افغان طالبان نے چار ملکی تاپی گیس منصوبے کی حفاظت کی حامی بھر لی

شائع 06 مارچ 2016 11:43am

tapi

اسلام آباد:افغان طالبان نے چار ملکی تاپی گیس منصوبے کی حفاظت کی حامی بھر لی ہے تاہم حفاظتی فورس میں نیٹو کی شمولیت پر تحفظ کی ضمانت دینے سے صاف انکار کردیا۔

باوثوق سرکاری ذرائع نے آج نیوز کو بتایا کہ دسمبر میں دس ارب ڈالر کے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر رکن ممالک کی جانب سے عملدرآمد کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، گیس منصوبے پرترکمانستان میں دولت آباد میں عملدرآمد شروع ہو چکا ہے، اپریل میں پائپ لائن افغان صوبہ ہرات میں داخل ہو گی۔ گیس پائپ لائن کی سیکورٹی پر ترکمانستان نے پاکستان کو طالبان پر اپنا اثرو رسوخ استعمال کرنے کی استدعا کی تھی جس پر پاک افغان حکام نے طالبان قیادت سے رابطہ کیا، طالبان نے تاپی منصوبے کے مشروط تحفظ کی حامی بھر لی تاہم کسی بھی مرحلے پر امریکی و نیٹو کی شمولیت پر سلامتی کی ضمانت دینے سے انکار کیا ہے۔

اس سے قبل تاپی رکن ممالک نے امریکہ سے بھی سیکورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی تھی تاہم ترکمانستان کی جانب سے امریکی کمپنیوں کومالی حصص نہ دینے پر امریکہ اور نیٹو نے سیکورٹی فراہمی سے انکار کردیا تھا۔