پنجاب میں کورونا وائرس سے ایک اور مریض جاں بحق، تعداد4 ہوگئی

اپ ڈیٹ 27 مارچ 2020 10:56am
فائل فوٹو

لاہور:پنجاب میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، لاہور کے میو اسپتال میں زیر علاج ایک اور مریض جان کی بازی ہار گیا،صوبے میں موذی مرض سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چار ہوگئی۔

میواسپتال لاہورکے ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے شکار شیخوپورہ کے رہائشی ستر سالہ محمد حنیف کو چند روز قبل میو اسپتال لایا گیا تھا جہاں آج وہ جان کی بازی ہار گیا۔

میو اسپتال کے سی ای او پروفیسر اسد اسلم کے مطابق مریض واش روم استعمال کرنے گیا تھا جہاں وہ مردہ حالت میں پایا گیا۔

پنجاب میں کورونا سے اموات کی تعداد 4ہوگئی ہے جن میں لاہور کے 3مریض شامل ہیں۔

 دوسری جانب ڈیرہ غازی خان میں 2ڈاکٹروں میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق ڈی جی خان کے قرنطینہ میں کام کرنے والے ڈاکٹر اسامہ اور آئسولیشن وارڈ کی ڈاکٹر صبا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن کی حالت خطرے سے باہر ہے،دونوں متاثرہ ڈاکٹروں کو اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

پنجاب میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 419ہوگئی ہے۔