Aaj News

منگل, مئ 21, 2024  
12 Dhul-Qadah 1445  
Live
Politics May 13 2023

عمران تفتیش میں رکاوٹ ڈالیں تو نیب ضمانت منسوخی کی درخواست دے، عدالت

اسلام آباد ہائیکورٹ نے القادر ٹرسٹ کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا
اپ ڈیٹ 13 مئ 2023 02:55pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر

اسلام آباد ہائیکورٹ نے القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان تفتیش میں رکاوٹ ڈالیں تو نیب ضمانت منسوخی کی درخواست دے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں دی گئی عبوری ضمانت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

7 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ عمران خان تفتیش میں رکاوٹ ڈالیں تو نیب ضمانت منسوخی کی درخواست کرسکتا ہے، تفتیشی کو جب بھی ضرورت ہوعمران خان ان کے سامنے پیش ہوں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل، ایڈیشنل اٹارنی نے کہا آرٹیکل 245 کا نفاذ ہے، عمران خان کو ریلیف نہیں مل سکتا، ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی کا یہ مؤقف جارحانہ ہے۔

عدالت نے کہا کہ اس مؤقف کا مطلب وہ بنیادی حقوق غصب کرنا ہے جو جمہوری اور اسلامی ریاست کی بنیاد ہیں، تصور نہیں کیا جا سکتا ایک ذمے دار حکومت شہریوں کے لیے انصاف کی رسائی میں یہ رکاوٹ ڈالے گی، آرٹیکل 245 کے نفاذ میں عدالت تک رسائی کے نکتے پر اٹارنی جنرل کو نوٹس کیا اور ان سے اہم آئینی نکتے پر معاونت طلب کی۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے متعلقہ فورم احتساب عدالت کے ہونے کا اعتراض اٹھایا، عمران خان کو سپریم کورٹ احکامات پر ہائی کورٹ پیش کیا گیا، ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا اعتراض درست نہیں، ہائیکورٹ کوڈ آف کرمنل پروسیجر کی سیکشن 561 اے کے تحت بھی کیس سننے کا اختیار رکھتی ہے۔

تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ تفتیشی افسرنے عدالت کو بتایا کہ دوران تفتیش عمران خان سے کیس سے متعلق کچھ سوالات ضرورکیے گئے، عمران خان سے کسی دستاویز سے متعلق نہیں پوچھا گیا، عمران خان کی31 مئی تک عبوری ضمانت منظور جاتی ہے۔

توشہ خانہ کیس کی سماعت

دوسری جانب اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت ہوئی۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہرنے عدالت کو آگاہ کیا کہ توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم امتناع دیا ہوا ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی مستند کاپی فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 16 مئی تک ملتوی کردی۔

جناح ہاؤس لاہور پر حملہ کرنے والے 72 گھنٹے کے اندر گرفتار کیے جائیں، وزیراعظم

شہباز شریف کا جناح ہاؤس لاہور کا دورہ، عسکری قیادت سے ملاقات
اپ ڈیٹ 13 مئ 2023 05:53pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

وزیراعظم شہباز شریف نے جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے افراد کو 72 گھنٹے میں گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم نے سیف سٹی اتھارٹی کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو ملکی تاریخ کا دلخراش واقعہ ہوا، پولیس اور آرمی افسران کی عیادت کرکے آیا ہوں، جو واقعات ہوئے دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ جناح ہاؤس مکمل طور پر جل چکا ہے، جو کام دشمن نہ کرسکا وہ بدقسمتی سے مسلح جتھے نے کیا، مسلح جتھے نے جناح ہاؤس کو راکھ میں تبدیل کردیا، جناح ہاؤس کا ہر کمرہ آگ سے مکمل جلا ہوا ہے، تاریخی اشیا سب تباہ ہوگئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ المناک واقعے کے بعد قوم غمگین ہے، مسلح جتھہ کسی حوالے سے پاکستان کے دشمن سے کم نہیں، جن لوگوں نے بدترین حرکت میں حصہ لیا انہیں سزائیں دی جائیں گی، جو پولیس اور سولجرز پر حملہ آور ہوئے، قانون انہیں گرفت میں لے گا، شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

وزیراعظم نے حکم دیا کہ جناح ہاؤس حملے میں ملوث افراد 72 گھنٹے میں گرفتار ہونے چاہئیں، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔

وزیراعظم کا جناح ہاؤس لاہور کا دورہ، عسکری قیادت سے ملاقات

وزیراعظم شہبازشریف نے جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کیا ، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ جناح ہاؤس لاہور پہنچے تھے۔

