دھونی کی زندگی پربنی بائیو گرافیکل فلم کا پہلا ٹریلر جاری

شائع 16 مارچ 2016 08:15am

dhoni-movie-ha

نئی دہلی:بھارتی کرکٹر مہندرا سنگھ دھونی کا شمار دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، ان کی زندگی پر بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار نیرج پانڈے بائیوگرافیکل فلم بنا رہے ہیں جس کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی گراوٴنڈ میں آئیں تو تماشائیوں کا جوش و خروش عروج کو چھونے لگتا ہے ،دھونی نے اپنے کیرئیر میں شاندار کامیابیاں سمیٹیں،دوہزار سات کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی، دو ہزار گیارہ کا کرکٹ ورلڈ کپ، چیمپئنز ٹرافی ، ایشیا کپ یا ہو ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ، سب میں بطور کپتان وہ فاتح بن کر ابھرے۔

میچ کو تبدیل کر دینے والی صلاحیت کے حامل کرکٹر پر بننے والی فلم ایم ایس دھونی:دا اَن ٹولڈ اسٹوری میں دھونی کا مرکزی کردار سشانت سنگھ راجپوت نے نبھایا ہے جبکہ فلم میں دیگر کھلاڑیوں کے کردار کیلئے مختلف اداکاروں کا چناوٴ کیا گیا ہے۔

فلم میں پاکستانی سپر اسٹار فواد خان ویرات کوہلی،رائنا کا کردار رام چرن،ظہیر خان کا کردار گوتم گولاٹی،وریندر سہواگ کا کردار اکشے کھنہ اور ایشانت شرما کا کردار زاہد خان ادا کررہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں کیلئے بھی مختلف فنکاروں کو شامل کیا گیا ہے۔

حقیقی زندگی میں کئی اتار چڑھاوٴ سے گزر کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے کرکٹ کی کہانی 'ایم ایس دھونی دا اَن ٹولڈ اسٹوری' دو ستمبر کو بھارت میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