو گرام وزنی سفید بھینسا راتوں رات مشہور ہو گیا ہے۔ انٹرنیٹ پر اس بھینسے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد دور دور سے لوگ اسے دیکھنے کے لیے فارم کا رخ کر رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس بھینسے کے سر پر موجود سنہری بال اور اس کے چہرے کی بناوٹ بالکل ڈونلڈ ٹرمپ سے ملتی جلتی ہے۔

فارم کے مالک ضیاء الدین نے بتایا کہ انہوں نے یہ جانور تقریباً دس ماہ قبل راجشاہی کی ایک مویشی منڈی سے خریدا تھا۔ ان کے چھوٹے بھائی نے مذاق میں اس کے سر کے بالوں کو دیکھ کر اس کا نام ڈونلڈ ٹرمپ رکھ دیا تھا۔ فارم کے مالک کے مطابق یہ نایاب نسل کا جانور ہے جو عام طور پر جنوبی ایشیا میں بہت کم پایا جاتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ جانور اب فروخت ہو چکا ہے۔

فارم پر آنے والے مقامی لوگوں نے اس مشابہت پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ ایک خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے جب فیس بک پر اس کی تصویر دیکھی تو انہیں یقین نہیں آیا، لیکن یہاں آ کر معلوم ہوا کہ واقعی اس کے بال اور چہرہ امریکی لیڈر جیسا ہے، البتہ یہ جانور مزاج میں بہت پرسکون اور شریف ہے۔

ایک اور مقامی شہری رسل نے بھی فیس بک ویڈیو دیکھنے کے بعد فارم کا دورہ کیا اور اس بات کی تصدیق کی کہ جانور کی شکل واقعی ٹرمپ سے ملتی ہے۔ ایک اور خاتون کا کہنا تھا کہ وہ پہلے اسے محض ایک مبالغہ آرائی سمجھ رہی تھیں لیکن اب وہ مانتی ہیں کہ یہ نام اس جانور پر بالکل فٹ بیٹھتا ہے۔

مالک کے مطابق اس نایاب سفید بھینسے کی صحت اور وزن کا خاص خیال رکھا گیا ہے اور اسے مکئی، سویا بین اور چوکر جیسی غذائیت سے بھرپور خوراک دی جاتی رہی ہے۔ یہ نسل عام طور پر بہت پرامن ہوتی ہے اور جب تک اسے چھیڑا نہ جائے، یہ غصہ نہیں کرتی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی فارم پر ایک دوسرا بھینسا بھی موجود ہے جس کا وزن ساڑھے سات سو کلو گرام سے زیادہ ہے اور اس کا نام اسرائیلی وزیر اعظم کے نام پر بنجمن نیتن یاہو رکھا گیا ہے۔ فارم کے ملازمین کا کہنا ہے کہ یہ دوسرا بھینسا پہلے والے کے مقابلے میں کافی چست، شریر اور غصیلا ہے جو اکثر زور سے پھنکارتا ہے اور اپنے رکھوالوں پر حملہ کرنے کی کوشش بھی کرتا ہے۔

سلہٹ ٹیسٹ کا دوسرا روز: پاکستان 232 رنز پر ڈھیر، بنگلہ دیش کی بیٹنگ جاری

سہلٹ ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلہ دیش نے 46 رنز کی برتری سے دوسری اننگز کا آغاز کیا ہے۔
شائع 17 مئ 2026 03:29pm

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سلہٹ میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز میزبان ٹیم کی شاندار بولنگ کے سامنے پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ بابر اعظم کی ذمہ دارانہ نصف سنچری اور ساجد خان کی جارحانہ بیٹنگ کے باوجود پاکستانی ٹیم پہلی اننگ میں 46 رنز کے خسارے کا شکار ہوئی۔ بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے تھے، جواب میں پاکستانی ٹیم 232 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

سہلٹ ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کو آل آؤٹ کرنے کے بعد بنگلہ دیش نے 46 رنز کی برتری سے دوسری اننگز کا آغاز کیا ہے اور میچ میں اس کی پوزیشن مستحکم نظر آرہی ہے۔

میچ کے دوسرے دن کا آغاز پاکستان کے لیے انتہائی مایوس کن رہا۔ پہلے ٹیسٹ میں دو نصف سنچریاں بنانے والے عبداللہ فضل 9 رنز اور ڈیبیو پر سنچری اسکور کرنے والے اذان اویس 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اس مشکل صورت حال میں کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے 38 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم مہدی حسن نے یہ پارٹنرشپ توڑ دی اور شان مسعود 21 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ سعود شکیل بھی 8 رنز پر چلتے بنے، جس کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن مزید دباؤ میں آگئی۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم سب سے نمایاں بلے باز رہے جنہوں نے 84 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے شامل تھے، تاہم انہیں دوسرے اینڈ سے خاطر خواہ تعاون نہ مل سکا۔

بابر اعظم نے کسی حد تک بنگلہ دیشی بالرز کا مقابلہ کیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، تاہم 142 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی ناہید رانا کا شکار بن گئے۔

سلمان علی آغا ٹیم کے اسکور میں 21 اور محمد رضوان 13 رنز کا اضافہ کرسکے۔ پاکستان کے نویں نمبر کے بیٹر ساجد خان نے آخر میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا خسارہ کم کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے صرف 28 گیندوں پر 38 رنز بنائے، جس میں چار چھکے شامل تھے۔ ساجد نے تیج الاسلام کے ایک اوور میں مسلسل تین چھکے لگا کر دلچسپ صورت حال پیدا کردی تھی، تاہم اگلے اوور میں ناہید رانا نے انہیں آؤٹ کر دیا۔

یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے نتیجے میں پاکستان کی پوری ٹیم 232 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور بنگلہ دیش کو پاکستان پر 46 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ناہید رانا اور تیج الاسلام نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ تسکین احمد اور مہدی حسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ کے پہلے روز پاکستانی کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بنگلہ دیشی وکٹ کیپنگ بیٹسمین لٹن داس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 126 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا تھا۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے پہلی اننگ میں بہترین بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کی تھیں، محمد عباس نے 3، حسن علی نے 2 جب کہ ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں بنگلہ دیش کو پہلے ہی ایک میچ کی برتری حاصل ہے۔

ڈھاکا ٹیسٹ: پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 386 رنز پر ڈھیر، بنگلا دیش کی پوزیشن مستحکم

قومی ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے اوپنر اذان اویس نے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری بنائی
شائع 10 مئ 2026 06:39pm

بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں کھیل کے تیسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 386 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جب کہ میزبان ٹیم 27 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ڈھاکا ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل خراب روشنی کے باعث کھیل قبل از وقت ختم کر دیا گیا۔ بنگلا دیش نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 7 رنز بنا لیے۔

تیسرے روز پاکستان نے 179 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا، کریز پر موجود اذان اویس نے 84 اور عبداللّٰہ فضل نے 37 رنز کے ساتھ اپنی اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا لیکن اپنے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے اذان اویس پہلے ہی سیشن میں 210 کے مجموعی اسکور پر 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اذان اویس کیرئیر کے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے پاکستان کے 14 ویں بیٹر بن گئے، جنہوں نے 153 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی۔

