مولانا عبدالعزیزکے خلاف کیس درج ہے،وزیر داخلہ

شائع 16 فروری 2016 05:30pm

chad

اسلام آباد: وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کہتے ہیں مولانا عبدالعزیز کے خلاف قانون شکنی کا کوئی ثبوت ملا تو حکومت کارروائی کرے گی، کسی کے سیاسی نعروں یا شعبدہ بازی پر اسلام آباد میں خون خرابہ نہیں کراسکتا۔ تنقید کرنے والے بتائیں ان کے دور حکومت میں مولانا سنگین کیسز میں کیسے بری ہوگئے؟

لال مسجد کے سابق خطیب مولانا عبدالعزیز کے خلاف کارروائی کے لیے سول سوسائیٹی اور اپوزیشن جماعتیں حکومت پر زور دے رہی ہیں، جس کے رد عمل میں وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان بھی پیپلزپارٹی پر برس پڑے، کہتے ہیں ماضی میں ملی بھگت سے مولانا کو کیسز سے بری کروایا گیا۔

وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ مولانا عبدالعزیزکے خلاف کیس درج ہے، اگر انہوں نے قانون توڑا ہے تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ کسی کی نعرے بازی سے اسلام آباد سمیت کسی شہر میں خون خرابہ نہیں کراسکتا۔

چوہری نثار نے مولانا کی ہسٹری بیان کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ان کے خلاف اکتیس کیسز تھے جن میں بارہ تیرہ اتنی سنگین نوعیت کے تھے کہ انہیں پھانسی ہوسکتی تھی، لیکن کئی کیسز کمزور پراسیکیوشن کے باعث ختم ہوگئے۔وزیرداخلہ نے کہا کہ جس طرح پیپلزپارٹی کے رہنماوٴں کے حقوق ہیں اسی طرح مولانا کے بھی ہیں میں کیسے ان کے مدرسے پر چڑھائی کردوں، مجھے اللہ کو جواب دینا ہے۔