Aaj News

اتوار, مئ 12, 2024  
03 Dhul-Qadah 1445  
Live
turkiye

پاکستان اورترکیہ میں اہم مذاکرات آج انقرہ میں ہوںگے

سیکیورٹی، معاشی،سیاسی شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا جائےگا، ترجمان
شائع 05 جولائ 2023 05:16pm
تصویر: روئٹرز/ فائل
تصویر: روئٹرز/ فائل

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اہم مذاکرات آج ترک دارالحکومت انقرہ میں ہوں گے، پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ ڈاکٹراسد مجید کریں گے۔

ترجمان کے مطابق سیکیورٹی، معاشی،سیاسی شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا جائےگا اور پاک ترک ہائی لیول کوآرڈینیشن کونسل کے اجلاس پرمشاورت ہوگی۔

پاک ترک مذاکرات میں ترکیہ کے وفد کی قیادت ڈپٹی وزیرخارجہ براک اکسپارکریں گے، جبکہ پاک ترک ہائی لیول کوآرڈینیشن کونسل کا اجلاس اسلام آباد میں ہوگا۔

ترکیہ میں پابندی کے باجود ہم جنس پرستوں کی ریلی

ایمنسٹی انٹرنیشنل یورپ کے ڈائریکٹرکا حکومت پر تعصب پرستی کو ہوا دینے کا الزام
شائع 26 جون 2023 10:57am
تصویر: دی گارڈین
تصویر: دی گارڈین

ترکیہ میں انتخابات کے ایک ماہ بعد ترک ایکٹوسٹس نے استنبول میں ہم جنس پرستوں کے سالانہ ’پرائڈ مارچ‘ کے انعقاد پر پابندی کی خلاف ورزی کی ہے۔

استنبول کے مضافاتی علاقے نشانتاسی سمیت سال 2013 میں حکومت مخالف مظاہروں کے مقام تاکسم اسکوائر پر چند سو مظاہرین نے مخصوص جھنڈے لہراتے ہوئے ریلیاں نکالیں۔

خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق رواں سال کا پرائڈ مارچ توقع سے پہلے شروع ہوا اور سڑک پر کسی قسم کی جھڑپوں یا پولیس تشدد کے بغیرختم ہوا۔

احتجاجی گروپوں کے مطابق 40 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لیا گیا۔پولیس نے ان ریلیوں کے بعد تاکسم اسکوائر اور اطراف میں سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔

ایل جی بی ٹی کیو+ کمیونٹی کو مزید دباؤ کا خدشہ ہے کیونکہ صدر رجب طیب ایردوان نے مئی میں ہونے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے اپنے دورحکومت میں 2028 تک اضافہ کرلیا ہے۔

ایردوان نے انتخابات سے پہلے اور بعد میں ترکی کی اہم اپوزیشن جماعت سی ایچ پی اور اس کے اتحادیوں پر ایل جی بی ٹی کیو + کے حامی ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنے حامیوں سے وعدہ کیا تھا کہ ایل جی بی ٹی کیو کمیونٹی کبھی بھی ان کی اسلامی بنیادوں والی پارٹی میں داخل نہیں ہوگی۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل یورپ کے ڈائریکٹر نیلس موئزنیکس نے خبردار کیا ہے کہ حکومت نے ایل جی بی ٹی آئی کے خلاف بیان بازی میں اضافہ کرکے تعصب کو ہوا دینے میں مدد کی اور ترکیہ میں ایل جی بی ٹی آئی مخالف گروہوں کی حوصلہ افزائی کی ہے، جن میں سے کچھ نے ایل جی بی ٹی آئی برادریوں کے خلاف تشدد کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

انہوں نے کہا، “خاندانی اقدار کے تحفظ کے بہانے، حکام ایل جی بی ٹی آئی کے لوگوں کو آزادانہ طور پر رہنے کے حق سے محروم کر رہے ہیں۔

رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے ایرول اوندراوغلو نے چوک کے آس پاس تقریبا ہر سماجی تقریب میں صحافیوں کو پولیس کی جانب سے روکے جانے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ، ’حقیقت یہ ہے کہ صحافیوں کے حقوق من مانے طریقے سے پامال کیے جاتے ہیں۔‘

روسی دفاعی نظام، ترکی اور بھارت پر امریکہ کی دہری پالیسی بے نقاب

'امریکہ کی مختلف ممالک کیلئے مختلف پالیسی کیوں؟'
شائع 21 جون 2023 09:48am
روسی فضائی دفاعی نظام ایس 400 (تصویر: روئٹرز)
روسی فضائی دفاعی نظام ایس 400 (تصویر: روئٹرز)

روسی دفاعی نظام کے حوالے سے ترکی اور بھارت پر امریکہ کی دہری پالیسی بے نقاب ہوگئی ہے۔

وائٹ ہاؤس کی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران جب پینٹاگون کی ڈپٹی پریس سیکریٹری سبرینہ سنگھ سے سوال کیا گیا کہ اس ہفتے بھارتی وزیراعظم کے دورہ امریکہ کی توقع ہے اور بھارت کے پاس روس سے S-400 کے پانچ اسکواڈرن کے معاہدے ہیں۔ تو کیا آپ اس بارے میں تھوڑی سی بات کر سکتی ہیں کہ آیا امریکا کو بھارت کے روسی ہتھیاروں کے حصول کے بارے میں خدشات ہیں؟ اور کیا بھارت پر کوئی پابندیاں لگائی جاسکتی ہیں؟