شہباز شریف نے عسکری قیادت سے ملاقات کی اور اظہار یکجہتی کیا، جس کے بعد وزیراعظم سروسز اسپتال گئے جہاں انہوں نے توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی میں زخمی ہونے والے ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی اور دیگر اہلکاروں کی عیادت کی۔

کور کمانڈر ہاؤس حملہ: ’ایسی سزائیں دی جائیں گی کہ مثال بن جائے‘

دوسری جانب جناح ہاؤس المعروف کور کمانڈر ہاؤس کے دورے کے بعد وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ 9 مئی کو بلوائیوں نے حملہ کیا، یہ خیال بھی نہ رکھا کہ یہ تاریخی عمارت ہے، حملے کے وقت فیملیز بھی موجود تھیں، سوچا بھی نہیں جاسکتا کہ اس طرح کا واقعہ ہوگا اور قوم کے سرشرم سے جھک جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کاش ہماری زندگیوں میں یہ لمحہ نہ آتا، جنہوں نے یہ کارروائی کی قانون کا آہنی ہاتھ انہیں گرفت میں لے گا، ان کو ایسی سزائیں دی جائیں گی کہ مثال بن جائے۔

وزیراعظم نے سوال اٹھایا کہ سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں کے گھروں پر اس طرح کی ملک دشمنی کرنا کہاں کی پاکستانیت ہے؟

انہوں نے کہا کہ سب کچھ عمران نیازی نے پلان کیا، اس نے ہی اکسایا، ملزمان اور انہیں اکسانے والوں کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

جی ایچ کیو گیٹ پر حملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل، پنجاب حکومت بھی ایکشن میں

جے آئی ٹی واقعات کی تحقیقات کر کے جامع رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی
اپ ڈیٹ 13 مئ 2023 04:39pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی

عمران خان گرفتاری کے خلاف پُرتشدد مظاہرے میں جی ایچ کیو گیٹ پر حملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

ایس ایس پی انوسٹی گیشن زنیرا اظفر کمیٹی کی سربراہ ہوں گے، جبکہ کمیٹی میں ایس ڈی پی او کینٹ اور ایس ڈی پی او سٹی بھی شامل ہیں۔

کمیٹی میں ایس ایچ او آر اے بازار اور سول لائنز بھی شامل ہیں۔

جی ایچ کیو گیٹ پر حملہ کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج ہے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے حالیہ ہنگامہ آرائی اور عسکری و سول تنصیبات میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انوسٹی گیشن (جے آئی ٹی) بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت امن وامان کی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں جناح ہاؤس، عسکری و سول تنصیبات میں توڑپھوڑ اور جلاؤ گھیراؤکی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جے آئی ٹی واقعات کی تحقیقات کرکے جامع رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔

اجلاس میں تمام شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ توڑ پھوڑ والے تمام مقامات کی جیو فینسنگ کرائی جائے گی، شرپسندوں کے خلاف تمام کیس انسدادہشت گردی کی عدالت میں چلائے جائیں گے، کسی گناہ گار کو چھوڑیں گے نہیں اوربے گناہ کوپکڑیں گے نہیں، شواہد اور ثبوتوں کے ساتھ ہرشرپسندکو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ عسکری و سول املاک پر حملہ کرنے والے عناصر عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے، شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پنائی ہے، صورتحال میں بہتری آرہی ہے، عوام کےجان ومال کےتحفظ کویقینی بنائیں گے، شرپسند عناصرکے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری فورس الرٹ ہے۔

فوج کے دفاتر پر حملہ کرنے والوں کو سزائیں دلوانے کیلئے ٹیمیں سرگرم

لاہور جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے بیشتر شرپسندوں کی شناخت
اپ ڈیٹ 13 مئ 2023 11:00am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد لاہور کینٹ میں شرپسندوں کی جانب سے فوج کے دفاتر پر حملہ کرنے والوں کو سزائیں دلوانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں سرگرم ہوگئیں۔

لاہور کینٹ میں شر پسندوں نے ملک دشمنوں کی طرح فوج کے دفاتر پر حملہ کیا، 9 مئی سیاہ ترین باب کے طور پر ملکی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔

جناح ہاؤس میں شہداء کی تصاویرکی پامالی سمیت سرکاری املاک پر جلاؤ گھیراؤ اور لوٹ مارکا بازار گرم کیا گیا۔ جناح ہاؤس میں فوجی دفاتر کو بھی ملک دشمنوں کی طرح نشانہ بنایا گیا۔