اوپنرز کی وکٹ گرتے ہی قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی اور تیسری وکٹ 226 رنز پر گرگئی جب کپتان شان مسعود 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جس کے اگلے ہی اوور میں 227 رنز پر پاکستان کی چوتھی وکٹ بھی گر گئی جب سعود شکیل صفر پر آؤٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ پاکستان کےعبداللہ فضل نے بھی کیرئیر کے پہلے ہی ٹیسٹ میں ففٹی اسکور کی اور 230 کے اسکور پر عبداللہ فضل 60 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے اور یوں پاکستان کی 5 وکٹیں گرگئیں۔

میزبان ٹیم کے خلاف 230 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے ٹیم کا سہارا دیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت میں 119 رنز بنے، جس کے بعد 349 رنز کے اسکور پر محمد رضوان 59 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔

بارش کے سبب کھیل کافی دیر رکا رہا، کھیل دوبارہ شروع ہوا تو 353 کے مجموعی اسکور پر سلمان علی آغا 58 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد آنے کھلاڑیوں میں شاہین شاہ آفریدی 13، نعمان علی 2 اور حسن علی نے 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بنگلادیش کی جانب سے اسپنر مہدی حسن میراز نے 5، تیج الاسلام اور تسکین احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ناہید رانا نے ایک وکٹ لی۔

اس طرح کھیل کے تیسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 386 رنز  بناکر  آؤٹ ہوگئی جب کہ قومی ٹیم کو 27 رنز خسارے کا سامنا ہے۔ بنگلا دیش نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 7 رنز بنا لیے۔

اس سے قبل پہلی اننگز میں بنگلادیش کی ٹیم 413 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ نجم الحسن شانتو 101، مومن الحق 91 اور مشفیق الرحیم 71 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔

پاکستان کے محمد عباس نے 5 اور شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ نعمان علی اور حسن علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔

ڈھاکا ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم؛ ڈیبیو بوائے اذان اویس کی شاندار بیٹنگ

اذان اویس 85 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں اور وہ ٹیسٹ ڈیبیو پر نصف سنچری بنانے والے 42 ویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
اپ ڈیٹ 09 مئ 2026 05:42pm

پاکستان نے ڈھاکہ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 179 رنز بنا لیے ہیں۔ ڈیبیو کرنے والے اذان اویس 85 اور عبداللہ فضل 37 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

شیرِ بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے روز بنگلہ دیش نے چار وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں 413 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ بالر محمد عباس نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی تین، حسن علی اور نعمان علی ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کر سکے۔

پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو ڈیبیو میچ کھیلنے والے اذان اویس نے اوپنر امام الحق کے ساتھ ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 106 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ قائم ہوئی، تاہم امام الحق 45 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

اذان اویس نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں انتہائی شاندار اور پراعتماد کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے اپنی پہلی نصف سنچری محض 65 گیندوں پر مکمل کی۔ ان کی اننگز میں اب تک 12 چوکے شامل ہیں۔ اس طرح وہ ٹیسٹ ڈیبیو پر نصف سنچری بنانے والے 42ویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

اننگز کے دوران ایک تیز گیند ان کے جسم پر لگی جس کی وجہ سے وہ تھوڑی دیر کے لیے تکلیف میں دکھائی دیے، لیکن انہوں نے گراؤنڈ نہیں چھوڑا اور بیٹنگ جاری رکھی۔

دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 179 رنز بنا لیے تھے۔ اذان اویس 85 اور عبداللہ فضل 37 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

بنگلہ دیش کی پہلی اننگز

بنگلہ دیش نے ہفتے کی صبح، میچ کے دوسرے روز اپنی نامکمل اننگز کا آغاز 301 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے تجربہ کار بلے باز مشفق الرحیم اور لتن داس وکٹ پر موجود تھے اور بنگلہ دیش مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہا تھا۔

صبح کے سیشن میں محمد عباس نے لتن داس کو 33 رنز پر آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی اور ایک اہم بریک تھرو فراہم کیا۔

محمد عباس نے اپنی نپی تلی بولنگ سے بنگلہ دیش کے لوئر مڈل آرڈر پر بھی دباؤ برقرار رکھا اور مہدی حسن مرزا کو 10 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔ اس کے بعد تیج الاسلام نے جارحانہ انداز میں 23 گیندوں پر 17 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی، تاہم محمد عباس نے انہیں بھی آؤٹ کر کے 378 رنز پر بنگلہ دیش کی ساتویں وکٹ گرا دی۔

دوسری جانب مشفق الرحیم ایک اینڈ سنبھالے کھڑے رہے اور کھانے کے وقفے تک بنگلہ دیش کا اسکور سات وکٹوں پر 380 رنز تک پہنچا دیا۔ وہ اس موقع پر 71 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے جبکہ عبادت حسین ابھی کھاتہ نہیں کھول سکے تھے۔

کھانے کے وقفے کے فوراً بعد شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے مشفق الرحیم کو کلین بولڈ کر دیا۔ مشفق نے 179 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز کھیلی۔

اگلے ہی اوور میں محمد عباس نے عبادت حسین کو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ کر کے اپنی پانچ وکٹیں مکمل کر لیں اور بنگلہ دیش کو نو وکٹوں پر پہنچا دیا۔ تاہم آخری وکٹ کے لیے پاکستان کو کچھ مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ تسکین احمد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 19 گیندوں پر 28 رنز بنائے اور آخری وکٹ کے لیے 29 رنز کی اہم پارٹنر شپ بھی قائم کی۔

بالآخر شاہین شاہ آفریدی نے تسکین احمد کو آؤٹ کر کے 413 رنز پر بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 92 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن علی اور نعمان علی نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

یاد رہے کہ میچ کے پہلے روز بنگلہ دیش نے کپتان نجم الحسن شنتو کی شاندار سنچری کی بدولت میچ پر مضبوط گرفت قائم کر لی تھی۔ شنتو نے 130 گیندوں پر 101 رنز بنائے جبکہ مومن الحق 91 رنز کی اننگز کھیل کر ’نروس نائنٹیز‘ کا شکار اور سنچری بنانے سے محروم رہے تھے۔ تاہم دوسرے دن پاکستانی بولرز، خاص طور پر محمد عباس کی شاندار کارکردگی نے میچ کو دلچسپ بنا دیا ہے۔

ڈھاکا ٹیسٹ کا پہلا روز بنگلہ دیش کے نام، پاکستانی بولرز بری طرح ناکام

پہلے دن کے اختتام پر بنگلہ دیشی نے پاکستان کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنائے۔
شائع 08 مئ 2026 07:54pm

ڈھاکا ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل اختتام پزیر ہوگیا، جو مکمل طور پر بنگلہ دیش ٹیم کے نام رہا، پہلے دن بنگلہ دیشی بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنائے۔ کپتان نجم الحسن شانتو کی سنچری اور مومن الحق کی 91 رنز کی اننگز نے میزبان ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا۔

ڈھاکا میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی دعوت پر بنگلہ دیش ٹیم کی جانب سے اوپنر محمود الحسن جوئے اور شادمان اسلام نے اننگز کا آغاز کیا۔

بنگلادیش کی پہلی وکٹ 18 کے مجموعی اسکور پر گری، جب محمود الحسن جوئے شاہین آفریدی کی گیند پر 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شادمان اسلام بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 31 کے مجموعی اسکور پر 13 رنز بنانے کے بعد حسن علی کا شکار بنے۔

