پاکستان کےجوہری ہتھیارملک کی سلامتی کیلئےہیں،ممنون حسین

شائع 23 مارچ 2016 08:10am

mamnoon-pak-day

اسلام آباد:صدر ممنون حسین کہتے کہ پاکستان کے جوہری ہتھیار ملک کی سلامتی کے لیے ہیں،ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہوئے اور نہ ہوں گے لیکن دفاع وطن کے لیے مسلح افواج کی ہرضرورت پوری کریں گے،شمالی وزیرستان بہت جلد دہشت گردوں سے پاک ہوجائے گا۔

اسلام آباد میں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب سے خطاب میں صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ جوہری ہتھیار ملک کی سلامتی کے لیے ہیں، دفاع وطن کے لیے مسلح افواج کی ہرضرورت پوری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے خواہش مند ہیں، لیکن اس خواہش کو کمزوری بھی نہ سمجھا جائے ،ارض پاک کے خلاف اٹھنے والی کوئی میلی آنکھ سلامت نہیں رہ سکے گی ۔

صدر نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے،مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں ، کشمیری بھائیوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، ممنون حسین کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے ،یہ علاقہ بہت جلد دہشت گردوں سے پاک ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت قوم کو درپیش مسائل کے حل کا ادراک رکھتی ہے عوام کو سماجی انصاف کی فراہمی کے لیے سنجیدگی سے کام کیا جارہا ہے۔