جس کے جواب میں سبرینہ سنگھ نے کہا کہ ہم وزیراعظم مودی کے اس ہفتے دورہ امریکہ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ سکریٹری آسٹن نے صرف دو ہفتے قبل بھارت کا دورہ کیا تھا اور وہاں اپنے ہم منصب سے ملاقات کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ ہم ہمیشہ دنیا بھر میں اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں سے یہ تاکید کرتے رہیں گے کہ روس کے ساتھ لین دین سے گریز کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم بھارت کے سازوسامان کے تنوع پر گہرا اعتماد رکھتے ہیں، اور گزشتہ دہائی کے دوران، صنعتی تعاون کی ہماری تجویز امریکہ اور بھارتی دفاعی صنعتوں کو مزید مربوط کرے گی۔ تو مجھے لگتا ہے کہ میں اسے اسی پر چھوڑ دیتی ہوں۔

ان سے ایک اور سوال کیا گیا کہ کیا آپ اس بارے میں تھوڑا سی بات کر سکتی ہیں کہ امریکہ نے S-400 حاصل کرنے کے لیے ترکی کے خلاف کچھ اقدامات کیوں کیے، جب کہ اس نے بھارت کے خلاف ایسی کوئی کارروائیاں نہیں کیں؟ کیا آپ تھوڑی بات کر سکتی ہیں کہ کیوں مختلف ممالک کے ساتھ مختلف سلوک کیا جا رہا ہے؟

ڈپٹی پریس سیکریٹری نے جواب دیا کہ ہم اپنے تمام شراکت داروں اور اتحادیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ روس کے ساتھ لین دین سے گریز کریں۔ یہ وہ چیز ہے جسے ہم ترکی، بھارت اور دوسروں کے ساتھ دہراتے رہے ہیں۔ میرے خیال میں یہ دو بہت مختلف معاملات ہیں، اور جب بھارت کی بات آتی ہے، تو ہم ان کے سازوسامان کے تنوع اور ان کے ساتھ ضم ہونے کی ہماری صلاحیت پر پراعتماد رہتے ہیں۔

ترکیہ میں ایک ارب ڈالر کی جعلی کرنسی برآمد، 6 افراد گرفتار

جعلی کرنسی کو افریقی ممالک میں اسمگل کیا جانا تھا، گورنر استنبول
شائع 10 جون 2023 09:38am
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

ترک سیکیورٹی فورسز نے استنبول میں ایک بلین ڈالر کی جعلی کرنسی ضبط کرلی۔

برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق فورسز نے کاررو ائی کرتے ہوئے گھانا اور سویڈش شہری سمیت 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزمان کے گھروں سے جعلی نوٹ اور زیورات برآمد کرکے ان کے قونصل خانوں کو مطلع کردیا ہے۔

اس ضمن میں گورنر استنبول کا کہنا ہے کہ جعلی کرنسی کو افریقی ممالک میں اسمگل کیا جانا تھا تاہم حکام کی جانب سے خفیہ اطلاع پر چھاپے مارے گئے۔

گورنر استنبول نے کہا کہ یہ ترکیہ کی تاریخ کا سب سے بڑا جعلی سامان برآمد کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر ترکیہ پہنچ گئے

ترک صدر کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے
اپ ڈیٹ 03 جون 2023 08:47am
فوٹو — پی ایم ہاؤس
فوٹو — پی ایم ہاؤس

وزیراعظم شہبازشریف دو روزہ دورے پر ترکیہ پہنچ گئے ہیں۔

ترکیہ میں پاکستان کے سفیراور دیگر اعلیٰ سفارتی حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شہباز شریف کے ہمراہ موجود ہیں۔

دو روزہ دورہ ترکیہ کے دوران وزیراعظم نو منتخب ترک صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے، رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برادری آج ہوگی۔

ترکیہ رونگی سے قبل وزیر اعظم نے ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ میں اپنے بھائی ترک صدر کی دعوت پر ترکیہ روانہ ہو رہا ہوں، جہاں پر ان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کروں گا۔ میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے رجب طیب اردوان کو دوبارہ منتخب پر مبارکباد پیش کروں گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات ہمارے مشترکہ عزم اور مشترکہ تقدیر کے مطابق مزید گہرے ہونے کے لیے تیار ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کا آئندہ ساتواں اجلاس ہماری سٹریٹجک شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے صحیح راستہ فراہم کرے گا، ہم نے ابھی تک اپنے کثیر جہتی تعلقات کی صلاحیت کو کھولنا ہے اور اس سمت میں کوششیں کی جا رہی ہیں۔

رجب طیب اردوان نے صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

شہباز شریف بھی تقریب حلف برداری میں شریک
اپ ڈیٹ 03 جون 2023 05:29pm
تصویر: روئٹرز/ فائل
تصویر: روئٹرز/ فائل

صدارتی الیکشن میں کامیابی کے بعد رجب طیب اردوان اپنے آئینی عہدے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

نومنتخب صدر کی حلف برداری کی تقریب انقرہ صدارتی محل میں منعقد ہوئی جس میں دُنیا بھر سے لیڈر اور سیاسی رہنما شرکت کی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کی جبکہ طیب اردوان نے 52 اعشاریہ 2 فیصد ووٹوں سے فتح سمیٹی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف اسلام آباد سے رجب طیب اردوان کی دعوت پر دو روزہ دورے پر انقرہ روانہ ہوئے تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف 3 جون کو ترکیہ کا دورہ کریں گے

وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا
شائع 01 جون 2023 05:22pm
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف 3 جون کو ترکیہ کے دورے پر جائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر دورہ کررہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف رجب طیب اردوان کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دیں گے۔

وزیراعظم ترکیہ کے صدر کو اسلام آباد میں ہونیوالے ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے ساتویں اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے بردارانہ تعلقات کو مزید وسعت دیں گے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا

دوسری وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا۔

ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی مجموعی اور سیاسی صورتحال پر غور ہو گا۔

اجلاس میں عسکری اور سیاسی قیادت شریک ہوگی، اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے علاوہ وفاقی وزراء بھی شریک ہوں گے۔

