پنجاب : فیڈر روٹس پر نئی بسیں چلانے کا فیصلہ

شائع 26 فروری 2016 02:16pm

shahbaz

لاہور :لاہور اور پاکستان میٹرو بس پراجیکٹس کے فیڈر روٹس پر نئی بسیں چلانے کا فیصلہ کرلیا گیا،وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کہتے ہیں کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد ملتان میٹرو بس پراجیکٹ کے فیڈر روٹس پر بھی نئی بسیں چلیں گی۔

وزیراعلٰی پنجاب کی زیرصدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے آٹھویں اجلاس میں فیڈر روٹس پر نئی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا،فیڈر روٹس پر چلنے والی بسوں کیلئے خودکار کرایہ سسٹم متعارف کرانے کی ہدایت کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹس نے ٹرانسپورٹ سسٹم میں انقلاب برپا کردیا ہے،لاہور اور پاکستان میٹرو بس پراجیکٹس کی کامیابی کے بعد ملتان میں میٹرو بس منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا شاندار منصوبہ شفافیت،معیار اور فن تعمیر کا اعلٰی شاہکار ہوگا،پنجاب حکومت نے منصوبوں میں قوم کے اربوں روپے بچانے کی اعلٰی مثالیں قائم کی ہیں۔