ابتدائی سیشن میں پاکستان نے 2 وکٹیں جلد حاصل کر کے واپسی کی کوشش کی تھی تاہم اس کے بعد بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن نے میچ پر گرفت مضبوط کر لی۔ شاہین آفریدی اور دیگر بولرز نے ابتدائی اوورز میں کچھ دباؤ ضرور ڈالا تاہم وکٹیں حاصل کرنے میں مسلسل ناکام رہے۔

اس کے بعد کپتان نجم الحسن شانتو نے مومن الحق کے ساتھ ٹیم کی کمان سنبھالی اور اننگز کو آگے بڑھایا، اس دوران دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 170 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی، اس شراکت داری نے بنگلہ دیش کا اسکور 201 تک پہنچادیا۔

اس دوران کپتان نجم الحسن شانتو نے شاندار سنچری اسکور کی اور 201 کے اسکور پر وہ 101 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد مشفیق الرحیم اور مومن الحق نے چوتھی وکٹ کے لیے 75 رنز جوڑے اور ٹیم کا اسکور 276 رنز تک پہنچایا تو میزبان ٹیم چوتھی وکٹ بھی گر گئی۔ مومن الحق سنچری مکمل نہ کر سکے اور 91 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ بعد ازاں مشفیق الرحیم اور دیگر بیٹرز نے اننگز کو سہارا دیا اور وکٹیں گرنے کا سلسلہ رک گیا۔

بنگلہ دیشی بلے بازوں نے دن کے تینوں سیشنز میں مکمل کنٹرول برقرار رکھا اور پہلے دن ہر سیشن میں 100 رنز اسکور کیے اور مجموعی طور پر 301 رنز بنائے۔

ڈھاکا میں جاری میچ کے پہلے دن بارش سے متاثرہ کھیل میں مجموعی طور پر 85 اوورز کرائے جا سکے۔ دن کے اختتام پر مشفق الرحیم 48 جب کہ لٹن داس 8 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور نعمان علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلے دن کے اختتام پر بنگلہ دیش مکمل طور پر مضبوط پوزیشن میں ہے جب کہ پاکستان کو میچ میں واپسی کے لیے دوسرے دن جلد وکٹیں حاصل کرنا ہوں گی۔

میچ کا ٹاس

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ میرپور ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے تاہم میچ کا ٹاس پاکستان ٹیم کے کپتان شان مسعود نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پچ پر موجود گھاس کے باعث دونوں ٹیموں نے صرف ایک ایک اسپیشلسٹ اسپنر کے ساتھ میدان میں اترنے کو ترجیح دی۔

پاکستان ٹیم میں 2 نئے کھلاڑیوں اذان اویس اور عبداللہ فضل نے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کا موقع دیا گیا، دونوں کھلاڑیوں کو ان کی شاندار ڈومیسٹک اور فرسٹ کلاس کارکردگی کے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ سیریز کا آغاز جیت کے ساتھ کرنا بہت اہم ہوتا ہے لہٰذا ٹیم کو بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اذان اویس نے ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی دکھائی ہے جبکہ عبداللہ فضل نے بھی فرسٹ کلاس کرکٹ میں رنز بنا کر ٹیم میں جگہ حاصل کی ہے۔

یاد رہے کہ بابر اعظم گھٹنے کی انجری کے باعث اس میچ میں کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ دونوں ٹیمیں دوسرا ٹیسٹ 16 مئی کو سلہٹ میں کھیلیں گی۔

دونوں ٹیموں کے ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلے

اعداد و شمار کے مطابق دونوں ٹیمیں اب تک 15 ٹیسٹ میچوں میں آمنے سامنے آ چکی ہیں، جن میں پاکستان نے 12 میچز جیتے ہیں جب کہ بنگلادیش نے 2 فتوحات حاصل کی ہیں جب کہ ایک میچ ڈرا ہوا ہے۔

بنگلادیش نے 2024 میں دورہ پاکستان میں تاریخی کارنامہ انجام دیا تھا اور پہلی بار پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کرتے ہوئے فتح حاصل کی تھی۔ بنگلا دیش کی ٹیم نے آئرلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں 0-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

اس ٹیسٹ سیریز کے ذریعے دونوں ٹیمیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے سفر کا آغاز مضبوط انداز میں کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، دونوں جانب سے پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کو اہم قرار دیا گیا ہے۔

بابراعظم انجری کے باعث بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر

بابر اعظم کی شرکت کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیان جاری کردیا۔
اپ ڈیٹ 07 مئ 2026 11:52pm

پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا ہے کیوں کہ قومی ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم گھنٹے کی انجری کا شکار ہوکر پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔  

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابراعظم بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے آؤٹ ہوگئے ہیں، وہ گھٹنے کی انجری کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا میڈیکل پینل بابر اعظم کی انجری کا جائزہ لے رہا ہے کہ آیا انجری کس نوعیت کی ہے، اس کے بعد ہی انہیں پریکٹس کی اجازت دی جائے گی جب کہ ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ بابر اعظم پوری سیریز سے باہر ہوں گے یا نہیں۔

رپورٹس کے مطابق بابر اعظم پیر کو پی ایس ایل فائنل کے چند گھنٹوں بعد بنگلادیش پہنچے تھے اور دو روز تک ٹیم کے ساتھ پریکٹس بھی کرتے رہے تاہم جمعرات کی صبح انہیں بائیں گھٹنے میں درد محسوس ہوا، جس کے بعد میڈیکل ٹیم نے انہیں پہلے ٹیسٹ سے باہر کرنے کا فیصلہ کیا۔

بابر اعظم گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کا مستقل حصہ رہے ہیں۔ 2024 میں انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز میں انہیں ڈراپ کیا گیا تھا تاہم جلد ہی دوبارہ ٹیم میں شامل کر لیا گیا تھا۔ یہ جنوری 2021 کے بعد پہلا موقع ہوگا جب بابر اعظم پاکستان کا کوئی بیرون ملک ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے۔

بابر اعظم کی عدم دستیابی پاکستان ٹیم کے لیے بڑا نقصان تصور کی جا رہی ہے کیوں کہ وہ ٹیم کے اہم ترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔ شائقین کرکٹ بھی قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔

ان کی عدم موجودگی میں پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ میں خلا پیدا ہوگیا ہے، جسے پُر کرنے کے لیے ممکنہ طور پر کسی نئے کھلاڑی کو موقع دیا جائے گا۔ امام الحق، شان مسعود اور اذان اویس یا عبداللہ فضل ٹاپ آرڈر کا حصہ بن سکتے ہیں جب کہ محمد رضوان یا سعود شکیل کو اوپر بیٹنگ کرائی جا سکتی ہے۔

موجودہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں پاکستان کی یہ پہلی غیر ملکی ٹیسٹ سیریز ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے تھے، جن میں ایک میں کامیابی اور ایک میں شکست ہوئی تھی جب کہ گزشتہ ٹیسٹ سیریز میں بنگلادیش نے پاکستان کو اس کی سرزمین پر 0-2 سے شکست دے کر تاریخ رقم کی تھی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ کل 8 مئی سے میر پور ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا جب کہ سیریز کا دوسرا میچ 16 مئی سے سہلٹ میں کھیلا جائے گا۔

اس حوالے سے پاکستانی کپتان شان مسعود کا کہنا ہےکہ ٹیسٹ کےلیے تیار  پچ فاسٹ بولرز کے لیے موزوں نظر آرہی ہے، پلیئنگ الیون کا فیصلہ پچ کا آخری جائزہ لینے کے بعد کریں گے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں بابر اعظم نے پہلی بار بطور کپتان پی ایس ایل جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں، ان کی قیادت میں پشاور زلمی نے اپنا دوسرا پی ایس ایل ٹائٹل جیتا ہے۔