پاکستان میں بیروزگاری بھارت اور ترکی سے کم

پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 6.5 فیصد ہے
شائع 29 مئ 2023 11:42am
تصویر: روئٹرز/ فائل
تصویر: روئٹرز/ فائل

عالمی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں بے روزگاری کی شرح بھارت اور ترکی سے کم ہے۔

اعداد وشمار کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کے باوجود پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 6.5 فیصد رہی۔ ملک بیروزگاری کے لحاظ سے عالمی درجہ بندی میں 16 ویں نمبر پر تھا۔

بدلتے ہوئے معاشی حالات کے ساتھ شرح میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔ جب معیشت خراب حالت میں ہو اور ملازمتیں نایاب ہوں تو بے روزگاری کی شرح میں اضافے کی توقع کی جا سکتی ہے۔

پاکستان کو اپنی معیشت کو فروغ دینے کے لئے آئی ایم ایف کے فنڈز کی اشد ضرورت ہے ، جو سیاسی اور معاشی صورتحال کی وجہ سے دباؤ میں ہے۔ جنوبی ایشیائی ملک کے لیے آئی ایم ایف کی فنڈنگ بہت اہم ہے۔

مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر اتنے کم ہیں کہ بمشکل ایک ماہ کی کنٹرول شدہ درآمدات کو پورا کیا جا سکا ہے۔ مالی سال 2022-2023 کے لیے جی ڈی پی کی شرح نمو 0.29 فیصد رہنے کے ساتھ پاکستان کی معیشت سست روی کا شکار ہے۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس (پی آئی ڈی ای) کی حنا احسن اور محمد جہانگیر خان کی حالیہ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ مجموعی بے روزگاری کی شرح (6.3 فیصد) اور گریجویٹس (16.1 فیصد) کے درمیان فرق تقریبا 10 فیصد ہے۔

ادارے نے اس موازنے کیلئے فروری 2001 سے فروری 2020 تک کے اعداد و شمار کا استعمال کیا۔

اپریل میں شائع ہونے والے تحقیقی مقالے ’میکرو اکنامک عدم توازن‘ میں بتایا گیا ہے کہ ”اس رجحان کی چار بڑی وجوہات ہیں۔ سب سے پہلے ان گریجویٹس کو ایڈجسٹ کرنے کے لئے پیش کی جانے والی تعلیم اور معیشت کی ضرورت کے درمیان بڑا فرق. دوسرا، یونیورسٹی اور صنعت کے درمیان کمزور روابط، تیسرا، ملازمتوں کی تلاش میں لوگوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے لیبر فورس میں اضافہ اور آخر میں، معیشت کی سکڑتی ہوئی حالت۔“

اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ انجینئرز کے لئے بے روزگاری کی شرح 11 فیصد سے بڑھ کر 23.5 فیصد ہے جو صرف دو سالوں میں دوگنی ہوئی ہے۔ کمپیوٹر سائنس اور زراعت کے گریجویٹس کو بھی اسی طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ لیکن میڈیکل کے شعبے میں میں بےروزگاری کی شرح میں صرف 2 سال میں 68 فیصد کا اضافہ ہوا۔

تُرک صدرکا محافظ کو انکار، بیٹے کے ہاتھوں سے پانی لینے کی ویڈیو نے نئی بحث چھیڑ دی

سوشل میڈیا صافین نے طیب اردوان کے برتاؤ پر کئی سوالات اٹھا دیئے
شائع 24 مئ 2023 11:56am
اسکرین گریب/ سوشل میڈیا ویڈیو
اسکرین گریب/ سوشل میڈیا ویڈیو

تُرک صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے اپنی حفاظت کے پیش نظر کیے جانے والے ایک اقدام نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

ان کے محا فظ کی جانب سے پانی دیا گیا تو انہوں نے انکار کردیا لیکن جب وہ ہی پانی ان کو بیٹے نے دیا تو رجب طیب اردوان نے پی لیا، جس نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

سوشل میڈیا سائٹس پر زیرگردش ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے تُرک صدر کا محاظ انہیں پانی دینے کی کوشش کررہا ہے لیکن انہوں نے اسے نظر انداز کرتے ہوئے پانی پینے سے انکار کردیا۔ اس دوران جب طیب اردوان کو بیٹے بلال نے پانی کا گلاس دیا تو انہوں نے تھام لیا۔

مزید پڑھیں: ترکیہ انتخابات: رجب طیب اردوغان کو اپنے حریفوں پر برتری حاصل

ویڈیو میں تُرک صدر کو پانی کا گلاس تھامنے سے قبل پیچھے مڑ کر یقین دہانی کرتے بھی دیکھاجاسکتا ہے کہ پانی دینے والاکون ہے، بلال اردوان کو دیکھنے کے بعد انہوں نے گلاس پکڑلیا۔

سوشل میڈیا صافین نے ترک صدر کے برتاؤ پر کئی سوالات اٹھائے اور یہ بھی کہا کہ ایسا رویہ اپنے ساتھ کچھ غلط ہونے کے خوف سے ہے۔ تاہم استنبول کے اخبار کی ویب سائٹ کے مطابہ یہ معاملہ سیکیورٹی اقدام سے متعلق ہے۔

انقرہ: خطرناک طوفان نے بُلند عمارتوں سے کرسیاں فضاؤں میں کاغذ کی طرح اڑا دیں

سوشل میڈیا پر طوفان کی ویڈیو وائرل ہوگئی
شائع 20 مئ 2023 10:22am
اسکرین گریب - ویڈیو
اسکرین گریب - ویڈیو

ترکیہ کے دارالحکومت میں انقرہ میں بُدھ کے روز آنے والے شدید طوفان کے باعث بُلند عمارتوں سے کُرسیاں بھی ہوا میں اڑنے لگیں۔

