کراچی ایکسپو سینٹر میں تین روزہ نمائش کا آغاز

شائع 23 فروری 2016 03:39pm

expo

کراچی:کراچی میں پانی کا بحران روز بروز سنگین ہوتا جا رہا ہے، اس سال شدید گرمی پڑنے کا خدشہ ہے، ایسے میں پانی سے متعلق مسائل حل کرنے کے لیے کراچی ایکسپو سینٹر میں تین روزہ بین الاقوامی نمائش کا آغاز کردیا گیا۔

کراچی ایکسپو سینٹر میں تین روزہ بین الاقوامی پاک واٹر ایکسپو دوہزار سولہ کا افتتاح کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مصباح الدین فرید نے کیا، میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ موسم گرما میں شہریوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچانے اور پانی کی مستقل فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

نمائش میں مختلف کمپنیوں نے پمپنگ اسٹیشن چلانے کے لیے سولر پلانٹ، ٹیسٹنگ پلانٹ اور فلٹریشن پلانٹ سمیت دیگر اشیاء متعارف کرائی ہیں۔

نمائش میں چین، تھائی لینڈ اور کوریا سمیت چوبیس ملکی اور غیرملکی کمپنیوں نے تیس سے زائد اسٹالز لگائے ہیں، بین الاقوامی نمائش پچیس فروری تک جاری رہے گی۔