لاہور میں شر پسندوں نے فوجی دفاتر کو بھی نہ چھوڑا، چند شرپسند سیاسی قائدین کے اشاروں پر فوجی دفاتر پر حملہ کرکے وہاں پرموجود سامان اور دیگر چیزوں کو جلا کر خاکستر کردیا گیا۔

شرپسندوں نے حملہ میں دفاتر کی دَر و دیوار کو مِسمارکر کے اپنے مکروہ عزائم سے ثابت کردیا کہ یہ حملہ دراصل ملک دشمنی میں وطنِ عزیز اور اس کے محافظین پر کیا گیا۔

ہائی لیول قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیموں کوسرگرم کر دیا گیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو قانون کے مطابق قرار واقع سزائیں دلوائی جا سکیں۔

لاہور جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے بیشتر شرپسندوں کی شناخت

لاہور جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے بیشتر شرپسندوں کی شناخت کرلی گئی، مزید شناخت کیے جانے والوں میں 14 شرپسندوں میں سے 9 کا تعلق لاہور سے ہے، راولپنڈی ، لودھراں، پاک پتن، ملتان اور اوکاڑہ سے ایک ایک شرپسند کی شناخت ہوئی۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جناح ہاوٴس اور دیگر فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے بیشتر شرپسندوں کی شناخت کرلی۔

ان شرپسندوں میں دانش منیر، سعود، عدنان اشرف، علی حسن عباس، چوہدری مسعود معراج، علی افتخار، وقاص پرویز، یوسف گلزار اورمحمد ارسلان کا تعلق لاہور سے ہے۔

فاروق زمان راولپنڈی، محمد تیمور جعفر لودھراں ، عامرحمزہ پاک پتن، سجاد سعید ملتان اور علی رضا کا تعلق اوکاڑہ سے ہے۔

مزید شر پسندوں کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے، جناح ہاوٴس کو جلانے، توڑپھوڑکرنے اورقیمتی اشیاء ودستاویزات چوری کرنے والے کے خلاف مزید تیزی سے قانون حرکت میں آیا۔

شر پسندوں کے خلاف انسداد دہشت گردی کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔

پرتشدد کارکنان مسلح آتشی اسلحہ، ڈنڈے ، پتھر اور پیٹرول بم سے لیس تھے، ملکی املاک کو نقصان پہنچانے والے مزید افراد قانون کی گرفت میں آرہے ہیں۔

عمران خان کیخلاف درج مقدمات پر کارروائی روکنے کی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری

لاہور ہائیکورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے 2 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا
شائع 13 مئ 2023 09:52am

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف درج مقدمات پر کارروائی روکنے کی درخواست کا عبوری تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے سماعت 26مئی تک ملتوی کردی ۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے 2 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئی جی پنجاب نے عمران خان کےخلاف پنجاب میں درج فوجداری مقدمات کی رپورٹ پیش کی، رپورٹ کے مطابق عمران خان کے خلاف پنجاب میں 9 فوجداری مقدمات درج ہیں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ رپورٹ کے مطابق لاہور کے تھانوں میں درج ساتوں مقدمات میں تفتیش جاری ہے، رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں درج فوجداری مقدمے میں عمران خان بے گناہ ہیں، فیصل آباد میں عمران خان کے خلاف درج فوجداری مقدمہ خارج ہوچکا ہے۔

کراچی: گورنر ہاؤس کے باہر سائلین کیلئے گھنٹی نصب

عمران خان ملک کیلئے سیکیورٹی رسک بن چکے ہیں، کامران ٹیسوری
اپ ڈیٹ 13 مئ 2023 11:02pm
گورنر سندھ کامران ٹیسوری
گورنر سندھ کامران ٹیسوری

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری پر ردعمل ایک پلان کے تحت دیا گیا، دنیا میں کہیں نہیں ہوتا کہ آپ مسلح افواج کے دفاتر میں گھس جائیں، ایک سیاسی جماعت کے رہنما نفسیاتی اور انا پرست ہیں۔

گورنر سندھ نے مغلیہ سلطنت کی یاد تازہ کردی۔ عدل جہانگیری کی طرز پر فراہمی انصاف کی خاطر گورنر ہاؤس کے باہر لگائی جانے والی گھنٹی کا افتتاح کردیا۔

کامران خان ٹیسوری نے ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عوام اپنی پریشانیوں کے حل کے لئے رات 12 سے صبح تک امید کی گھنٹی بجا سکتے ہیں۔ جس کا مقصد شہریوں کے مسائل حل کرنا ہے۔