طوفان کی وجہ سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا جس کے بعد میونسپلٹی نے خبردارکیا تھا اور انقرہ کے گورنر نے بھی شہریوں کو تنبیہ کی۔

شہر کے مختلف مقامات پر لگے کیمروں میں ریکارڈ ہونے والی ویڈیو کلپس میں کرسیاں سمیت کچرے کے ڈبوں کو اڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

انقرہ میں بدھ کے روز سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں جس کے بعد کرسیوں اور کچرے کے ڈبے فضا میں اڑرہے ہیں اور یہ کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں ہیں۔

فضا میں اڑنے والے کچرے کے ڈبے گلیوں میں جاکر گرے تو مکین زخمی ہونے سے بچ گئے۔ انقرہ کے گورنر نے مکینوں کو پہلے ہی خبردار کردیا تھا کہ وہ احتیاط کریں گھروں میں رہے کیونکہ طوفان ابھی تک جاری ہے۔

ترک اخبار’’ینی شفق‘ نے ایک ویڈیو کلپ شئیر کی، جو دارالحکومت انقرہ کے ضلع گولباسی کی تھی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک کرسی عمارت کی بالائی سمت سے اڑتی ہوئی آئی اور دوسری جانب جاکر گرگئی تاہم یہ منظر دیکھنے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

طوفان کی وجہ سے بڑے پیمانے شہر کو نقصان پہنچا ہے، کئی درخت جڑ سے نکل گئے، ایک مسجد کا مینار منہدم ہوگیا جبکہ متعدد گھروں کی چھتیں فضا میں اڑگئیں۔

موسم کا حال بتانے والی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ انقرہ میں طوفان اور شدید بارش اس ہفتے کے کئی دنوں تک جاری رہیں گے۔

ترکیہ صدارتی انتخابات: کسی کو 50 فیصد ووٹ نہ ملے،ووٹنگ دوبارہ ہوگی

صدررجب طیب اردوان نےانتخابات میں اپنی جیت کا پیشگی اعلان کردیا
شائع 16 مئ 2023 09:54am
رجب طیب اردوغان کےحامی ہفتے کواستنبول میں ایک انتخابی ریلی کے دوران، روئٹرز
رجب طیب اردوغان کےحامی ہفتے کواستنبول میں ایک انتخابی ریلی کے دوران، روئٹرز

ترکیہ کے صدارتی انتخابات میں کسی جماعت کو برتری نہ مل سکی ۔ صدر کے منصب کے لیے رن آف الیکشن اٹھائیس مئی کو ہوگا تاہم صدر رجب طیب اردوان نے انتخابات میں اپنی جیت کا پیشگی اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ،وہ پچاس فیصد سے زائد ووٹ لے کر جیت جائیں گے۔

ترکیہ کی سپریم الیکشن کونسل نے اعلان کیا ہے کہ رجب طیب اردوغان اپوزیشن کے صدارتی امیدوارکارن آف یا دوسرے مرحلے میں مقابلہ کریں گے۔

اتوار کو ہونے والے پہلے مرحلے میں اردوغان 49.51 فیصد ووٹ لے کر آگے ہیں، ان کے سب سے بڑے حریف کمال کلچداراوغلو نے 44.88 فیصد ووٹ حاصل کیے جس سے اردوگان کی برتری واضح ہے تاہم کامیابی کیلئے ڈالے گئے ووٹوں کا 50 فیصد سے زائد حاصل کرنا لازمی تھا۔ ملک کے اندررائے دہندگی کا تناسب 88.92 فیصد رہا تاہم بیرون ملک ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی ابھی تک نہیں کی گئی ہے۔

رن آف الیکشن 28مئی کو ہوگا جس کے لیے ابھی سے اردوغان کو ’فیورٹ‘ قراردیا جارہا ہے۔

ترکیہ میں انتخابات ایسے وقت میں ہورہے ہیں جب ملک میں آنے والے ہولناک زلزلے کے 50 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں بےگھرہوئے ہیں۔ ترک صدر اردوغان کا کہنا تھا کہ انہوں نے معیشت، مہنگائی اور تباہ کن زلزلے جیسے کئی چیلنجز کے باوجود ترکیہ کو سربلند رکھا ہے۔

حزب اختلاف کے 74 سالہ رہنماکمال کلچدار اوغلو نے اپنی جوشیلی تقریر میں حامیوں کو بتایاکہ وہ صدر بننے والے ہیں، ان کی پارٹی بنیادی طور پرسیکولر ہے۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق 14 مئی کے انتخابات میں جمہوراتحاد نے 49.37 ووٹوں کے ساتھ واضح برتری حاصل کرتے ہوئے ترکیہ کی قومی اسمبلی میں 321 نشستیں حاصل کرلی ہیں۔

جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی (آق پارٹی) نے ترکیہ کی قومی اسمبلی میں266، نیشنلسٹ موومنٹ پارٹی نے (MHP)50 اور ری ویلفیئر پارٹی (YRP) نے 5 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ ملت اتحاد نے 35.12فیصد ووٹ حاصل کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں 213 نشستیں حاصل کی ہیں۔

ریپبلکن پیپلز پارٹی(CHP) نے 169اور IYI پارٹی نے 44 نشستیں حاصل کی ہیں ۔ ترکیہ کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق CHP کی فہرستوں سے انتخاب میں حصہ لینے والی سعادت پارٹی 10 ، دیوا پارٹی نے 13، فیوچر پارٹی نے 10 اور ڈیموکریٹ پارٹی نے 3 نشستیں حاصل کیں۔

گرین لیفٹ پارٹی (وائی ایس پی) نے 62 اور لیبرپارٹی ترکیہ (ٹی آئی پی) نے 4 نشستیں حاصل کی ہیں۔

ترکیہ میں عام اور صدارتی الیکشن کیلئے ووٹنگ کا وقت ختم، اگلا راؤنڈ 28 مئی کو ہوگا

