ڈاکٹر عاصم کیس ،سماعت پانچ مارچ تک ملتوی

شائع 22 فروری 2016 01:39pm

asim_image

کراچی :انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈاکٹر عاصم کیس کی سماعت پانچ مارچ تک ملتوی کردی۔ رینجرز وکلا نے کیس پراپرٹی سے بلز غائب ہونے پرتفتیشی افسراورمال خانے انچارج کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست کردی۔

ڈاکٹر عاصم کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر دو میں ہوئی ، رینجرز کے وکیل نے عدالت میں درخواست جمع کرائی کہ مقدمے کا تفتیشی افسر شفاف تحقیقات نہیں کر رہا ، کیس پراپرٹی کے سربمہر لفافے میں سے نو اہم بلز غائب ہیں جن کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے ، مال خانے کے انچارج اور تفتیشی افسر کے خلاف کیس درج کیا جائے۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہے ، ڈیٹا کیسے غائب کریں گے ؟ جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ رینجرز اپنی مرضی کی تفتیش چاہتی ہے۔ عدالت نے مقدمے میں مفرور ملزم سلیم شہزاد سے متعلق استفسار کیا تو تفتیشی افسر نے بتایا کہ ایر پورٹ سے ملزم کی بیرون ملک روانگی کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا ، عدالت نے مفرور ملزمان کی نادرا رپورٹ نا ملنے پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے مفرور ملزمان سلیم شہزاد ، انیس قائم خانی اور قادر پٹیل کے دوبارہ ناقابل مانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت پانچ مارچ تک ملتوی کر دی۔جبکہ ملزم عثمان معظم کی بی کلاس سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