اس سے قبل گورنر سندھ کا گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ عمران خان اس ملک کے لیے سیکیورٹی رسک بن چکے ہیں، انہوں نے بھارتی میڈیا کو خوش کرنے کی کوشش کی ،پاکستان اس وقت معاشی اور سیاسی بحران کا شکار ہے ، کسی پارٹی کے سربراہ کو گرفتار کیا گیا تو اس کا رد عمل کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ کر کے دیا ،کور کمانڈر ہاؤس پر جب لوگ گھس رہے تھے تو ان کی سیکیورٹی پر معمور افراد کے پاس گولیاں نہیں تھیں ،میں افواج پاکستان کو سلام پیش کرتا ہوں انہوں نے تحمل کا مظاہرہ کیا ۔

کامران خان ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت کے سربراہ ذہنی بیمار ہیں ،عمران خان جب خود گرفتار ہوئے تو بشرا بی بی کہاں تھیں ،آپ دوسروں کی فیملی کو سڑکوں پر بلا رہے تھے لیکن آپ کی فیملی غائب تھی انہیں پتہ تھا یہ سازش ہے ۔

گورنر سندھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ افواج پاکستان چاروں صوبوں کی سلامتی کی ضامن ہے، اپنے نفسیاتی پن سے آپ باہر آ جائیں آپ سیاستدان نہیں کھلاڑی ہیں ،میں عدالتوں سے سوال کرتا ہوں کل جب دوسرے وکلا ءکیس فائل کریں گے وہ اس قسم کا فیصلہ مانگیں گے ،یہ روایتیں صرف عمران خان کے لیے تو پھر سوال اٹھے گا ،آئندہ کوئی بھی سیاستدان بکتر بند گاڑی میں نہیں مرسڈیز میں لایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران نے عدالتوں میں عوامی نہیں ججز کا واش روم استعمال کرتے رہے ، شاہ محمود قریشی سے کہتا ہوں حوش کے ناخن لیں ،کہیں ایسا نہ ہوں وہ آپ سے بھی کھیل رہے ہوں ،اگر صرف یہ اقتدار حاصل کرنے کی جنگ ہے تو آپ خود کہہ رہے ہیں آرمی چیف میرے خلاف ہے ،ہم میں سے کوئی پاکستانی اس چیز کو برداشت نہیں کرے گا ،جو شخص ایک دن پہلے ویل چیئر پر تھا جب آرڈر ملا گرفتار نہیں کیا جائے گا وہ کیسے بھاگا ،قائد اعظم کی رہائش گاہ کو بھی لاہور میں نقصان پہنچایا گیا ۔

ان کا مزید کہناتھاکہ 21 مئی شام 4بجے سارے پاکستانی پاک فوج اور قائد اعظم سے اظہار یکجہتی کے لیے مزار قائد پہنچیں۔

سندھ: پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنان کو ایم پی او کے تحت نظر بند رکھنے کا فیصلہ

محکمہ داخلہ سندھ نے ایک ماہ کی نظر بندی کے احکامات جاری کردیے
اپ ڈیٹ 13 مئ 2023 09:50am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ رائٹرز
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ رائٹرز

سرکاری و نجی اداروں پر حملے، توڑ پھوڑ، تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں سندھ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کو ایم پی او کے تحت 30 دن کے لیے نظر بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

محکمہ داخلہ سندھ نے جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں گرفتار افراد کے ایم پی او کے تحت ایک ماہ کی نظر بندی کے احکامات جاری کردیے۔

کراچی میں جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی کے کارکنان کو لاڑکانہ ، سکھر، جیکب آباد سمیت دیگر جیلوں میں رکھا جائے گا۔

پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران گرفتار ہونے والوں کی تعداد 400 سے تجاوز کرگئی جبکہ 263 سے زائد گرفتار افراد کو ایم پی او کے تحت نظر بند کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے احتجاج کی آڑ میں افغان باشندوں نے بھی لوٹ مار، جلاؤ گھیراؤ اور تشدد میں حصہ لیا۔ ایم پی او کے تحت نظر بند کیے جانے والے افراد میں افغان باشندے بھی شامل ہیں۔