اپوزیشن امریکی کیساتھ ملکر مجھے گرانا چاہتی ہے، ترک صدر رجب طیب
اپ ڈیٹ 14 مئ 2023 09:05pm
پولنگ اسٹیشنز کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی - تصویر: روئٹرز
پولنگ اسٹیشنز کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی - تصویر: روئٹرز

ترکیہ میں صدارتی و پارلیمانی انتخابات کے لئے ووٹ ڈالنے کا عمل ملک بھر میں مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے اختتام پذیر ہو گیا۔

6 کروڑ 6 لاکھ 97 ہزار 843 رجسٹرڈ ووٹروں نے صدر کے انتخاب کے لئے رجب طیب ایردوان، 11 مئی کو امیدواری سے دستبردار ہونے والے ’محّرم اِنجے، کمال کلچدار اولو اور سینان اوعان کے لئے ووٹ کا استعمال کیا۔

28 ویں ٹرم کی پارلیمنٹ کے لئے منعقدہ عام انتخابات میں 24 سیاسی پارٹیوں اور ترکیہ بھر سے 151 آزاد امیدواروں نے حصہ لیا۔

صدارتی امیدواروں میں سے کسی کے بھی واضح اکثریت حاصل نہ کرسکنے کی صورت میں 28 مئی کو دوسرے انتخابی راونڈ کا انعقاد ہو گا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے استنبول میں اپنا ووٹ ڈالا اورحزب اختلاف کے سربراہ کمال کلیک دار اوغلونے انقرہ میں ووٹ ڈال دیا۔

زلزلے سے متاثرہ جنوبی صوبوں میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کی سہولت کے لیے عارضی پولنگ اسٹیشن قائم ہیں۔ زلزلہ متاثرین کی عارضی پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹ ڈالنے کے لیے آبائی شہرآرہے ہیں۔

طیب اردوان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن امریکی صدر بائیڈن کے ساتھ مل کر مجھے گرانا چاہتی ہے آج عوام بیلٹ کے ذریعے بائیڈن کو جواب دیں گے۔

ملک کی تقدیر کا فیصلہ مغرب نہیں ترک عوام کریں گے، ترک صدر

نوجوان اثاثہ ہیں ہم سب مل کر ترکیہ کو بنائیں گے، رجب طیب
شائع 13 مئ 2023 09:00am
تصویر: اے ایف پی/ فائل
تصویر: اے ایف پی/ فائل

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ ملک کی تقدیر کا فیصلہ مغرب نہیں ترکیہ کے نوجوان اورعوام خود کریں گے۔

صدارتی انتخابات سے قبل استنبول میں نوجوانوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ نوجوان اثاثہ ہیں ہم سب مل کر ترکیہ کو بنائیں گے۔

روس اور امریکا کے ساتھ مستحکم تعلقات ہیں اور روس کے ساتھ ہماری تجارت کا حجم امریکا سے زیادہ ہے جو لوگ امریکا اور روس کی مخالفت کر رہے ہیں انہیں اپنا چہرہ آئینے میں دیکھنا چاہیے۔

دوسری جانب روس نے ترکیہ کے اپوزیشن لیڈر کمال کلیک دار اوغلو کے الزامات کو مسترد کردیا۔

ترجمان کریملن نے کہا کہ ترکیہ کے انتخابات میں روس کی مداخلت کا سوال ہی پیدا نہیں ہو سکتا جو لوگ ایسی افواہیں پھیلاتے ہیں وہ جھوٹے ہیں، روس ترکیہ کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

سگریٹ نوشی چھوڑنے کا انوکھا طریقہ ایک بار پھروائرل

تُرک شہری کی جانب سے یہ حل آپ بھی اپنا سکتے ہیں
شائع 03 مئ 2023 02:44pm
تصویر/ غیرملکی میڈیا
تصویر/ غیرملکی میڈیا

سگریٹ نوشی صحت کے لئے مضر ہے لیکن پھر بھی عادی افراد کے لیے اس لَت سے جان چھڑانا چاہتے ہوئے بھی ممکن نہیں ہوپاتا، اس مشکل کا حل ایک تُرک شہری نے نکال لیا ہے۔

مضرصحت عادت سے چھٹکارا پانے کے لئے تُرک شہری کی جانب سے اختیارکیا جانے والا انوکھا طریقہ کارہرذِی شعورانسان کو حیران کردے گا۔ گو یہ خبرذرا پُرانی ہے تاہم ایک بار پھر وائرل ہے کیونکہ سگریٹ نوشی ترک کرنے کا مسئلہ پُرانا ہونے کے ساتھ ساتھ دائمی بھی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق سگریٹ نوشی کی عادت سے نجات پانے کے لیے ابراہیم یوسل نامی ترک شخص نے اپنے سر پر پنجرہ باندھ لیا تاکہ وہ سگریٹ ہی نہ پی سکے۔

ابتداء میں اس اقدام کا خوب مذاق اڑایا گیا لیکن پھرخبرسامنے آئی کہ یہ اقدام ابراہیم نامی اس شخص نے اپنے والد کے پھیپھڑوں کے کینسر سے انتقال کر جانے کے بعد سگریٹ نوشی کی عادت سے نجات پانے کیلئے اٹھایا۔

منفرد طریقہ اپنانے کی وجہ کیا ہے؟

سگریٹ نوشی کی عادت چھوڑنے سے پہلے ترک شری دو دہائیوں سے زائد عرصے سے روزانہ سگریٹ کے دو پیکٹ پیتا آرہا تھا، پُرانی عادت سے نجات حاصل کرنے کے لیے اس موٹر سائیکل کے ہیلمٹ سے متاثر ہو کر تانبے کی تار کی مدد سے پنجرہ بنا لیا تاکہ وہ سگریٹ کی طلب پر اسے پہن کر خود کو سگریٹ نوشی سے دورکرسکے۔

