Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

ہزاروں فحش فلموں میں کام کرنے والا اداکار ریپ کے الزام میں گرفتار

ہزاروں ایڈلٹ فلموں میں کام کرنے والے مشہور اداکار رون جیرمی پر...
شائع 25 جون 2020 11:18am
-Reuters
-Reuters

ہزاروں ایڈلٹ فلموں میں کام کرنے والے مشہور اداکار رون جیرمی پر اب الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ تین خواتین کو ریپ کر چکے ہیں اور ایک چوتھی خاتون پر بھی جنسی حملہ کر چکے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاس اینجلیس کی ضلعی سرکاری وکیل جیکی لیسی کے مطابق رون جیرمی نے ان خواتین کو سنہ 2014 اور سنہ 2019 کے درمیانی عرصے میں نشانہ بنایا جب ان خواتین کی عمریں 25 سے 46 برس کے درمیان تھیں۔

لاس اینجلیس کی ڈسٹرکٹ اٹارنی کے بیان کے مطابق رون جیمرمی نے ایک پچیس سالہ خاتون کو مغربی ہالی وُڈ کے علاقے میں ایک گھر پر ریپ کیا تھا جبکہ دو دیگر خواتین پر اسی علاقے کے ایک شراب خانے میں سنہ 2017 میں جنسی حملے کیے تھے۔

اس کے علاوہ رون جیرمی پر الزام ہے کہ انہوں نے اسی بار میں سنہ 2019 میں ایک تیس سالہ خاتون کا ریپ کیا تھا۔

بیان کے مطابق رون جیرمی پر سنہ 2016 میں ایک اور خاتون کو ریپ کرنے کا الزام بھی تھا جو ناکافی ثبوت کی وجہ سے عدالت تک نہیں لے جایا گیا۔

اگر یہ الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو رون جیرمی کو 90 سال تک کی قید ہو سکتی ہے، تاہم وہ ان الزامات سے انکار کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ 67 سالہ رون جیرمی فحش فلموں کے مشہور ترین اداکاروں میں سے ہیں اور سنہ 1970 سے اب تک دو ہزار سے زیادہ ایسی فلموں میں کام کر چکے ہیں۔

عدالت میں ابتدائی پیشی کے بعد رون جیرمی کے وکیل سٹوئرٹ گولڈ فراب کا کہنا تھا کہ ان کے مؤکل پر لگائے گئے الزامات حیران کن ہیں کیونکہ جیرمی 'ریپسٹ نہیں ہیں۔'

ان کے بقول 'اتنے برسوں میں رون، اپنے کام کے حوالے سے، چار ہزار سے زیادہ خواتین کے محبوب رہ چکے ہیں۔ ان پر یہ الزام لگانا کہ وہ ایک ریپسٹ ہیں، یہ سمجھ سے باہر ہے۔ میرا مطلب یہ ہے کہ عورتیں خود کو رون پر نچھاور کرتی ہیں۔'

رون جیرمی جب منگل کو عدالت میں پیش ہوئے تو انہوں نے الزامات سے انکار کیا اور نہ ہی اقرار۔ اس موقع پر جج نے کارروائی جمعہ تک ملتوی کر دی اور ان کا زرِ ضمانت 66 لاکھ ڈالر مقرر کیا۔ اب اس بات کا فیصلہ جمعے کو کیا جائے گا کہ آیا رون جیرمی پر فرد جرم عائد کی جائے یا نہیں۔

اس دوران رون جیرمی کے مینیجر نے امریکی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب رون جیرمی کے لیے کام نہیں کریں گے۔ تازہ ترین الزامات سے پہلے، سنہ 2017 میں میگزین "رولنگ سٹون" نے کہا تھا کہ ایک درجن سے زیادہ خواتین رون جیرمی پر الزام لگا چکی ہیں کہ وہ ان کے ساتھ بھی نامناسب جنسی حرکات کا ارتکاب کر چکے ہیں۔

ان الزامات کے جواب میں رون جیرمی نے کہا تھا کہ 'انہوں نے نہ کبھی کسی کا ریپ کیا اور نہ کبھی کر سکتے ہیں۔'

یاد رہے کہ رون جیرمی کا نام "گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ" میں بھی آ چکا ہے جس کے مطابق 'وہ بالغوں کی فلموں میں سب سے زیادہ مرتبہ اداکاری کر چکے ہیں۔'

اس کے علاوہ ان پر سنہ 2001 میں ایک دستاویزی فلم بھی بن چکی ہے اور وہ ہالی وڈ کی فلموں میں مہمان اداکار کے علاوہ بہت سی کپمیوٹر گیمز میں بھی دیکھے جا چکے ہیں۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div