بابر اعظم نے پاکستان سپر لیگ 11 میں سب سے زیادہ 588 رنز سکور کیے تھے، جن میں 2 سینچریاں بھی شامل تھیں۔

دو سال قبل بنگلادیش کے ہاتھوں وائٹ واش ہونے والی پاکستان ٹیم نئی آزمائش کے لیے تیار

پاکستان اور بنگلادیش ایک بار پھر کل سے میرپور ڈھاکا کے میدان میں آمنے سامنے ہوں گے۔
شائع 07 مئ 2026 08:37pm

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 2 سال بعد ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ کا مقابلہ ہونے جا رہا ہے، جہاں دونوں ٹیمیں طویل فارمیٹ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی، پاکستان میں کھیلی گئی گزشتہ سیریز میں بنگلادیش نے پاکستان کو 0-2 سے وائٹ واش کرتے ہوئے تاریخ رقم کی تھی، جس کے بعد اب دونوں ٹیمیں نئے چیلنج کے ساتھ کل میدان میں اتریں گی۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب دونوں ٹیموں نے گزشتہ چھ ماہ سے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا۔ پاکستان نے اس دوران زیادہ تر توجہ ٹی20 کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ پر مرکوز رکھی جب کہ بنگلادیش نے محدود اوورز کی کرکٹ میں شرکت کی۔

پاکستان سپر لیگ کے اختتام کے صرف چار روز بعد پہلا ٹیسٹ میرپور میں شروع ہوگا، جہاں حالیہ پی ایس ایل چیمپئن پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم بھی قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

بنگلادیشی ٹیم گزشتہ ٹیسٹ سیریز میں اپنی فاسٹ بولنگ کی بدولت نمایاں رہی تھی، حسن محمود، تسکین احمد اور ناہید رانا نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کیا تھا۔ ناہید رانا حالیہ ون ڈے سیریز اور پی ایس ایل فائنل میں بھی متاثر کن کارکردگی دکھا چکے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کو امید ہے کہ میرپور کی وکٹ اسپنرز کے لیے مددگار ثابت ہوگی۔ بنگلادیش کے خلاف گزشتہ سیریز کے بعد پاکستان نے اسپن بولنگ حکمت عملی اپنائی تھی، جس میں ساجد خان اور نعمان علی نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

پاکستانی ٹیم میں امام الحق کی واپسی متوقع ہے جب کہ اوپننگ میں اذان اویس یا عبداللہ فضل کو ڈیبیو کا موقع دیا جا سکتا ہے۔ ٹیم میں بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان اور شان مسعود جیسے تجربہ کار کھلاڑی شامل ہوں گے۔

بنگلادیشی اسکواڈ میں مشفق الرحیم بدستور اہم کردار ادا کریں گے، جنہوں نے گزشتہ برس آئرلینڈ کے خلاف اپنے 100ویں ٹیسٹ میں سنچری اسکور کی تھی۔ پاکستان کے خلاف راولپنڈی میں ان کی 191 رنز کی اننگز بھی یادگار رہی تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق بنگلادیش نے اب تک پاکستان کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر کبھی ٹیسٹ میں شکست نہیں دی تاہم گزشتہ سیریز میں پاکستان میں 0-2 سے کامیابی حاصل کر کے تاریخ رقم کی تھی۔

پاکستانی اسپنر نعمان علی کو ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹیں مکمل کرنے کے لیے مزید تین شکار درکار ہیں، اگر وہ یہ سنگ میل عبور کرتے ہیں تو وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے نویں پاکستانی بولر بن جائیں گے۔

میرپور ٹیسٹ کے پہلے روز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے تاہم بعد کے دنوں میں موسم بہتر رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بنگلہ دیشی کرکٹر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

36 سالہ کرکٹر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں 159 بین الاقوامی میچز پر مشتمل کیریئر کا اختتام کرنے کا اعلان کیا۔
شائع 15 اپريل 2026 10:58pm

بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر روبیل حسین نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے، 36 سالہ کرکٹر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں 159 بین الاقوامی میچز پر مشتمل کیریئر کا اختتام کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بنگلہ دیشی فاسٹ بولر روبیل حسین نے بدھ کے روز اپنے فیس بک پیغام میں بتایا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ رہے ہیں تاہم وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ بنگلہ دیش کی جانب سے 27 ٹیسٹ، 104 ون ڈے اور 28 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں اور قومی ٹیم ہمیشہ ان کا جذبہ رہی ہے لیکن اب وقت آ گیا تھا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے الگ ہو جائیں۔

روبیل حسین نے اپنا آخری انٹرنیشنل میچ اپریل 2021 میں نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ میں کھیلا تھا۔ اس کے بعد انجریز کے باعث وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی زیادہ متحرک نہیں رہے۔

ان کے کیریئر کا یادگار لمحہ 2015 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا میچ تھا، جہاں انہوں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کے اہم بلے باز این بیل اور کپتان اوئن مورگن کو چند گیندوں کے وقفے سے آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اسٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن کی وکٹیں بھی حاصل کیں اور مجموعی طور پر 53 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش کی جانب سے روبیل حسین نے اپنے کیریئر کا آغاز 2009 میں کیا، وہ اپنی منفرد بولنگ ایکشن اور 140 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رفتار کی وجہ سے پہچانے جاتے تھے۔

بنگلہ دیشی کرکٹر نے اپنے ون ڈے ڈیبیو میں سری لنکا کے خلاف 4 وکٹیں لے کر بنگلہ دیش کو فتح دلائی اور اس فارمیٹ میں مجموعی طور پر 129 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ریٹائرمنٹ کے وقت بنگلہ دیش کے پانچویں کامیاب ترین ون ڈے بولر ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 27 میچز میں 36 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔

اپنے پیغام کے اختتام پر روبیل حسین نے مداحوں، اہل خانہ، دوستوں اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ مستقبل میں بھی انہیں اسی طرح سپورٹ حاصل رہے گی۔

بنگلا دیش: مسافر بس دریا میں جا گری، 23 افراد جاں بحق

بس فیری پر سوار ہونے کے دوران اپنا توازن کھو بیٹھی اور دریا میں جا گری، ریسکیو آپریشن جاری
شائع 26 مارچ 2026 11:12am

بنگلادیش میں دریائے پدما میں بس گرنے سے کم از کم 18 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بس فیری پر سوار ہونے کے دوران اپنا توازن کھو بیٹھی اور دریا میں جا گری، ریسکیو ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

رپورٹس کے مطابق حادثہ دوپہر تقریباً 5:15 بجے دولت دیا فیری ٹرمینل پر پیش آیا۔ بس میں کم از کم 50 مسافر سوار تھے، جن میں 11 خواتین، آٹھ بچے اور چار مرد شامل ہیں۔ اب تک 22 لاشیں ان کے لواحقین کے حوالے کی جا چکی ہیں، جبکہ ایک لاش ابھی تک وصول نہیں کی گئی۔

حادثے کے بعد ریسکیو کشتی ’حمزہ‘ کے ذریعے بس کو چھ گھنٹے کی کوشش کے بعد نکالا گیا۔ بس کا ایک حصہ رات 11:15 بجے مقامی وقت کے مطابق پانی سے نظر آیا، جسے کرین کی مدد سے باہر نکالا گیا۔ اس دوران شدید موسم کی وجہ سے ریسکیو آپریشن مزید مشکل ہو گیا۔