ترک شہری اپنا منہ پنجرے میں بند کرنے کے بعدچابی اپنے خاندان کے افراد کے حوالے کر دیتا۔ اِس عمل مں اس شخص کی اہلیہ نے بھی اس کا بھرپور ساتھ دیا۔

ترک صدر کا داعش کے سرغنہ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

شام میں ترکیہ کی خفیہ ایجنسی کا آپریشن
شائع 01 مئ 2023 06:11pm
تصویر بزریعہ روئٹرز
تصویر بزریعہ روئٹرز

ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ کی خفیہ سروس ”ایم آئی ٹی“ نے دہشت گرد تنظیم داعش کے نام نہاد سرغنہ کا صفایا کردیا ہے۔

صدر طیب ایردوان نےان خیالات کا اظہار ٹی آر ٹی ترک اور بین الاقوامی ٹیلی ویژن چینلز کی مشترکہ نشریات میں صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔

صدر ایردوان نے سب سے پہلے اپنی صحت کے بارے میں کہا کہ وہ باکل تندرست ہیں اور ترکیہ میں اپنے سیاسی پروگرام اور جلسوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان جلسوں میں سب اہم انقرہ پروگرام تھا۔

صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں، عراق اور شام میں کام کرنے والے مختلف سطحوں پر ”پی کے کے“ کے بہت سے نام نہاد لیڈروں کو ترکیہ کی خفیہ سروس نے غیر فعال کردیا ہے، جبکہ دہشت گرد تنظیم ”فیتو“ کے کچھ غیر ملکی اراکین کو ترکیہ لایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم آئی ٹی نے 29 اپریل کو شام میں ایک آپریشن کے ذریعے داعش کے نام نہاد رہنما، جس کا کوڈ نام ابو حسین القریشی تھا ، اسے ختم کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب سے، ہم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بلاتفریق جدوجہد جاری رکھیں گے۔

حسین القرشی نومبر 2022 میں اپنے پیشرو کی ہلاکت کے بعد داعش کا سربراہ بنا تھا۔

داعش گروپ نے 2014 میں عراق اور شام کے وسیع علاقے پر قبضہ کر لیا تھا اور اس وقت اس کے سربراہ ابوبکر البغدادی نے ایک ایسے علاقے میں اسلامی خلافت کا اعلان کر دیا تھا جہاں لاکھوں افراد آباد تھے۔

لیکن شام اور عراق میں امریکی حمایت یافتہ افواج کے ساتھ ساتھ ایران، روس اور مختلف نیم فوجی دستوں کی حمایت یافتہ شامی افواج کی مہمات کے بعد اس گروپ نے علاقے پر اپنی گرفت کھو دی۔

اس کے باقی ماندہ جنگجو اب زیادہ تر شام اور عراق کے دور دراز علاقوں میں چھپے ہوئے ہیں اور اب بھی وقتاً فوقتاً حملے کرتے رہتے ہیں۔

داعش نے 30 نومبر کو اپنے سابق سربراہ ابو حسن الہاشمی القریشی کی موت کا اعلان کیا تھا، ان کی جگہ ابو حسین القریشی کو تعینات کیا گیا تھا۔

شمالی شام میں اے ایف پی کے ایک نمائندے نے بتایا کہ ترک انٹیلی جنس ایجنٹس اور ترکیہ حمایت یافتہ مقامی ملٹری پولیس نے ہفتے کے روز عفرین کے شمال مغربی علاقے جندیرس میں ایک زون کو سیل کر دیا ہے۔

رہائشیوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ ایک کارروائی میں ایک لاوارث فارم کو نشانہ بنایا گیا تھا جو ایک اسلامی اسکول کے طور پر استعمال ہو رہا تھا۔

ترکیہ نے 2020 سے شمالی شام میں اپنی فوجیں تعینات کر رکھی ہیں، اور شامی معاونین کی مدد سے پورے علاقوں کو کنٹرول کرتا ہے۔

امریکہ نے اپریل کے وسط میں ایک آپریشن میں شمالی شام میں ہیلی کاپٹر پر حملہ کیا، جس کا جواز دیا گیا تھا کہ داعش یورپ اور مشرق وسطیٰ میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا تھا کہ انہوں نے اس کارروائی میں داعش کے ایک سینئر لیڈر کو ہلاک کر دیا ہے۔ انہوں نے اس کا نام عبدالہادی محمود الحاج علی بتایا۔

داعش کے مشتبہ جنگجوؤں نے 16 اپریل کو شام میں کم از کم 41 افراد کو ہلاک کیا تھا، جن میں سے 24 عام شہری تھے۔

اپریل کے پہلے ہفتے میں، امریکی افواج نے کہا کہ انہوں نے یورپ میں حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے داعش گروپ کے ایک رہنما کو ہلاک کیا ہے، جس کا نام خالد عید احمد الجبوری ہے۔

جب وہ اپنی طاقت کے عروج پر تھا، اور عراق و شام کے ایک بڑے حصے کو کنٹرول کر رہا تھا، تو داعش گروپ نے یورپ میں کئی حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

اکتوبر 2019 میں، واشنگٹن نے اعلان کیا تھا کہ اس نے شمال مغربی شام میں ایک آپریشن میں داعش لیڈر ابوبکر البغدادی کو ہلاک کر دیا ہے۔

ترکیہ: 8 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے کروڑوں روپے کا نقصان

عمارت تباہ ہوگئی لیکن جانی نقصان نہیں ہوا، حکام
شائع 28 اپريل 2023 11:19am
تصویر: انادولو ایجنسی
تصویر: انادولو ایجنسی

ترکیہ کے شہر ازمیر میں 8 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ لگ گئی جس کے باعث کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

آگ کے شعلوں نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور حکام کے مطابق آگ سے پوری عمارت جل گئی ہے۔

