خیبرپختونخوا،آزادکشمیر:بارش اورچھتیں گرنے سے 24 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 19 مارچ 2016 10:04am

rain-shore-sh-ho-gyai

پشاور:مظفرآباد:خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں بارش نے تباہی مچا دی،چھتیں گرنے اور لینڈسلائیڈنگ سمیت مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد چوبیس ہوگئی۔

ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔کرم ایجنسی کے علاقے اپر کرم گندل میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق ہونے والوں میں دو بچے ایک خاتون اور تین سگے بھائی شامل ہیں۔

لوئر دیر کے علاقے تیمر گرہ میں بھی مکان کی چھت گرنے سے پانچ افراد جان سے گئے جبکہ دو زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین شامل ہیں۔

ملاکنڈ میں ایف سی لائن کے قریب مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی۔ خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث اب تک جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد تیس سے زائد ہو گئی ہے۔

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں حادثات اور لینڈسلائیڈنگ سے بارہ افراد جاں بحق ہوئے،مظفر آباد کے قریب سرلی سچامیں لینڈ سلائیڈنگ سے چھ مکانات تباہ ہوگئے جبکہ خاتون سمیت دو بچوں کی ہلاکت ہوئی ،آئی ایس پی آر کے مطابق فوج کی امدادی ٹیمیں اس علاقے میں ملبے تلے دبے افراد کو نکال رہی ہیں جبکہ بند راستے کھولے جارہے ہیں۔

باغ میں چھت گرنے سے میاں بیوی اور حویلی میں بھی میاں بیوی جان سے گئے۔ آزاد کشمیر سمیت بالائی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند ہیں اور عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