'عوام کے کسی بھی حصے کو اس وباء کے رحم و کرم پر تہنا نہیں چھوڑیں گے'

اپ ڈیٹ 01 اپريل 2020 04:32pm
سربراہ پاکستان فوج جنرل قمر جاوید باجوہ -فائل فوٹو

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہمیں بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب ایک قوم بن کر کورونا کی وباء سے لڑنا ہے، عوام کے کسی بھی حصے کو اس وباء کے رحم و کرم پر تہنا نہیں چھوڑیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں کورونا کی وباء کے حوالے سے خصوصی بریفنگ میں شرکت کی۔

بریفنگ میں سول انتظامیہ کی مدد کےلئے فوجی دستوں کی تعیناتی اور وفاقی اور صوبائی حکام کے ساتھ معاونت کے پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ میں وفاقی وزراء اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی، فورم کو کورونا وائرس کی روک تھام کی کوششوں اور تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔جبکہ شرکاء کو کورونا وباء کی روک تھام کےلئے اقدامات کی تفصیلات بھی بتائی گئیں۔

پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے گئے ہیں۔ ہم معاشرے کے کسی طبقے کو اس وباء میں تنہاء نہیں چھوڑ سکتے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قومی مربوط کوشش سے ان خطرات پر قابو پا سکتے ہیں۔اگر طے کردہ اقدامات بروقت کرلئے گئے تو پورا معاشرہ اس وباء سے محفوظ رہے گا۔ہمیں بلاتفریق رنگ ونسل اور مذہب ایک قوم بن کر اس وباء سے لڑنا ہے، عوام کے کسی بھی حصے کو وباء کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