توشہ خانہ کیس میں نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اپ ڈیٹ 11 جون 2020 01:26pm
فائل فوٹو

اسلام آباد :احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں مسلسل غیر حاضری پر  سابق وزیراعظم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے توشہ خانہ کیس کی سماعت کی ، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پیش ہوئے تاہم آصف زرداری اور نواز شریف طلبی کے باوجود پیش نہ ہو سکے۔

 نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے  نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کیخلاف بیرون ملک کے اخبارات میں اشتہار دیا جا سکتا ہے۔

مسلسل غیر حاضری پر  عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

عدالت نے دفتر خارجہ کو برطانیہ میں پاکستانی سفارتخانے کے ذریعے وارنٹس کی تعمیل کا بھی حکم دیا۔

سابق صدر  آصف زرداری کی جانب سے فاروق ایچ نائیک نے وکالت نامہ جمع کرواتے ہوئے کہاکہ آصف زرداری کراچی میں ہیں اور بیمار ہیں،  اگر وہ اسلام آباد آئے تو یہ کمرہ عدالت لوگوں سے بھر جائے گا ، کورنا کی موجودہ صورتحال میں سابق صدر کو ذاتی حیثیت میں طلب نہ کیا جائے۔

  جج احتساب عدالت اصغر علی نے کہا کہ ہم  آصف زرداری کے جس پتے پر سمن بھیجتے ہیں جواب آتا ہے وہ یہاں موجود نہیں ،جس پر  سردار مظفر نے مؤقف اپنایا کہ اب سمن نہیں وارنٹ بھیجیں ۔

عدالت نے آصف  زرداری کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں بلاول ہاؤس کراچی کے پتے پر 30جون کو دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کردیئے۔

اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نےحاضری سےمستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کوروناوائرس کی وجہ سےپیش ہونامشکل ہے،استثنیٰ دیاجائے،کئی ارکان پارلیمنٹ کورونا کا شکار ہوچکےہیں لہذا استثنیٰ دیا جائے۔

عدالت نے یوسف رضا گیلانی کی مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 30 جون تک ملتوی کر دی گئی۔