فائر سروس اور کوسٹ گارڈ کے غوطہ خور، پولیس اور فوج کی مدد سے لاپتہ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ بس عید کی تعطیلات کے بعد زیادہ تر مسافروں کو دارالحکومت ڈھاکا لے جا رہی تھی۔

حادثے کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں بس پانی میں ڈوبتے ہوئے دکھائی دے رہی ہے، اور وہاں موجود لوگ خوف کے مارے چیختے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ چند ہی سیکنڈز میں بس مکمل طور پر پانی میں غرق ہو گئی۔

پی ایس ایل بمقابلہ نیوزی لینڈ سیریز: کیا بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو این او سی مل گئے؟

خطے میں کشیدہ حالات کے باوجود پاکستان سپر لیگ 11 کا میلہ بروقت سجے گا
شائع 19 مارچ 2026 04:41pm

پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 11 کے لیے بنگلا دیشی کھلاڑیوں کو این او سی جاری کردیے گئے ہیں۔

خطے میں کشیدہ حالات کے باوجود پاکستان سپر لیگ 11 کا میلہ بروقت سجے گا تاہم بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کے لیے این او سی جاری کردیے ہیں جب کہ کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کی وجہ سے جزوی این او سی جاری کیے گئے ہیں۔

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق پی ایس ایل کی وجہ سے بنگلا دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو نیوزی لینڈ کے ساتھ ٹی 20 سیریز سے چھٹی مل گئی ہے نیوزی لینڈ نے بنگلا دیش میں 17 ، 20 اور 23 اپریل کو ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنا ہے، ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 27 اپریل، 29 اپریل اور 2 مئی کو شیڈولڈ ہے۔

بنگلا دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے بنگلا دیش ٹیم کا کیمپ 27 مارچ سے شروع ہو گا۔

بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق مستفیض الرحمان، پرویز حسین، شرف الاسلام، ناہید رانا، تنزید حسن اور ریشاد حسین کا پی ایس ایل میں معاہدہ ہے، بنگلا دیش کے پی ایس ایل میں کنٹریکٹڈ کھلاڑی کیمپ میں شرکت نہیں کریں گے جب کہ بنگلا دیش بورڈ نے تمام کھلاڑیوں کو جزوی این او سی جاری کیے ہیں۔

بی سی بی حکام کے مطابق کھلاڑیوں کو ون ڈے سیریز کے لیے دستیاب رہنے کا کہا گیا ہے، ون ڈے سیریز ورلڈ کپ کوالیفکیشن کے لیے بڑی اہم ہے، فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو دو حصوں میں این او سی دیا گیا ہے، مستفیض الرحمان کو 26 مارچ سے 12 اپریل اور 24 اپریل سے 3 مئی تک این او سی دیا گیا ہے۔

بی سی بی آفیشل کا کہنا ہے کہ تنزید حسن، شرف الاسلام ناہید رانا اور ریشاد حسین کو 12 اپریل تک این او سی جاری ہوئے ہیں جب کہ پرویز حسین کو 21 اپریل تک پی ایس ایل کے لیے این او سی جاری ہوا ہے۔

یاد رہے کہ غیرملکی کھلاڑی 24 مارچ کو پاکستان پہنچ کر اپنی ٹیموں کو جوائن کریں گے جب کہ ایونٹ کا آغاز 28 مارچ سے ہوگا۔

بنگلہ دیش نے فیصلہ کن ون ڈے جیت کر پاکستان سے سیریز چھین لی

سلمان علی آغا کی سنچری بھی کام نہ آئی
شائع 15 مارچ 2026 09:46pm

ڈھاکا میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ پاکستان کی ٹیم 291 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 279 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

میرپور ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 291 رنز کا ہدف دیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تنزید حسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 107 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کے سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ لٹن داس نے 41 رنز بنائے جبکہ سیف حسن 36 اور نجم الحسن شانتو 27 رنز بنا سکے۔ توحید ہریدوئے نے بھی اہم کردار ادا کرتے ہوئے 44 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس سے بنگلہ دیشی ٹیم ایک مضبوط مجموعہ بنانے میں کامیاب ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے باؤلنگ میں حارث رؤف نمایاں رہے جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم نے آغاز تو کیا لیکن وہ مطلوبہ رفتار برقرار نہ رکھ سکی۔ ٹیم کے کئی بلے باز اچھی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کر سکے۔

اس دوران سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور ٹیم کو جیت کے قریب لانے کی کوشش کی، تاہم ان کی یہ شاندار اننگز بھی پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکی اور پوری ٹیم 279 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں چند تبدیلیاں بھی کی گئی تھیں۔ کپتان شاہین آفریدی نے بتایا کہ شمائل حسین اور حسین طلعت انجری کے باعث میچ میں حصہ نہیں لے سکے، جس کے بعد دو نئے کھلاڑیوں غازی غوری اور سعد مسعود کو قومی ٹیم میں ڈیبیو کا موقع دیا گیا۔

ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں کو کیپ بھی دی گئی، جس میں حارث رؤف نے سعد مسعود جبکہ محمد رضوان نے غازی غوری کو ڈیبیو کیپ پیش کی۔

پاکستانی ٹیم میں اس میچ کے لیے صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، غازی غوری، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عبدالصمد، سعد مسعود، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل تھے۔

واضح رہے کہ تین میچوں کی اس سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت کر برابر تھیں، اس لیے تیسرا میچ فیصلہ کن حیثیت اختیار کر گیا تھا۔

پہلے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 128 رنز سے ہرا کر سیریز برابر کر دی تھی۔ تاہم آخری میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم کامیاب رہی اور سیریز اپنے نام کر لی۔

دوسرا ون ڈے، پاکستان نے بنگلادیش کو 128 رنز سے شکست دیدی

بنگلادیشی ٹیم 24ویں اوورمیں 114رنز پر ڈھیر، 3میچوں کی ون ڈے سیریز1-1سے برابر
اپ ڈیٹ 13 مارچ 2026 10:29pm

تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت بنگلادیش کو 128 رنز سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

میرپور سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے 47.3 اوورز میں 274 رنز بنائے ، پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت 46 گیندوں پر 75 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کے سلمان علی آغا نے 64، محمد رضوان نے 44، صاحبزادہ فرحان نے 31 رنز کی اننگ کھیلی، فہیم اشرف 14، عبدالصمد 11، حسین طلعت 9، شمائل حسین 6 ، کپتان شاہین آفریدی 3 اور محمد وسیم جونیئر ایک رن بنا کر پویلین لوٹے۔

بارش کے باعث بنگلادیش کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف دیا گیا۔ تاہم میزبان ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 24ویں اوور میں 114 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت اور حارث رؤف نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس فتح کے ساتھ پاکستان نے سیریز میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے مقابلہ ایک ایک سے برابر کر دیا ہے۔ تین میچوں کی سیریز کا فیصلہ کن اور آخری ون ڈے اتوار کو کھیلا جائے گا۔

دوسرا ون ڈے: سلمان علی آغا کے متنازع آؤٹ کا چرچا

بنگلادیشی ٹیم نے بھی اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ نہیں کیا۔
شائع 13 مارچ 2026 05:12pm

بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میں پاکستان ٹیم کے بلے باز سلمان علی آغا آؤٹ ہونے پر غصے میں آگئے، جب تھرڈ امپائر نے رن آؤٹ قرار دیا تو دونوں ٹیم کے کھلاڑیوں میں گرما گرمی ہوگئی جب کہ بنگلادیشی ٹیم نے بھی اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ نہیں کیا۔

جمعے کو میرپور ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان کھیلے جارہے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستانی بلے باز سلمان علی آغا متنازع انداز میں رن آؤٹ ہونے پر برہم دکھائی دیے۔ واقعہ پاکستان کی اننگز کے 39 ویں اوور میں پیش آیا جب وہ نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود تھے۔

میچ کے دوران پاکستانی کپتان محمد رضوان نے گیند کو دفاعی انداز میں کھیلتے ہوئے سیدھا بولر کی جانب دھکیل دیا۔ اس دوران گیند ہلکے سے نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود سلمان علی آغا سے ٹکرا گئی جب کہ بنگلہ دیش کے بولر مہدی حسن مرزا بھی ان سے ٹکرا گئے۔

واقعے کے بعد سلمان علی آغا اپنی کریز سے باہر تھے اور جھک کر گیند اٹھا کر بولر کو واپس دینے کی کوشش کر رہے تھے تاہم مہدی حسن مرزا نے ان سے پہلے گیند اٹھائی اور وکٹ پر مار کر انہیں رن آؤٹ کر دیا۔

امپائرز نے اپیل کے بعد سلمان علی آغا کو آؤٹ قرار دے دیا جس کے بعد وہ واضح طور پر ناراض نظر آئے، سلمان علی آغا 62 گیندوں پر 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آؤٹ قرار دیے جانے کے بعد سلمان علی آغا غصے میں نظر آئے اور پویلین واپسی کے دوران انہوں نے اپنے دستانے اور ہیلمٹ زمین پر پھینک دیے۔

پہلے ون ڈے میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں پاکستان کو 8 وکٹوں سے عبرتناک شکست

بنگلہ دیشی ٹیم نے 115 رنز کا ہدف 16 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
شائع 11 مارچ 2026 05:10pm

پہلے ون ڈے میچ میں بنگہ دیش نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے کر تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

بدھ کو ڈھاکا میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں بنگلادیش کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری 31 ویں اوور میں 114 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی تاہم 115 رنز کا ہدف بنگلہ دیشی نے ٹیم 16 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پاکستان کی بیٹنگ

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز کیا، صاحبزادہ فرحان اور معاز صداقت نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 41 رنز جوڑے تاہم صاحبزادہ فرحان کے آؤٹ ہوتے ہی بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی۔

پاکستانی اوپنرز سمیت ٹاپ بیٹنگ آرڈر بنگلہ دیشی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور پاکستانی بلے باز غیر محتاط اسٹروک کھیلتے ہوئے یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے رہے اور 70 کے مجموعی اسکور پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔

آل راؤنڈر فہیم اشرف 37 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے جب کہ صاحبزادہ فرحان 27، محمد رضوان 10 اور معاذ صداقت 18 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، اس کے علاوہ شامل حسین 4، سلمان علی آغا 5 اور حسین طلعت 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ وسیم جونیئر اور عبدالصمد کوئی رنز نہیں بناسکے۔

اس طرح بنگلادیشی بولرز نے پاکستان کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی اور پوری ٹیم کو 30.1 اوورز میں 114 رنز پر چلتا کردیا جب کہ پاکستان کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔

بنگہ دیش کے خلاف پاکستان ٹیم اپنے کم ترین اسکور پر پویلین لوٹ گئی، پاکستان ٹیم کا بنگلادیش کے خلاف ون ڈے میں 114 رنز کم ترین اسکور ہے۔

بنگلادیش کے ناہید رانا کے ون ڈے کیرئیر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 24 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن میراز نے 29 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش کی بیٹنگ

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 115 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے جارحانہ انداز اپنایا، اوپنر تنزید حسن نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

اس کے علاوہ نجمل حسین شانتو نے 27 اور سیف حسن نے 4 رنز بنائے جب کہ لٹن داس 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم جونیئر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس طرح بنگلہ دیش نے مطلوبہ ہدف 15.1 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے میچ با آسانی 8 وکٹوں سے اپنے نام کر لیا اور یوں 3 میچوں کی ون ڈے سیریز میں بنگلہ دیش کو 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

میچ کا ٹاس

ڈھاکا کے شیربنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ کا ٹاس بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان مہدی حسن مرزا نے جیت کر پہلے پاکستان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

ٹاس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا تھا ہم اگر ٹاس جیتتے تو اس ٹریک پر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے، اس وکٹ پر 270 سے 280 تک ایک اچھا ٹوٹل ہوگا۔

بنگلہ دیشی کپتان مہدی حسن کا کہنا ہے کہ ہم ہدف کا تعاقب کرنے میں بہتر ہیں، اس لیے ہدف کا تعاقب کریں گے، ہمارے پاس سیریز جیتنے کا اچھا موقع ہے، اگر جلد وکٹیں مل گئیں تو یہ ہمارے لیے اچھا ہوگا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے 4 کھلاڑی ون ڈے ڈیبیو کر رہے ہیں، صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، عبد الصمد اور شامل حسین اپنے کیرئیرکا پہلا ون ڈے کھیل رہے ہیں۔

یہ 2008 کے بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے ایک ساتھ اتنے کھلاڑی ڈبییو کر رہے ہیں جب کہ صاحبزادہ فرحان ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بھی ٹاپ اسکورر رہ چکے ہیں۔

میچ کے امپائرز میں غازی سہیل، کمار دھرما سینا ہیں جب کہ ٹی وی ایمپائر کے فرائض ایڈریان ہولڈ اسٹاک انجام دے رہے ہیں۔

بنگلہ دیش ٹیم

بنگلہ دیشی ٹیم میں مہدی حسن مرزا (کپتان)، سیف حسن، تنزید حسن، توحید ہردوئے، نجم الحسن شانتو، لٹن داس (وکٹ کیپر)، عفیف حسین، رشاد حسین، تسکین احمد، ناہید رانا اور مستفیض الرحمان شامل ہیں۔

پاکستان ٹیم

پاکستان ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، شامل حسین، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان آغا، حسین طلعت، عبدالصمد، فہیم اشرف، محمد وسیم جونیئر اور ابرار احمد شامل ہیں۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا دوسرا اور تیسرا میچ باِلترتیب 13 اور 15 مارچ کو ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز ڈھاکا کے معروف شیر بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

مائیک ہیسن کا قومی ٹیم پر اعتماد کا اظہار

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے منتخب کی گئی نئی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں نے پاکستان شاہینز اور ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں جگہ بنائی ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر بھی اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

مائیک ہیسن کے مطابق بنگلہ دیش کی کنڈیشنز میں کھیلنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، اس لیے ٹیم کو جلد از جلد مقامی پچ اور موسم کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا تاکہ میزبان ٹیم کو اس کی سرزمین پر سخت مقابلہ دیا جا سکے۔

پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے بنگلہ دیش ٹیم کا اعلان، بڑے ناموں کی چھٹی

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز 11 مارچ سے ڈھاکا میں شروع ہوگی
شائع 06 مارچ 2026 04:39pm

