دوہزاراٹھارہ بجلی کی قلت کے خاتمے کا سال ہوگا،نواز شریف

شائع 23 فروری 2016 01:31pm

nawaz

اسلام آباد:وزیراعظم نوازشریف نے پارلیمنٹ ہاوٴس کی بجلی کو شمسی توانائی پرمنتقل کرنے کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔ وزیراعظم نے دوہزاراٹھارہ کو بجلی کی قلت کے خاتمے کا سال قراردے دیا۔

پارلیمنٹ ہاوٴس کی بجلی کو شمسی توانائی پرمنتقل کرنے کا منصوبہ چین کے تعاون سے مکمل ہوا۔ تقریب میں اسپیکرقومی اسمبلی،چیئرمین سینیٹ اورارکان پارلیمنٹ اور چین کے سفیرسن وی ڈونگ شریک ہوئے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے کہ پارلیمنٹ نے اپنی بجلی خود بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ منصوبے کی تکمیل پر اسپیکر ایازصادق مبارکباد کے مستحق ہیں۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کے مسئلے پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی خود نگرانی کررہاہوں۔

وزیراعظم نے مزید بتایا کہ دوہزاراٹھارہ بجلی کی قلت کے خاتمے کا سال ہوگا۔