کرپٹ نظام میں عوام کی حالت نہیں بدلے گی ،سراج الحق

شائع 26 فروری 2016 02:14pm

siraj

لاہور :امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپٹ انتخابی نظام کے تحت ہزار الیکشن ہوں عوام کی حالت نہیں بدلے گی،جس کابینہ کے ایک وزیر نے چار سو باسٹھ ارب روپے لوٹے ہوں،پوری کابینہ کا کیا حال ہوگا۔

منصورہ لاہور میں مرکزی تربیت گاہ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے امیرجماعت سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ کرپٹ حکمرانوں نے پاکستان کو مسائلستان بنا دیا ہے،تمام ادارے کرپشن کے ہاتھوں تباہی کے دہانے پر ہیں،نام نہاد جمہوریت اور مارشل لاء دور میں کرپٹ سیاستدانوں کے وارے نیارے ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عاصم کی معصومیت کا پرچار کرنیوالے بھی بے نقاب ہوچکے ہیں،کرپشن،غربت،جہالت،مہنگائی،بیروزگاری،بدامنی اور دہشت گردی کی ماں ہے۔امیر جماعت کا کہنا تھا کہ کرپشن کی کوکھ سے تمام برائیوں نے جنم لیا ہے،ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ سے بڑھ کر کوئی دہشت گردی نہیں ہوسکتی۔