پاکستان کے خلاف 11 سے 15 مارچ تک ڈھاکا میں شیڈول ہوم ون ڈے سیریز کے لیے بنگلہ دیش کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

جمعے کو بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے، ٹیم کی قیادت مہدی حسن میراز کو سونپی گئی ہے جب کہ آل راؤنڈر عفیف حسین کو دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز 11 مارچ سے ڈھاکا میں شروع ہوگی۔ سیریز کے تمام میچز شیرِ بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جب کہ پہلا، دوسرا اور تیسرا ون ڈے بالترتیب 11، 13 اور 15 مارچ کو ہوگا۔

اس سیریز کے لیے اعلان کردہ بنگلہ دیشی اسکواڈ میں سب سے نمایاں واپسی عفیف حسین کی ہے، جو آخری بار دسمبر 2024 میں ون ڈے میچ کھیلے تھے۔ ٹیم انتظامیہ کا خیال ہے کہ ان کی شمولیت مڈل آرڈر کو مزید مضبوط بنائے گی۔

دوسری جانب مہیدُل اسلام بھویان کو بھی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے، وہ اکتوبر 2025 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں بھی ٹیم کا حصہ تھے۔

بنگلہ دیش کے سلیکشن پینل کے چیئرمین غازی اشرف حسین کے مطابق لٹن داس کو حالیہ کمزور فارم کے باوجود اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لٹن داس کوچز کے ساتھ اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور ٹیم کو امید ہے کہ وہ جلد اپنی بہترین فارم میں واپس آئیں گے۔

غازی اشرف حسین نے عفیف حسین کی واپسی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور اس وقت اچھی فارم میں دکھائی دے رہے ہیں تاہم گزشتہ اسکواڈ کا حصہ رہنے والے چند کھلاڑی اس بار ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے، جن میں نورالحسن، جاکر علی اور شمیم حسین شامل ہیں۔

اس کے علاوہ حسن محمود اور تنزیم حسن ثاقب انجری کے باعث دستیاب نہیں ہوں گے۔ حسن محمود ٹینس ایلبو کی تکلیف سے صحت یاب ہو رہے ہیں جب کہ تنزیم حسن ثاقب کمر کی انجری کا شکار ہیں۔ ٹیم انتظامیہ کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کی ماہ کے آخر تک مکمل فٹ ہونے کی توقع ہے۔

پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے بنگلہ دیش کے 15 رکنی اسکواڈ میں مہدی حسن میراز (کپتان)، سومیا سرکار، سیف حسن، تنزید حسن، نجم الحسن شانتو، توحید ہردوئے، لٹن داس، عفیف حسین، مہیدُل اسلام بھویان، رشاد حسین، تنویر اسلام، مستفیض الرحمٰن، تسکین احمد، شرف الاسلام اور نہید رانا شامل ہیں۔

بنگلہ دیش کے خلاف سیریز: پاکستانی اسکواڈ کا اعلان، نئے چہرے بھی شامل

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں کی سیریز 11 سے 15 مارچ تک ڈھاکا میں کھیلی جائے گی۔
شائع 04 مارچ 2026 03:16pm

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلہ دیش کے خلاف 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

بدھ کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے ساتھ سیریز کے لیے 15 رکنی قومی ون ڈے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جب کہ تین میچوں کی سیریز 11 سے 15 مارچ تک ڈھاکا کے شیرِ بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

پی سی بی کے مطابق قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کریں گے جب کہ اسکواڈ میں چھ نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

جن نئے کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، ان میں عبدالصمد، معاذ صداقت، محمد غازی غوری، سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان اور شامل حسین شامل ہیں، ان کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جب کہ عبدالصمد، معاذ صداقت، سعد مسعود اور شامل حسین حال ہی میں پاکستان شاہینز کی جانب سے ابو ظہبی میں انگلینڈ لائنز کے خلاف سیریز میں شریک رہے تھے۔

قومی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فیصل اکرم، حارث رؤف، حسین طلعت، معاذ صداقت، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا اور شامل حسین شامل ہیں جب کہ بابراعظم، صائم ایوب، محمد نواز اور نسیم شاہ کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔

سیریز کے شیڈول کے مطابق قومی ٹیم 8 مارچ کو بنگلہ دیش پہنچے گی جب کہ 10 مارچ کو پریکٹس سیشن ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے 11 مارچ، دوسرا 13 مارچ اور تیسرا ون ڈے 15 مارچ کو کھیلا جائے گا جب کہ تینوں میچز ڈھاکا کے میں کھیلے جائیں گے۔

ڈھاکا: پاکستان کا بنگلادیش کی نئی حکومت سے پہلا سفارتی رابطہ

ڈھاکا میں پاکستانی ہائی کمشنر کی بنگلادیشی وزیرِ خارجہ سے ملاقات، عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی
اپ ڈیٹ 23 فروری 2026 04:02pm
Pakistan Bangladesh Diplomatic Talks | Imran Haider Meets Khalil Rahman | Bilateral Cooperation

بنگلا دیش میں 12 فروری 2026 کو عام انتخابات کے بعد پاکستان کی جانب سے بنگلا دیشی حکومت سے سفارتی سطح پر پہلا باضابطہ رابطہ ہوا ہے۔

بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر کی بنگلا دیش کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمان سے ملاقات ہوئی۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے ڈاکٹر خلیل الرحمان کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور پاکستان بنگلا دیش تعلقات میں حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے مختلف شعبوں میں مثبت رفتار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تعلیم، باہمی رابطے، تجارت، زراعت اور صحت کے ساتھ ساتھ دو طرفہ ادارہ جاتی میکانزم کا انعقاد پر بھی مشاورت کی گئی۔

بنگلا دیشی وزیرِ خارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمان نے دوطرفہ تعلقات پر بریفنگ کو سراہتے ہوئے پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات میں حالیہ پیش رفت پر اطمینان کا اظہارکیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران دو طرفہ تعاون میں وسعت کرنے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش کے پارلیمانی انتخابات میں بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) بھاری اکثریت کے ساتھ اقتدار میں واپس آئی ہے۔ بی این پی اور اس کے اتحادیوں نے حالیہ عام انتخابات میں 212 نشستیں حاصل کر کے پارلیمان میں دو تہائی اکثریت حاصل کی تھی جب کہ جماعت اسلامی 68 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی۔ طلبہ کی جماعت این سی پی نے 6 نشستیں جیتی تھیں۔

سابق وزیرِاعظم خالدہ ضیا کے بیٹے اور بی این پی کے قائد طارق رحمان نے 17 فروری کو وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھالیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے طارق رحمان کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور انہیں پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔

بنگلا دیش کی سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ 5 اگست 2024 کو استعفا دے کر ملک سے فرار ہوگئی تھیں۔ سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم کے خلاف شروع ہونے والی ملک گیر طلبہ تحریک ان کی حکومت کے خاتمے کی وجہ بنی۔

مظاہرے ملک بھر میں پھیلے تو شیخ حسینہ نے پُر امن احتجاج کو طاقت سے کچلنے کا حکم دیا۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انکار پر شیخ حسینہ نے استعفا دیا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھارت فرار ہو گئیں۔

شیخ حسینہ کے استعفے کے بعد طلبہ تحریک کی قیادت نے ڈاکٹر محمد یونس کا نام عبوری حکومت کی سربراہی کے لیے پیش کیا تھا۔ نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کی قیادت میں 8 اگست 2024 کو عبوری حکومت کا قیام عمل میں آیا جو تقریباً 18 ماہ تک قائم رہی۔

