Aaj News

ہفتہ, مئ 18, 2024  
09 Dhul-Qadah 1445  

سیکریٹری بلدیات کے منظور نظر افسرمشیر مالیات کے عہدے پر تعینات

پابندی کے باوجود سیکریٹری بلدیات کے منظور نظر افسر کو مشیر مالیات کے عہدے سے نواز دیا گیا ہے۔
شائع 12 اگست 2020 06:52pm

کراچی میونسپل کارپوریشن کی خراب کارکردگی کے باعث شہر کا برا حال ہے لیکن کے ایم سی افسران کی من مانیاں اب بھی جاری ہیں۔پابندی کے باوجود سیکریٹری بلدیات کے منظور نظر افسر کو مشیر مالیات کے عہدے سے نواز دیا گیا ہے۔

سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈنےبلدیہ اعظمی کراچی سمیت صوبہ بھر کے منتخب نمائندوں کی مدت 28 اگست کو ختم ہونے سے قبل ہی گزشتہ ماہ افسران کے تبادلوں اور تقریروں پر پابندی عائد کردی تھی۔

تاہم کے ایم سی کے ڈائریکٹر ہیومن ریسورس نے ڈائریکٹر انٹرل آڈٹ آفاق سعید کو مشیر مالیات کے عہدے سے بھی نواز دیا ہے۔آفاق سعید کو مشیر مالیت کے عہدے کا اضافی چارج دینے کےلئے اس عہدے پر تعینات گریڈ 19 کے افسر ریاض احمد کھتری کو عہدے سے ہٹادیا گیا۔

ذرائع کے مطابق آفاق سعید گریڈ 17 کے افسر ہیں مگر کیونکہ سیکریٹری بلدیات کے منظور نظر ہیں، سیکریٹری بلدیات نےہی آفاق سعید کو دو ماہ قبل ڈی ایم سی ایسٹ سے بلدیہ اعظمی کراچی منتقل کیا تھا اور ان ہی کی سفارش پر آفاق سعید کو مشیر مالیات مقرر کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ حکام سے رابطہ کرنے پر انہوں نے آفاق سعید کی ڈی ایم سی سے کے ایم سی میں منتقل اور پھر مشیر مالیات تعینات کئے جانے کو مکمل طور پر غیر قانونی قرار دیا ہے کیونکہ دونوں حکم ناموں میں نہ تو آفاق سعید کا گریڈ لکھا گیا ہے اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ وہ کس گروپ کے افسر ہیں۔

آفاق سعید سیکریٹری مائنز اینڈ منرلز دانش سعید کے بھائی ہیں۔