ہلیری کلنٹن کا جیتنا ملکی مفاد میں بہتر ہو گا،شیری رحمن

شائع 21 فروری 2016 07:04am

sherry

لاہور:پیپلز پارٹی کی رہنماء شیری رحمن کا کہنا ہے کہ امریکی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن پاکستان کے مسائل سے باخوبی آگاہ ہیں، ان کا جیتنا ملکی مفاد میں بہتر ہو گا۔ پاکستان میں امریکی امور پر پارلیمنٹ سمیت جی ایچ کیو کو بھی اعتماد میں لیا جاتا ہے۔

لاہور میں انٹرنیشنل ادبی فیسٹیول کے پہلے روز پاک امریکہ تعلقات پر منعقدہ بحث و مباحثے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پی پی پی کی رہنماء شیری رحمن کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ سے تعلقات کو ماضی کی بنیاد پر پرکھتا ہے،پاکستان کو دیکھنا ہوگا کہ نیٹو کے افغانستان سے انخلا کے بعد ملک پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ معاملات کی نوعیت کے مطابق پاک امریکہ تعلقات پر پارلیمنٹ ہی نہیں بلکہ جی ایچ کیو کو بھی مکمل اعتماد میں لیا جاتا ہے۔

امریکی صدارتی انتخابات کے حوالے سے شیری رحمن کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹ امیدوار ہیلری کلنٹن پاکستان کے حوالے سے مسائل کو دوسرے امیدوار کے مقابلے میں زیادہ بہتر طور پر سمجھتی ہیں ان کا جیتنا ملکی مفاد میں بہتر ہوگا۔