مزید بتایا کہ آتشزدگی سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے لیکن آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

بعض میڈیا رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جب عمارت میں آگ لگی تو رہائشیوں نے اپنی بالکونیوں سے چھلانگ لگادی۔

آگ نے فوراً بعد آٹھ منزلہ عمارت مکمل طور پر ڈھک گئی تھی۔

جسے اللہ رکھے: ترکیہ میں زلزلے کے 49 دن بعد بھی زندگی کی امید باقی

گزشتہ ماہ جنوب مشرقی ترکیہ میں 7.7 شدت کا زلزلہ آیا تھا
شائع 30 مارچ 2023 11:57am

ترکیہ میں گزشتہ ماہ آنے والے تباہ کن زلزلے میں ہزاروں افراد لقمہ اجل بن گئے تھے، زلزلے کے دو ہفتوں بعد تک بھی ملبے تلے افراد کو زندہ نکالا جاتا رہا تاہم معجزاتی طور پر 49 روز بعد امدادی ٹیموں نے ایک بلی کو زندہ نکال لیا ہے۔

ترکیہ کے کہرامان مرعش میں ملبہ ہٹانے کے دوران نکالی جانے والی بلی کی مزید دیکھ بھال کے لیے اسے متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 6 فروری کو جنوب مشرقی ترکیہ میں 7.7 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے جھٹکے ملک کے 11 صوبوں کے ساتھ ہی ساتھ شام اور ہمسایہ ممالک کے علاقوں میں محسوس کیے گئے تھے۔

ترکیہ میں زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 49 ہزار سے تجاوزکرچکی ہے، جبکہ ایک لاکھ 40 ہزارعمارتیں منہدم ہوگئیں ہیں۔

ملک کے جنوب میں متاثرہ شہروں کے کچھ بازاروں میں زندگی بتدریج لوٹ رہی ہے۔ جن کی دکانوں کو نقصان نہیں پہنچا تھا، انہوں نے ماہ رمضان کی آمد پر اپنی دکانیں دوبارہ کھول لی ہیں۔

پاک بحریہ کا جہاز ’پی این ایس نصر‘ زلزلہ زدگان کیلئے امداد لے کر شام پہنچ گیا

امدادی سامان میں خیمے، کمبل، راشن، ادویات اور گرم کپڑے شامل
شائع 14 مارچ 2023 09:54am
فوٹو۔۔۔۔۔ ٹوئٹر این ڈی ایم اے
فوٹو۔۔۔۔۔ ٹوئٹر این ڈی ایم اے

پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نصر زلزلہ زدگان کے لئے امدای سامان لے کر شام کی بندرگاہ لطاکیہ پہنچ گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق شام کی بندرگاہ پہنچنے پر پاکستانی سفیر، شام کے اعلیٰ سول وعسکری حکام نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ امدادی سامان میں متاثرین کے لئے خیمے، کمبل، جنریٹرز، راشن، ادویات اور گرم کپڑے شامل ہیں، پی این ایس نصر 1000 ٹن امدادی سامان لے کر جانے والا پاک بحریہ کا پہلا جہاز ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاک بحریہ کے دوسرے جہاز پی این ایس معاون کو بھی امدادی سامان کے ساتھ 12 مارچ کو روانہ کیا گیا ہے، پی این ایس نصرامدادی سامان کی شام میں ترسیل کے بعد ترکیہ روانہ ہوگا۔

ترجمان پاک بحریہ کا مزید کہنا ہے کہ پاکستانی قوم مصیبت کی اس گھڑی میں ترکیہ اور شام کےعوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

آئندہ انتخابات میں اردوغان کو ٹکردینے والے ترکیہ کے ’کمال گاندھی‘ کون ہیں

اپوزیشن جماعتوں ںے انتخابات میں مشترکہ امیدوارلانے کا آعلان کیاہے
شائع 08 مارچ 2023 12:27pm
تصویر
تصویر

ترکیہ کی 6 اپوزیشن جماعتوں ںے 14 مئی کو ہونے والےعام انتخابات میں صدررجب طیب اردوغان کیخلاف مشترکہ امیدوارلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

گزشتہ 20 سال سے برسراقتداراردوغان عام انتخابات میں ایک بارپھراقتدارمیں واپس آنے کی کوشش کریں گے، ان کے دوراقتدارمیں ترک کرنسی لیرا میں تیزی سے کمی کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے ساتھ تعلقات میں جارحیت دیکھنے میں آئی ہے، تاہم ملک میں حالیہ تباہ کن زلزلے کےاردوغان کیلئے یہ انتخابات زیادہ مشکل ہوگئے ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے منتخب کیے جانے والے یہ مشترکہ امیدوار ریپبلکن پیپلزپارٹی کے رہنما ہیں جوترکیہ کی ایک بڑی اپوزیشن جماعت ہے جس کی بنیاد جدید ترکیہ کے بانی مصطفی کمال اتاترک نے رکھی تھی۔

اردوغان کیخلاف بطورمشترکہ اس جماعت کے رہنما اورکرپشن کے خلاف لڑنے والے سابق سرکاری ملازم کلچادرل وکا انتخاب بہت اہم ہے،جس پر متحد ہونا اپوزیشن کے لیے آسان نہیں تھا۔

ترکیہ کا گاندھی

ترکیہ کی سیاست میں اردوغان کو کرشماتی رہنما کےطورپردیکھا جاتا ہے تو وہیں کمال کلچادرلوکو ترکیہ کا گاندھی یا کمال گاندھی کہا جاتا ہے۔ 74 سالہ کمال کلاچادرلو اپنے ملک سے متعلق ایک مختلف نقطہ نظر پیش کرتے ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ وہ تفاق رائے اور مشاورت سے ترکیہ پرحکومت کریں گے لیکن ان کے ساتھیوں کو لگتا ہے کہ کلچادرلو میں ووٹ حاصل کرنے کی صلاحیت کم ہے۔

