Aaj News

بدھ, مئ 15, 2024  
07 Dhul-Qadah 1445  

انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس کی انکوٹرمز2020 متعارف

اپ ڈیٹ 29 اکتوبر 2019 04:32am
کاروبار

کراچی: انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس (آئی سی سی) نے نظر ثانی شدہ انکوٹرمز 2020 متعارف کروا دئے جو کہ یکم جنوری 2020 سے پوری دنیا میں لاگو ہو جائیں گے۔ آئی سی سی پاکستان نے اس سلسلے میں ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا۔

یہ ورکشاپ  بروز پیر 21اکتوبر 2019 کو کراچی میں منعقد ہوا جس میں آئی سی سی کے پیرس ہیڈکوارٹر سے آئی ہوئی مس ایمیلی او کونور (ایم ایس ایلمی او کارنر)نے ٹریننگ کروائی۔

ورکشاپ کا مقصد تاجر برادری اور بینکر حضرات کو(انٹرنیشنل کمرشل ٹرمز) انکوٹرمز میں لائی گئی نئی تبدیلیوں سے آگاہی دینا تھا۔انکوٹرمز قوانین دنیا بھر میں رضاکارانہ طور پر تجارت کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں جسے تاجر برادری اور بینک، شپنگ کمپنیاں وغیرہ استعمال کرتے ہیں۔ ورکشاپ میں  بینکوں، انشورنس کمپنیوں، فریٹ فارورڈرز، شپنگ کمپنیوں کے ملازمیں اور وکلاء حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین آئی سی سی پاکستان جناب طارق رنگون والا نے آئی سی سی اور آئی سی سی پاکستان کے بینکنگ کمیشن کا شکریہ ادا کیا اور ان کے اقدامات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بینک ملازمین، فریٹ فارورڈرز، امپورٹرز، ایکسپورٹرز، قانون دانوں اور شپنگ کمپنیوں کے ملازمین کے لئے انکوٹرمز کی بین الاقوامی ماہر سے سیکھنے کاایک بہترین موقع ہے۔

اسی موقع پر حبیب بینک لیمیٹڈ کے بین الاقوامی آپریشن کے سربراہ جناب ناصر سلیم نے کہا کہ حبیب بینک پاکستان کا سب سے بڑا بینک ہے اور ہمیشہ اس قسم کی معلوماتی ٹریننگز اور ورکشاپ کے کسی بھی اقدام میں پورے پاکستان میں اپنی خدمات دیتا آ رہا ہے۔

ورکشاپ میں آئی سی سی پاکستان کے ساتھ حبیب بینک لیمیٹڈ، یو ایس ایڈ، حبیب میٹرو بینک، بینک الحبیب اور سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک نے تعاون کیا۔