Aaj News

ہفتہ, مئ 18, 2024  
09 Dhul-Qadah 1445  

”عمران خان کو اب گھر جانا ہوگا،غیر آئینی اقدام نہیں کرنا چاہتے“

کراچی :مسلم لیگ (ن)کے رہنما ءشاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت...
اپ ڈیٹ 06 جولائ 2020 12:32pm

کراچی :مسلم لیگ (ن)کے رہنما ءشاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے ،عمران خان کو اب گھر جانا ہوگا،غیر آئینی اقدام نہیں کرنا چاہتے، الیکشن مسئلے کا حل نہیں ،نظام ٹھیک کرنا ہوگا۔

کراچی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا یہ ریفرنس کسی کرپشن کا نہیں ہے، آج ریفرنس کی نقول ملی ہے، ایم ڈی کی تعیناتی کا معاملہ ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا ایم ڈی کی قابلیت اور ایمانداری کی دنیا معترف ہے، جو تبدیلی ایم ڈی نے پی ایس او میں کی اس سے ملک کو فائدہ ہوا نیب کو ایسے ایم ڈی کی تعیناتی پر اعتراض کیا، یعقوب ستار پی ایس او کے قابل افسر آج ہمارے ساتھ ملزم ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا آج کی حکومت دوست یاروں کی حکومت ہے کسی تجربے کے بغیر اعلی عہدوں پر دوستوں کو تعینات کیا، ملک کیلئے کام کرنے والے عدالتوں میں ہیں اور ملک تباہ کرنے والے آزاد ہیں ،ملک میں پیٹرول بحران سے اربوں روپے کا فائدہ اٹھایا گیا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا حکومتی نااہلی سے ملک متاثر ہوا ہے حکومت ناکام ہوچکی ہے عمران خان کو گھر جانا چاہیئے،کسی غیر جمہوری عمل کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ حکومت کی مدت مکمل کرنے پر یقین رکھنے والے بھی کہتے ہیں کہ یہ حکومت ملک پر بھاری ہے،، مولانا فضل الرحمان نے دکھایا کہ عمران خان 5 ہزار کا دھرنا کرسکتا تھا تو مولانا بھی اپنی طاقت دکھا سکتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنماء کا کہنا تھا عمران خان کہہ چکے ہیں کہ کوئی آپشن نہیں ہے، اپوزیشن کا کام حکومت پر نظر رکھنا اور راستہ دکھانا ہے، ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دینگے، اس حکومت نے جس طرح میڈیا پر حملہ کیا اس کی مثال نہیں۔

شاہد خاقان عباسی کا مزیدکہنا تھا حکومت زبان بندی کی کوشش کر رہی ہے، ہماری جنگ ملکی مفاد کی ہے حصول اقتدار کی نہیں نئے الیکشن حل نہیں جب تک نظام کی تبدیلی پر عمل نہیں ہوتا ، صرف الیکشن سے کچھ نہیں ہوگا۔