پاکستان ابھی تک سعودی اتحاد میں شامل نہیں ہوا ،سرتاج عزیز

شائع 17 فروری 2016 01:54pm

sartaj_image

اسلام آباد:مشیرخارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سعودی عرب کی قیادت میں چونتیس رکنی فوجی اتحاد کا خیر مقدم کیا ہے لیکن ابھی اس میں شامل نہیں ہوا، ان کا کہنا تھا کہ اب تک معلوم نہیں کہ پاکستان کا اس اتحاد میں کیا کردار ہے۔

مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ پاکستان ابھی سعودی عرب کی قیادت میں چونتیس رکنی فوجی اتحاد میں شامل نہیں ہوا،مزید تفصیلات اور ٹیکنیکل مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی خود مختاری اورسلامتی کو خطرے پر پاکستان سعودی عرب کیساتھ کھڑا ہو گا،اب تک معلوم نہیں پاکستان کا چونتیس ملکی اتحاد میں کیا کردار ہے۔

محمود اچکزئی نے کہا کہ شام عراق اور ایران اسلامی اتحاد میں کیوں شامل نہیں؟ کیا دہشتگردی کی تعریف میں کوئی فرق ہے۔سرتاج عزیز نے کہا کہ جب رکن ممالک کا اجلاس ہو گا توایران اور عراق کی شمولیت کا معاملہ زیربحث آئے گا،،ہمیں بتایا گیا کہ اسلامی اتحاد چھ نکات پر مشترکہ اقدامات کرے گا۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ اگر اتحاد کی تفصیلات معلوم نہیں تو فوج سعودی عرب مشقوں کیلئے کیوں بھیجی؟مشیر خارجہ نے بتایا کہ سعودی عرب کیساتھ دفاعی معاہدے کے تحت فوجی مشقیں ہورہی ہیں،ایک ہزار سے زائد پاکستانی فوجی سعودی عرب میں تربیت دینے کیلئے موجود ہیں،سعودی فوج کوپاکستان میں بھی تربیت دی گئی ہے۔