عمران کا بیان اعتراف جرم، آرمی چیف ان کی کرپشن سے آگاہ ہیں، شہباز شریف

وزیراعظم کی عمران خان کی آرمی چیف سے متعلق الزام تراشی کی شدید مذمت
اپ ڈیٹ 13 مئ 2023 11:10am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے متعلق الزام تراشی کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی کا بیان پاک فوج کے خلاف اس کی گھٹیا ذہنیت کا ایک اور ثبوت ہے، یہ بیان 9 مئی کے المناک واقعات کے ماسٹر مائنڈ کا اعتراف جرم ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ وہی ذہنیت ہے جس نے محب وطن آرمی افسران پر اپنے قتل کے جھوٹے الزامات لگائے، سائیفر اور بیرونی سازش کی جھوٹی کہانیاں گھڑیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ملک دشمنی اور دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ کے اصل عزائم کا اظہار ہے۔ بیان اعتراف ہے کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ عمران نیازی کے کہنے پر ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیان ثبوت ہے کہ شہدا ءاور غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی، حساس تنصیبات اور عمارتوں پر حملے کے پیچھے منصوبہ بندی عمران خان کی تھی۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ سید عاصم منیر سے تکلیف یہ ہے کہ وہ بطور ڈی جی آئی ایس آئی عمران نیازی، ان کی اہلیہ، فرح گوگی اور پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کی بدترین کرپشن سے آگاہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آرمی کے انتہائی ڈیکوریٹڈ، رینک اینڈ فائل میں ہردلعزیز اور میرٹ پر آرمی چیف بننے والے جنرل سید عاصم منیر کے خلاف ہرزہ سرائی بدنیتی کے سوا کچھ نہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ شمشیر اعزاز اور حافظ قرآن ایماندار آرمی چیف سے عمران نیازی خوفزدہ ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے والی بہادر فوج کے سپہ سالار کے خلاف اس نوعیت کی گفتگو دہشت گردوں کی حمایت ہے اور پوری قوم مسلح افواج اور آرمی چیف کے ساتھ کھڑی ہے۔

جنرل عاصم منیر سے متعلق کوئی بھی غلط بات نہیں سوچی، عمران خان

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی چیف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنرل عاصم منیر سے متعلق کوئی بھی غلط بات نہیں سوچی، یہ پیغام آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو بھی بھیج چکا ہوں، وعدہ ہے کہ اقتدار میں آکر جنرل عاصم منیر کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھوں گا۔

تاہم عمران خان نے یہ بھی کہا کہ تمام واقعات کا ذمہ دار ایک شخص ہے اور وہ ہے ۔۔۔ ۔

عمران خان نے کہا کہ اس شخص کا خدشہ تھا کہ جب مین اقتدار میں آؤں گا تو اسے ڈی نوٹی فائی کر دونگا لیکن میں کسی کو ڈی نوٹی فائی نہیں کرتا۔

عمران خان رہائی کے بعد اسلام آباد سے زمان پارک پہنچ گئے

حلمیہ خان اور بھانجے سمیت کارکنوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کا پرتپاک استقبال کیا
شائع 13 مئ 2023 08:31am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان رہائی کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ سے زمان پارک لاہور پہنچ گئے۔

عمران خان قافلے کی صورت میں رات گئے زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ پہنچے، جہاں ان کی بہن حلمیہ خان اور بھانجے سمیت کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو اسلام آباد سے آئی جی کی گاڑی میں ٹول پلازہ پہنچایا گیا، انہوں نے چکری ریسٹ روم میں تھوڑی دیر قیام کیا، بھیرہ سے عمران خان اپنی سیکیورٹی ٹیم کے ہمراہ بلٹ پروف گاڑی میں لاہور کے لیے روانہ ہوئے۔

رات گئے ٹھوکر نیاز بیگ پر کارکنوں کی بڑی تعداد نے اپنے قائد کا شاندار استقبال کیا، بھنگڑے ڈالے، آتشبازی کی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان 5 گھنٹے کی تاخیر سے اسلام آباد ہائیکورٹ سے لاہور کے لیے روانہ ہوئے۔

اپنے وڈیو پیغام میں عمران خان نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد نے روکنے کی پوری کوشش کی لیکن اللہ کا کرم ہے ہم لاہور کے لیے نکل چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی نے ہمیں کئی گھنٹے روکے روکھا اور کہتا رہا کہ باہر بہت خطرہ ہے لیکن پھر میں نے اسے کہا کہ میں پورے پاکستان کو بتاؤں کہ تم نے مجھے اغوا کر رکھا ہے اور پھر میرے دباؤ کے بعد ہمیں عدالت سے نکلنے کی اجازت ملی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ہم لاہور کے لیے نکلے تو سڑکیں خالی پڑی ہوئی تھیں اور کسی قسم کا خطرہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ میرے راستے میں جو لوگ استقبال کے لیے کھڑے تھے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو کسی بھی کرمنل کیس میں پیر تک ملک بھر سے گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