'کروناسے متعلق معلومات چھپانا قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوگا'

شائع 03 اپريل 2020 04:29pm
فائل فوٹو

وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں وباء سے متعلق کوئی بھی معلومات چھپانا قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوگا۔14 اپریل کے بعد صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کے فیصلے کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ لوگوں کی تعداد صرف کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر جاری کرے گا۔ صوبوں کو تمام معلومات مسلسل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے شیئر کرنے کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق اعدادو شمار کسی صورت نہ چھپائے جائیں۔ وباء سے متعلق کوئی بھی معلومات چھپانا قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور تمام اداروں کی محنت سے صورتحال کنٹرول میں ہے۔الحمد اللہ پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال پریشان کن نہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 14 اپریل تک اسی طرح کی پابندیاں جاری رکھی جائیں گی۔ 14 اپریل کے بعد صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کے فیصلے کریں گے۔