موجودہ صدررجب طیب اردوغان نے سال 2018 میں صدارتی نظام نافذ کیا تھا جس کے تحت انہیں لامحدود اختیارات حاصل ہوئے تھے۔

روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کلچادرلونے ترکیہ میں پارلیمانی نظام بحال کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم امن کے حق میں ہیں اورہمارا واحد مقصد ملک کو خوشی، خوشحالی اورامن کے دورمیں لے جانا ہے۔

کلچادرلونے اپنی مقبولیت بڑھانے کیلئے اقلیتی برادریوں تک پہنچنے کے ساتھ ساتھ دائیں بازو کی جماعتوں کے ساتھ بھی اتحاد کیا ہے۔

جیت کے امکانات بڑھ سکتے ہیں

روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق پیر کے معاہدے کے بعد کلچادرلو کی جیت کے امکانات بڑھ سکتے ہیں کیونکہ گذشتہ جمعے کو دائیں بازو کی جماعت آئی وائی آئی کے احتجاج کے بعد حزب اختلاف تقسیم ہوگئی تھی تاہم 72 گھنٹے کی کوششوں کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے پیرکو ایک بار پھر میٹنگ کی جس میں آئی وائی آئی کی تجویز کو قبول کر لیا گیا۔

تجویز میں استنبول اور نقرہ کے میئرکو نائب صدربنانے کی شرط بھی شامل ہے۔ صدارتی امیدوارکلچادرلو نے پیرکو اپنی تقریرمیں کہا کہ بقیہ 5 پارٹیوں کے رہنما بھی نائب صدربنیں گے۔

اس سے قبل آئی وائی آئی نے جمعہ کے روز کلچادرلو کے جیتنے کے امکانات پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اتحاد سے دستبرداری اختیارکرلی تھی۔آئی وائی آئی کے مطابق اتحاد کو2 میئرز میں سے کسی ایک کو بطورامیدوارمنتخب کرنا چاہیے کیونکہ اس سے کارکردگی میں بہتری کا امکان ہے۔تاہم پیر کے معاہدے کے بعد آئی وائی آئی نے موقف تبدیل کرتے ہوئے کلچادارلو کی حمایت کی۔

ترکیہ کی سیاست پرنظررکھنے والی تنظیم اسٹریٹجک ایڈوائزری سروسزکے منیجنگ ڈائریکٹر ہاکان اکباس کا کہنا ہے کہ ، ’یہ اردوغان کیخلاف ایک بڑی سیاسی بغاوت ہے جس کے بعد پوزیشن جماعتوں کو 14مئی کو فیصلہ کن فتح ملنی چاہیے-‘

پارلیمان میں تیسری سب سے بڑی اپوزیشن جماعت ایچ ڈی پی نے بھی کہا ہے کہ وہ کلچادرلو کی حمایت کرے گی۔

پارٹی لیڈرمٹھان شنکرکے مطابق ، ’ہماری بنیادی توقع مضبوط جمہوریت کی طرف بڑھنا ہے۔ اگرہم بنیادی اصولوں پرمتفق ہوسکتے ہیں توصدارتی انتخابات میں انکی حمایت کرسکتے ہیں‘-

اردوغان کیلئے ایک بڑا چیلنج

ترکیہ میں ہولناک زلزلے سے قبل بھی افراط زر 85 فیصد تک بڑھنے کی وجہ سے اردوغان کی مقبولیت میں کمی آئی تھی، تاہم انتخابی سروے کرنے والوں نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ اردوگان اور ان کی جماعت ایک حد تک عوام میں اپنی حمایت بچانے میں کامیاب رہے ہیں۔

یہ بات قابل ذکرہے کہ 2002 میں اکامیابی کے بعد سے اردوغان کی پارٹی کو کبھی بھی شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا، اقتدار میں آکر انہوں نے ترکیہ کومقدس، تحفظ پسند معاشرے اور ایک جارحانہ علاقائی طاقت کے طور پر تشکیل دیا۔

دوسری جانب حزب اختلاف جماعتوں کا کہنا ہے کہ وہ اردوغان کا لایا صدارتی نظام ختم کرکے پارلیمانی جمہوریت کا نظام لائیں گے۔مرکزی بینک کو آزاد کرائیں گے جس نے مزید معاشی ترقی کیلئے اردوغان کے کہنے پرشرح سود میں کمی کی تھی لیکن اس اقدام سے ترک کرنسی لیرا میں تیزی سے گراوٹ اور افراط زر میں ضافہ دیکھنے میں آیا۔

ترکیہ : زلزلے کے 24ویں روز ملبے تلے دبے کتے کو زندہ نکال لیا گیا

2 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد کتے کو نکال کر اسپتال منتقل کیا، ریسکیو حکام
شائع 03 مارچ 2023 09:28am

ترکیہ میں آنیوالے زلزلے کو 24 دن گذرجانے کے بعد معجزاتی طور ایک کتے کو بھی زندہ نکال لیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں منہدم متعددعمارتوں میں سے ایک کے ملبے سے کتے کو زندہ نکالا گیا ہے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ کتے کو 2 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد معجزاتی طور پر نکال کے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے کہا کہ امدادی کارروائی کے دوران ہمیں ملبے سے آواز آئی، قریب جاکرسنا تو معلوم ہوا کہ یہ کتے کی آواز ہے۔

سوشل میڈیا پرکتے کے زندہ بچ جانے کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی جبکہ صارفین نے بھی اتنے دن گزر جانے کے بعد کتے کو صحیح سلامت نکالے جانے پر اس معجزے پرحیرت کا اظہارکیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 6 فروری کو ترکیہ اور شام میں آنیوالے 7.8 کی شدت کے زلزلے میں 50 ہزار زائد افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہیں۔