لاہور:پولیس کا مبینہ تشدد، ایک شخص جاں بحق

اپ ڈیٹ 12 فروری 2016 06:26am

police10000000000

لاہور:لاہور میں ریلوے اسٹیشن کے قریب پولیس کے مبینہ تشدد سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ علاقہ مکینوں نے ٹائر نذر آتش کرکے سڑک بلاک کردی اور پولیس کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔

تفصیلا ت کے مطابق لاہور میں ریلوے اسٹیشن کے قریب گٹکے کی فروخت کیخلاف کئے جانے والے آپریشن کے دوران پولیس کے مبینہ تشدد سے اشرف نامی دکاندار شدید زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔

واقعہ کیخلاف علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے اور سڑک پر ٹائر نذر آتش کرکے پولیس کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے تشدد کرکے اشرف کو قتل کیا ہے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ گٹکے کی فروخت کیخلاف آپریشن کیا جارہا تھا،اس دوران بھگدڑ مچنے سے اشرف زخمی ہوگیا تھا۔ پولیس حکام نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کئے اور انہیں انصاف کی یقین دہانی کرائی جس پر علاقہ مکینوں نے احتجاج ختم کردیا۔