سیکورٹی ٹیم کل بھارت جائے گی، چوہدری نثار

شائع 06 مارچ 2016 06:59am

chudary

اسلام آباد:ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے آغاز میں صرف تین روز باقی رہ گئے لیکن قومی ٹیم کی بھارت میں سکیورٹی اور ایونٹ میں شرکت اب بھی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔ حکومت نے مکمل اطمینان تک قومی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار کہتے ہیں سیکورٹی ٹیم کل بھارت جائے گی، رپورٹ مثبت ہوگی تو ٹیم شیڈول کے مطابق روانہ ہوگی بصورت دیگر روانگی تاخیر کا شکار بھی ہوسکتی ہے۔

بھارت میں انتہاپسندوں کی دھمکیوں کے بعد پاکستان کا دو ٹوک موٴقف سامنے آگیا۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کا کہنا ہے جو اطلاعات آرہی ہیں اس پر تشویش ہے، معاملے پر سیکورٹی ٹیم تشکیل دی ہے جو پیر کو بھارت جائے گی۔ قومی کرکٹ ٹیم کی سیکورٹی اولین ترجیح ہے، جب تک مطمئن نہیں ہوتے ٹیم کو گرین سگنل نہیں دیں گے۔

چوہدری نثارعلی خان نے کہا ٹیم کی ناقص کارکردگی پر ماضی میں بھی کئی تحقیقاتی ٹیمیں بنیں لیکن کارروائی نہ ہوسکی، اس بارکڑا احتساب ہوگا اور رپورٹ منظرعام پرلائیں گے۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا پی سی بی نے سیکورٹی کے معاملہ پر آئی سی سی سے بھی رابطہ کیا ہے، آئی سی سی کی سیکورٹی ٹیم بھی بھارت میں ہے، جو معاملات کا جائزہ لے رہی ہے۔