ایف 16کی خریداری پربھارت کا حیران کن ردعمل

شائع 15 فروری 2016 06:12am

F-16_June_20080000000000000

اسلام آباد:پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کے پاس جنگی جہازوں اور اسلحے کے انبار ہیں اور وہ ہتھیاروں کا سب سے بڑا خریدار ہے، ایسے میں امریکا کی جانب سے پاکستان کو آٹھ ایف سولہ طیاروں کی فراہمی پر بھارت کا ردعمل حیران کن ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے مقابلے میں بھارت کے پاس کئی گنا بڑی فوج اور ہتھیاروں کے ذخائر ہیں۔

امریکا کہہ چکا ہے کہ پاکستان میں جاری آپریشن سے دہشت گردوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے اور ان طیاروں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسلام آباد کی صلاحیت بہتر ہوگی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان دہشت گردی کے خلاف قریبی تعاون ہے، اور پاکستان کو بھارتی بیان سے مایوسی اورحیرانی ہوئی۔

پاکستان کو ملنے والے ایف سولہ طیارے جدید ریڈار سمیت تمام آلات سے لیس ہوں گے، اور بھارت کیلئے یہ بات ہضم کرنا مشکل ہورہا ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے گزشتہ روز امریکی سفیر رچرڈ ورما کو وزارت خارجہ طلب کیا اور انہیں بھارت کی شدید ناراضی سے آگاہ کیا۔

بھارت جنگی جنون کا شکار ہے اور میزائلوں اور جوہری ہتھیاروں کی تیاری کیلئے ہر برس اربوں روپے خرچ کرتا ہے۔ لیکن اگر پاکستان اپنے دفاع کیلئے معمولی سی بھی خریداری کرلے تو دنیا بھر میں واویلا مچانا نئی دہلی کا وتیرہ بن چکا ہے۔