مشہور گانے 'دلبر دلبر' کے ریمیک ورژن پر سشمیتا سین کا ردعمل

شائع 27 اگست 2018 05:58am

sushmita

بولی وڈ کی خوبرو حسینہ سشمیتا سین پر فلمایا گیا مشہور گانا 'دلبر دلبر' بے حد مقبول ہوا تھا۔ اس گانے کی مقبولیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اب اس کا ریمیک بھی بنایا گیا ہے جسے مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا گیا۔

تاہم اس گانے کے ریمیک پر اداکارہ سشمیتا سین کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے اس گانے کے ریمیک پر تعریفوں کے پل باندھ دئیے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'دلبر دلبر' گانے پر نورا فتیحی نے انتہائی خوبصورت انداز میں بیلی ڈانس کرکے ناقابل یقین رقص پیش کیا ہے اور گانے میں میرے سب سے پسندیدہ حصے یعنی ابتدا میں دو ترمیم شدہ لائن ہیں جوکہ بہت ہی قابل تعریف ہیں۔

سشمیتا کا کہنا تھا کہ گانے کی موسیقی کو بہت زبردست انداز میں پیش کیا گیا ہے اور اسے نورا فتیحی نے اپنے قاتل رقص کے ذریعے مزید پروان چڑھا دیا ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ مجھے آج بھی پرانا گانا ہی پسند ہے۔

سنہ 1999 میں بننے والی فلم 'صرف تم' کے مشہور زمانہ گانے 'دلبر دلبر' کو سشمیتا سین کے رقص اور موسیقی کی وجہ سے جانا جاتا ہے اور یہ گانا آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے۔

اس گانے کو ایک بار پھر جان ابراہم کی فلم 'ستیا میو جایاتے' میں منفرد انداز اور جاندار موسیقی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ نئے ورژن میں نیحا ککڑ نے نٹکھٹ گلوکاری کے ذریعے ایک نئی جان ڈال دی ہے جبکہ اس ریمیک ورژن پر مشہور کینیڈین اداکارہ نورا فتیحی نے بیلی ڈانس کیا ہے۔