کامیڈی نائٹ کے سوگوار مداحوں کیلئے خاص خبر
بھارتی ٹی وی کے معروف پروگرام کامیڈی نائٹ ود کپل کے بند ہونے کی خبریں گزشتہ کچھ عرصے سے میڈیا پر چھائی ہوئی تھیں ،جسے سن کر ان کے مداح کافی پریشان تھے،لیکن اب خبر آئی ہے کہ کپل اپنے شو کے ساتھ دوسرے چینل پر واپس آرہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کلرز گزشتہ کچھ عرصے سے بھارت کے مقبول چینلز کی فہرست میں اول نمبر پر براجمان رہاہے ،اس کی وجہ بگ باس اور کامیڈی نائٹ ود کپل بتائی جاتی ہے،یہ دونوں پروگرام بھارت میں بیحد مقبول ہیں اور انہیں پسند کرنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔
لیکن پچھلے کچھ دنوں سے کامیڈی نائٹ کے مداح سخت پریشانی کا شکار تھے کیونکہ ان کا پسندیدہ شو چینل انتظامیہ کی عدم توجہ اور لاپرواہی کے باعث بند ہو رہا ہے ۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کپل اپنے شو کو جاری رکھیں گے لیکن کلرز پر نہیں بلکہ دوسرے چینل اسٹار پلس پر۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق کلرز کی انتظامیہ کے نامناسب رویے کے باعث بھارت کا مقبول ترین شو کامیڈی نائٹ ود کپل بند ہونے جا رہا ہے اس کی آخری قسط سترہ جنوری کو نشر کی جائے گی ،یہ بات سن کر ان کے مداحوں کو کافی افسوس ہوا تھا ،اس کے علا وہ کپل اور ان کی پوری ٹیم شو بند ہو نے سے کافی دلبرداشتہ تھے۔
لیکن کپل کے مداحوں کو اب زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ کپل دوسرے چینل پر واپس آرہے ہیں،شو کی حتمی تاریخ کا اعلان فی الحال نہیں کیا گیا ہے لیکن جلد ہی یہ پروگرام اسٹار پلس سے نشر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کامیڈی نائٹ میں دادی کا کردار نبھانے والے علی اصغر مزید اس شو کا حصہ نہیں ہونگے،وہ ایک دوسرے چینل سب پر اپنے نئے پروگرام وہ تیری بھابھی ہے پگلے کے ذریعے شائقین کو محظوظ کریں گے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