اس حکومت کا بنیادی مقصد ملک میں آئینی اور انتخابی اصلاحات کرنا اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا تھا جو بالآخر 12 فروری کو منعقد ہوئے جس میں بی این پی نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔

بنگلہ دیش نے بھارتی ایئرلائن کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دیں

بنگلہ دیش سفارتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے بھارت کو مختلف معاملات پر چیلنج کر رہا ہے: ماہرین
اپ ڈیٹ 21 فروری 2026 12:10pm

بنگلہ دیش نے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر بھارتی ایئرلائن اسپائس جیٹ کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں، جس کے بعد متعلقہ پروازوں کو متبادل راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں۔

بنگلہ دیشی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ فیصلہ واجبات کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث کیا گیا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط متاثر ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق فضائی حدود بند ہونے کے بعد اسپائس جیٹ کی پروازوں کا دورانیہ بڑھ گیا ہے اور ایندھن کے استعمال میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ متبادل راستے اختیار کرنے سے آپریشنل اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے، جس کا براہ راست اثر ائرلائن کی مالی حالت پر پڑ سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اسپائس جیٹ گزشتہ چند ماہ سے مالی مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔

کمپنی نے حالیہ مالی رپورٹ میں 269.27 کروڑ روپے کے نقصان کا اعتراف کیا ہے، جبکہ اس کے شیئرز میں بھی معمولی کمی دیکھی گئی۔

ماہرین کے مطابق پہلے سے موجود مالی دباؤ کے دوران فضائی حدود کی بندش کمپنی کے لیے ایک اور چیلنج ثابت ہو سکتی ہے۔

ادھر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش اور بھارت کے تعلقات حالیہ عرصے میں کشیدگی کا شکار رہے ہیں اور بعض معاملات تنازعات کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔

ماہرین کے مطابق بنگلہ دیش سفارتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے بھارت کو مختلف معاملات پر چیلنج کر رہا ہے، جس کا اثر تجارتی اور فضائی شعبوں پر بھی پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب بھارتی ایوی ایشن انڈسٹری کو بھی مجموعی طور پر مشکلات کا سامنا ہے۔ بڑھتے ہوئے اخراجات، مسابقت اور مالی دباؤ کے باعث کئی ائرلائنز کو چیلنجز درپیش ہیں۔

ایسے میں فضائی حدود کی بندش جیسے اقدامات صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔

تاحال اسپائس جیٹ یا بھارتی حکام کی جانب سے اس معاملے پر کوئی تفصیلی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا، تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ مسئلے کے حل کے لیے سفارتی اور مالی سطح پر بات چیت ناگزیر ہوگی تاکہ پروازوں کا معمول بحال کیا جا سکے اور دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط میں مزید رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

پاکستان کا دورہ بنگلہ دیش: 3 ون ڈے میچز کی سیریز کا شیڈول سامنے آگیا

دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ میچز کب اور کہاں کھیلے جائیں گے؟
اپ ڈیٹ 20 فروری 2026 09:27pm

پاکستان کرکٹ ٹیم مارچ میں 3 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کے شیڈول کی تصدیق کر دی ہے جب کہ تمام میچز ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان مینز کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ مارچ میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی، دورے کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ اس بات کی تصدیق پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کی ہے۔

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق پاکستان ٹیم 9 مارچ کو بروز پیر کو بنگلہ دیش پہنچے گی۔ قومی ٹیم 10 مارچ بروز منگل کو پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی تاکہ پہلے میچ سے قبل تیاری مکمل کی جا سکے۔

سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ 11 مارچ، دوسرا 13 مارچ اور تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ 15 مارچ کو کھیلا جائے گا جب کہ سیریز کے تمام میچز شیرِ بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلے جائیں گے، یہ جولائی 2025 کے بعد پاکستان کا بنگلہ دیش کا دوسرا دورہ ہوگا۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے جولائی 2025 میں تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے لیے بنگلہ دیش کا رخ کیا تھا، جس میں میزبان ٹیم نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

دوسری جانب بنگلہ دیش نے گزشتہ سال مئی اور جون میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں تین ٹی 20 میچوں کی سیریز میں سلمان علی آغا کی قیادت میں پاکستان نے 3-0 سے کلین سوئپ کیا تھا۔

ماہرین کے مطابق آئندہ ون ڈے سیریز دونوں ٹیموں کے لیے اہمیت کی حامل ہے کیوں کہ یہ نہ صرف باہمی مقابلوں کا تسلسل ہے بلکہ مستقبل کی عالمی ون ڈے سرگرمیوں کی تیاری کے لیے بھی مفید ثابت ہو سکتی ہے۔ شائقین کرکٹ کو ایک بار پھر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دلچسپ مقابلوں کی توقع ہے۔

بنگلہ دیش کے نومنتخب وزیراعظم طارق رحمان اور ان کی کابینہ نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

حلف برداری کی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کی۔
شائع 17 فروری 2026 03:23pm

بنگلہ دیش کے نو منتخب وزیر اعظم کی طارق رحمان اور ان کی کابینہ نے حلف اٹھا لیا ہے، صدر بنگلہ دیش نے وزیر اعظم اور ان کی کابینہ سے حلف لیا۔ تقریب میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر احسن اقبال نے کی۔

قبل ازیں، منگل کی صبح بنگلہ دیش کی تیرہویں جاتیہ سنگسد (پارلیمنٹ) کے نومنتخب ارکانِ پارلیمنٹ نے بھی حلف اٹھایا، نامزد وزیراعظم طارق رحمان نے بھی بطور رکن پارلیمان حلف لیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی تیرہویں جاتیہ سنگسد کے نومنتخب ارکان سے چیف الیکشن کمشنر اے ایم ایم نصیرالدین نے حلف لیا۔ نامزد وزیراعظم طارق رحمان نے بھی بطور رکن پارلیمان حلف اٹھایا۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور اس کے اتحادیوں نے حالیہ عام انتخابات میں 212 نشستیں حاصل کر کے پارلیمان میں دو تہائی اکثریت حاصل کی تھی، جس کے بعد حکومت سازی کی راہ ہموار ہوئی۔ جبکہ جماعت اسلامی 68 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ طلبہ کی جماعت این سی پی نے 6 نشستیں جیتی تھیں۔

اس سے قبل بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے قوم سے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ عبوری حکومت سبکدوش ہو رہی ہے اور نئی منتخب حکومت کے آنے کا راستہ ہموار ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں ووٹرز اور سیاسی جماعتوں نے ایک مثال قائم کی ہے۔

محمد یونس نے امید ظاہر کی کہ بنگلہ دیش میں جمہوری عمل، آزادی اظہار اور بنیادی حقوق کا تسلسل برقرار رہے گا۔ انہوں نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی شاندار کامیابی کو سراہتے ہوئے پارٹی سربراہ طارق رحمان کو مبارکباد بھی دی۔

واضح رہے کہ عبوری حکومت تقریباً 18 ماہ سے ملک کا نظم و نسق سنبھالے ہوئے تھی۔ اس دوران محمد یونس نے 2024ء میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد سیاسی عبوری دور کی قیادت کی، عام انتخابات کرائے اور جین زی کے مطالبات پر مبنی آئینی اصلاحات کے لیے ریفرنڈم بھی منعقد کرایا۔