اسلام آباد:شر انگیز تقاریر ،مولانا عبد العزیز کل طلب

شائع 01 فروری 2016 04:16pm

abdul_image
اسلام آباد:اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے سول سوسائٹی کے ارکان کو دھمکیاں دینے اور شر انگیز تقاریر کے ذریعے مذہبی منافرت پھیلانے کے مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔ عدالت نے مولانا عبد الزیز کو کل طلب بھی کر لیا۔

اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج راجا آصف محمود نے مولانا عبد العزیز کی جانب سے تھانہ آبپارہ میں درج دو مقدمات میں عبوری ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ مولانا عبدالعزیز غیر قانونی حراست میں ہیں۔

پولیس اور رینجرز نے ان کی رہائش گاہ کو گھیر رکھا ہے۔ انہیں یہاں تک لانا ممکن نہیں۔ عدالتی بیلف مقرر کیا جائے یا حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ضمانت اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے تھانہ آبپارہ کے ایس ایچ او سے کل تک رپورٹ طلب کر لی ہے۔

عدالت نے مولانا عبدالعزیز کو کل عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ ترجمان سابق خطیب لال مسجد کے مطابق مولانا عبدالعزیز منگل کی صبح نو بجے اپنے وکلاءکے ہمراہ ایس ایچ او تھانہ آبپارہ کی نگرانی میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے عدالت میں پیش ہوں گے۔