مصطفٰی کمال کے انکشافات پر حکومت کی خاموشی حیران کن ہے،شاہ محمود

اپ ڈیٹ 05 مارچ 2016 04:25pm

shah-meheh

ملتان:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مصطفٰی کمال کے انکشافات پر حکومت کی خاموشی حیران کن ہے،تحریک انصاف نے مصطفٰی کمال کے انکشافات پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کردیا ہے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مصطفٰی کمال نے جو بیان ریکارڈ کرایا ہے،وہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ حکومت کو ان انکشافات کا نوٹس لینا چاہیے تھا تاکہ مصطفٰی کمال کی جانب سے لگائے جانے والے ان الزامات کی تحقیقات ہوسکیں۔حکومت کا اگر دامن صاف ہے تو وہ نیب سے خوفزدہ کیوں ہوتے ہیں،نیب کو خودمختار کیا جائے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے تک معاشی ترقی ممکن نہیں ہے،مشرف دور میں ہونے والی کرپشن کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو اگر حقوق نسواں بل پر تحفظات ہیں تو وہ حکومت سے الگ کیوں نہیں ہوجاتے۔

ملتان میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ این اے ایک سو تریپن میں پاکستان تحریک انصاف بھرپور مقابلہ کرے گی،جبکہ ن لیگ دباوٴ کے زریعے ووٹرز کو قائل کر رہی ہے۔