کوہلی اور انوشکا شادی کے بندھن میں بندھ گئے

شائع 11 دسمبر 2017 04:05pm
File Photo File Photo

انوشکا شرما اور ویرات کوہلی اٹلی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے ۔ ترجمان کے مطابق دونوں اسٹارز اپنی تقریب کو ذاتی رکھنا چاہتے تھے اس وجہ سے تقریب میں صرف قریبی رشتہ داروں اور بعض دوستوں نے شرکت کی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا نو شادی شدہ جوڑی اب ممبئی میں اپنے مزید دوستوں اور رشتہ داروں کو بلانے کیلئے مزید تقریبات منعقد کرے گا اور اکیس اور چھبیس دسمبر کو ممکنہ طور پر منعقدہ تقریب میں انڈسٹری اور کھلاڑیوں کا مدعو کیا جائیگا۔

بعدازاں یہ جوڑا جنوبی افریقہ روانہ ہوجائے گا جہاں پر کوہلی اپنی سیریز کھیلیں گے اور پھر وہاں سے بھارت واپسی کے بعد انوشکا شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کرینگی۔

جوڑے نے بھی شادی کی تصدیق اپنے ٹوئیٹر اکاونٹ پر کی اور کہا آج انہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ ہمیشہ محبت کے بندھن میں بندھے رہنے کا عہد کیا ہے۔ اور اس دن کو مزید خوشگوار ان کے دوستوں ، مداحوں کی حمایت نے بنایا ہے۔ آخر میں انہوں نے شکریہ بھی ادا کیا۔

دونوں کے درمیان شادی کی خبریں اس وقت گردش کرنا شروع ہوئی تھیں جب کوہلی کی سیریز میں عدم شرکت کی خبریں گرم ہوئیں اور پھر انوشکا نے بھی اپنے مصروف فلمی شیڈول کے باوجود اس سے چھٹی لی۔

انتیس سالہ دونوں اسٹارز کے درمیان قربت شیمپو کے شو کی شوٹنگ کے دوران پروان چڑھی تھیں۔